مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

گورننگ باڈی کے دو نئے رُکن

گورننگ باڈی کے دو نئے رُکن

بدھ،‏ 18 جنوری 2023ء کو jw.org پر ایک خاص اِعلان کِیا گیا جس میں یہ بتایا گیا کہ بھائی گیج فلیگل اور بھائی جیفری وِنڈر اب سے یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کا حصہ ہیں۔ دونوں ہی بھائی کافی لمبے عرصے سے وفاداری سے یہوواہ کی خدمت کر رہے ہیں۔‏

بھائی گیج فلیگل اور اُن کی بیوی نادیہ

بھائی گیج فلیگل امریکہ کی ریاست پینسلوانیا کے مغربی حصے میں پلے بڑھے اور اُن کے امی ابو یہوواہ کے گواہ تھے۔ اِس لیے اُنہوں نے بچپن سے ہی یہوواہ کے بارے میں سیکھا۔ جب وہ نوجوان تھے تو وہ اور اُن کے گھر والے ایک ایسے چھوٹے سے قصبے میں شفٹ ہو گئے جہاں زیادہ مبشروں کی ضرورت تھی۔ اِس کے کچھ ہی وقت بعد یعنی 20 نومبر 1988ء میں بھائی گیج فلیگل نے بپتسمہ لے لیا۔‏

بھائی گیج کے امی ابو چاہتے تھے کہ بھائی کُل‌وقتی طور پر یہوواہ کی خدمت کریں۔ اکثر اُن کے امی ابو اپنے گھر پر حلقے کے نگہبانوں اور بیت‌ایل میں کام کرنے والے بہن بھائیوں کو بلا‌تے تھے اور بھائی گیج یہ دیکھ سکتے تھے کہ یہ بہن بھائی کتنے خوش ہیں۔ اپنے بپتسمے کے کچھ ہی عرصے بعد یعنی 1 ستمبر 1989ء میں بھائی پہل‌کار بن گئے۔ اِس کے دو سال بعد اُنہوں نے اپنا بیت‌ایل جانے کا منصوبہ پورا کر لیا اور یہ منصوبہ اُنہوں نے 12 سال کی عمر میں بنایا تھا۔ بھائی گیج نے اکتوبر 1991ء میں بروکلن بیت‌ایل میں خدمت کرنی شروع کی۔‏

بھائی گیج فلیگل نے بیت‌ایل میں آٹھ سال تک کتابوں کی جِلدیں وغیرہ کرنے کا کام کِیا اور اِس کے بعد وہ خدمتی شعبے کے ساتھ کام کرنے لگے۔ اِس دوران اُنہوں نے روسی زبان والی کلیسیا کے ساتھ مل کر کچھ سالوں تک خدمت کی۔ 2006ء میں اُن کی شادی نادیہ سے ہو گئی اور وہ بھی اُن کے ساتھ مل کر بیت‌ایل میں خدمت کرنے لگیں۔ بھائی گیج اور اُن کی بیوی نادیہ نے کچھ وقت تک پُرتگالی زبان والے علاقے میں خدمت کی اور دس سال سے بھی زیادہ عرصے تک سپینش زبان والے علاقے میں خدمت کی۔ بھائی گیج نے کئی سالوں تک خدمتی شعبے کے ساتھ کام کرنے کے بعد تعلیمی کمیٹی کے دفتر اور بعد میں خدمتی کمیٹی کے دفتر میں کام کِیا۔ مارچ 2022ء میں بھائی گیج فلیگل کو گورننگ باڈی کی خدمتی کمیٹی کا مددگار بنا دیا گیا۔‏

بھائی جیفری وِنڈر اور اُن کی بیوی اینجلا

بھائی جیفری وِنڈر امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر مُریٹا میں پلے بڑھے۔ اُن کے امی ابو نے بچپن سے اُنہیں یہوواہ کے بارے میں سکھایا اور اُنہوں نے 29 مارچ 1986ء میں بپتسمہ لے لیا۔ اِس سے اگلے مہینے ہی اُنہوں نے مددگار پہل‌کار کے طور پر خدمت شروع کر دی۔ اُنہیں پہل‌کار کے طور پر یہوواہ کی خدمت کرنے میں اِتنا مزہ آ رہا تھا کہ وہ اِسے جاری رکھنا چاہتے تھے۔ بھائی نے کچھ مہینوں تک مددگار پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنے کے بعد 1 اکتوبر 1986ء میں پہل‌کار کے طور پر خدمت شروع کی۔‏

جب بھائی نوجوان تھے تو اُن کے دو بڑے بھائی بیت‌ایل میں خدمت کر رہے تھے اور بھائی جیفری اُن سے ملنے گئے۔ اُن سے ملنے کے بعد بھائی جیفری کے دل میں خواہش پیدا ہوئی کہ وہ بھی بڑے ہو کر بیت‌ایل جائیں گے اور پھر مئی 1990ء میں اُنہیں والکل بیت‌ایل میں خدمت کرنے کے لیے بُلایا گیا۔‏

بیت‌ایل میں بھائی جیفری وِنڈر نے فرق فرق شعبوں میں کام کِیا جیسے کہ صفائی کے شعبے میں، اُس شعبے میں جو فصلیں اُگانے اور ڈبل‌روٹی اور چیز وغیرہ بنانے کی نگرانی کرتا ہے اور پھر بیت‌ایل آفس میں۔ 1997ء میں اُن کی شادی اینجلا سے ہوئی اور تب سے وہ دونوں مل کر بیت‌ایل میں خدمت کر رہے ہیں۔ 2014ء میں بھائی کو واروِک بیت‌ایل بھیج دیا گیا جہاں بھائی نے ہمارے مرکزی دفتر کی تعمیر میں حصہ لیا۔ 2016ء میں بھائی اور اُن کی بیوی کو پیٹرسن بھیج دیا گیا جہاں بھائی نے آڈیو/‏ویڈیو کے شعبے میں کام کِیا۔ چار سال بعد بھائی اور اُن کی بیوی واپس واروِک بیت‌ایل آ گئے اور بھائی جیفری بیت‌ایل کے عملے کی کمیٹی کے ساتھ کام کرنے لگے۔ مارچ 2022ء میں بھائی جیفری وِنڈر کو گورننگ باڈی کی عملے کی کمیٹی کا مدد گار بنا دیا گیا۔‏

ہماری دُعا ہے کہ یہوواہ ’‏آدمیوں کے رُوپ میں اِن نعمتوں‘‏ کو برکت دیتا رہے تاکہ وہ بادشاہت کی حمایت کرنے والے کاموں کو لگن سے کرتے رہیں۔—‏اِفِس 4:‏8‏۔‏