مواد فوراً دِکھائیں

نوجوانوں کا سوال

کیا یہ کپڑے میرے لیے مناسب ہیں؟‏

کیا یہ کپڑے میرے لیے مناسب ہیں؟‏

 آپ کو اِس بات کا دھیان کیوں رکھنا چاہیے کہ آپ کس طرح کے کپڑے پہنتے ہیں؟ کیونکہ ہمارے کپڑوں سے ہمارے بارے میں بہت کچھ پتہ چلتا ہے۔آپ جس طرح کے کپڑے پہنتے ہیں، اُن سے آپ کے بارے میں کیا پتہ چلتا ہے؟‏

 فیشن کے حوالے سے تین بڑی غلطیاں کرنے سے بچیں

پہلی غلطی:‏ میڈیا کے اِشاروں پر چلنا۔‏

 ٹیرسا نامی ایک نوجوان لڑکی کہتی ہے:‏ ”‏کبھی کبھی مَیں ایک فیشن کی طرف اِس لیے کھنچی چلی جاتی ہوں کیونکہ مجھے اِس کے بارے میں بہت سے اِشتہار نظر آتے ہیں۔ہمارے ذہن میں اُن مشہور لوگوں کی تصویریں چھپ جاتی ہیں جو اُن اِشتہاروں میں ایسے کپڑوں کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ اِس لیے خود کو ایسے کپڑے پہننے سے روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔“‏

 اِن اِشتہاروں کا اثر صرف لڑکیوں پر ہی نہیں ہوتا۔نوجوان لڑکوں کی پرورش کرنے کے حوالے سے ایک کتاب میں لکھا ہے:‏ ”‏لڑکے بھی نئے نئے فیشن کی طرف کھنچے چلے جاتے ہیں۔کپڑے بنانے والی کمپنیاں ایسے اِشتہار بناتی ہیں جن سے چھوٹے لڑکے بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔“‏

 کیا کرنا بہتر ہوگا؟‏ پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏نادان ہر بات کا یقین کر لیتا ہے لیکن ہوشیار آدمی اپنی روِش کو دیکھتا بھالتا ہے۔“‏ (‏امثال 14:‏15‏)‏ اِس اصول کو ذہن میں رکھتے ہوئے اُن اِشتہاروں کا جائزہ لیں جو آپ دیکھتے ہیں۔مثال کے طور پر جب کپڑوں کے اِشتہاروں میں یہ دِکھایا جاتا ہے کہ فلاں کپڑے پہننے سے آپ سب سے الگ اور سیکسی دِکھیں گے تو خود سے پوچھیں:‏

  •  اگر مَیں فلاں فیشن کروں تو کسے فائدہ ہوگا؟‏

  •  اِس طرح کے کپڑے پہننے سے مجھے کس طرح کے لوگوں میں شامل کِیا جائے گا؟‏

  •  کیا ایسے کپڑے پہننے سے میری پہچان ویسے ہی شخص کے طور پر ہوگی جیسا مَیں اصل میں ہوں؟‏

 فیشن کے حوالے سے مشورہ:‏ ایک ہفتے تک کپڑوں کے اِشتہاروں اور میڈیا کی اُن باتوں پر غور کریں جن کے ذریعے فیشن پر زور دیا جاتا ہے۔اِن سے کس طرح کے چال چلن کو فروغ دیا جاتا ہے؟ کیا اِن اِشتہاروں کے ذریعے بڑی چالاکی سے آپ کو یہ احساس دِلایا جاتا ہے کہ آپ کو فلاں فیشن ضرور کرنا چاہیے؟ کیرن نامی نوجوان لڑکی کہتی ہے:‏ ”‏اِس بات کا بہت زیادہ دباؤ ہوتا ہے کہ آپ خوب‌صورت دِکھیں، سب سے اچھے کپڑے پہنیں اور دوسروں کو دِکھائیں کہ آپ کتنے خوب‌صورت جسم کے مالک ہیں۔ اِشتہار تیار کرنے والے بڑی آسانی سے نوجوانوں کو اپنا نشانہ بنا لیتے ہیں۔“‏

دوسری غلطی:‏ دوسروں جیسا دِکھنے کے لیے کوئی نیا فیشن اپنا لینا۔‏

 منوویل نامی نوجوان کہتا ہے:‏ ”‏جب کپڑوں کا کوئی نیا سٹائل آتا ہے تو ہر کوئی اُس سٹائل کے کپڑے پہنتا ہے۔ اگر آپ اُس سٹائل کے کپڑے نہیں پہنتے تو دوسرے آپ کو عجیب خیال کرتے ہیں۔“‏ اینا نامی نوجوان لڑکی بھی یہی کہتی ہے کہ ”‏جب کوئی نیا فیشن آتا ہے تو لوگ اِس لیے اُسے نہیں اپناتے کہ یہ اُنہیں بہت پسند ہے بلکہ اِس لیے کیونکہ وہ سب سے فرق نظر نہیں آنا چاہتے۔“‏

 کیا کرنا بہتر ہو گا؟‏ پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏اِس زمانے کے طورطریقوں کی نقل کرنا چھوڑ دیں۔“‏ (‏رومیوں 12:‏2‏)‏ اِس اصول کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے کپڑوں کا جائزہ لیں اور خود سے پوچھیں:‏

  •  کپڑے خریدتے وقت میرے ذہن میں سب سے اہم باتیں کیا ہوتی ہیں؟‏

  •  میرے نزدیک کسی برینڈ کے کپڑے پہننا کتنا اہم ہیں؟‏

  •  کیا مَیں اپنے کپڑوں کے ذریعے دوسروں کو متاثر کرنے کی کوشش کرتا ہوں؟‏

 فیشن کے حوالے سے مشورہ:‏ صرف اِن باتوں پر دھیان نہ دیں کہ آج کل فلاں فیشن چل رہا ہے اور ہر کوئی یہ سٹائل پہنتا ہے یا فلاں فیشن پُرانا ہو چُکا ہے اور کوئی بھی یہ سٹائل نہیں پہنتا۔ اِن کی بجائے ایک اَور بات پر غور کریں:‏ جس طرح کے کپڑے آپ پہنتے ہیں، اُن میں آپ کتنا پُراِعتماد اور آرام‌دہ محسوس کرتے ہیں؟ جو لباس آپ پہنتے ہیں، اگر آپ خود اُس میں آرام‌دہ محسوس کرتے ہیں تو آپ کو اِس بات کی زیادہ پرواہ نہیں ہوگی کہ آپ دوسروں سے فرق نظر آ رہے ہیں۔‏

تیسری غلطی:‏ یہ سوچنا کہ جتنا سیکسی ہو گا، اُتنا اچھا ہوگا۔‏

 جینیفر نامی ایک لڑکی نے کہا:‏ ”‏سچ کہوں تو کبھی کبھی میرا بہت دل چاہتا ہے کہ مَیں چھوٹے یا تنگ کپڑے پہنوں۔“‏

 کیا کرنا بہتر ہوگا؟‏ پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏آپ کی خوب‌صورتی صرف باہر سے نہ ہو ‏.‏.‏.‏ بلکہ آپ کی خوب‌صورتی اندر سے ہو یعنی دل میں چھپے اِنسان سے۔“‏ (‏1-‏پطرس 3:‏3، 4‏)‏ اِس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سوچیں کہ کون سی چیزیں آپ کو زیادہ دلکش بناتی ہیں، آنکھوں کو بھانے والے کپڑے یا دل کو چُھو لینے والی خوبیاں۔‏

 فیشن کے حوالے سے مشورہ:‏ آپ تب سب سے اچھے لگیں گے جب آپ حیادار کپڑے پہنیں گے۔ سچ ہے کہ آج کل حیاداری کو اِتنی اہمیت نہیں دی جاتی لیکن اِس سلسلے میں ذرا ایک مثال پر غور کریں۔‏

 کیا آپ کبھی کسی ایسے شخص سے ملے ہیں جو بہت بولتا ہے اور صرف اپنے بارے میں بات کرتا ہے لیکن اُسے اِس بات کا احساس ہی نہیں ہوتا کہ اِس وجہ سے دوسرے اُس سے دُور ہو رہے ہیں؟‏

جس طرح لوگ بہت بولنے والے شخص سے دُور بھاگتے ہیں اُسی طرح لوگ ایسے شخص سے بھی دُور بھاگتے ہیں جو اپنے کپڑوں کے ذریعے دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔‏

 اگر آپ حیادار کپڑے نہیں پہنتے تو آپ بھی اُس شخص کی طرح بن جاتے ہیں جو صرف اپنے بارے میں بات کرتا ہے۔ آپ کے کپڑوں سے یہ تاثر مل سکتا ہے کہ آپ دوسروں کی توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اِس وجہ سے دوسروں کو لگ سکتا ہے کہ آپ یا تو اپنے کپڑوں کے بارے میں بہت پریشان رہتے ہیں یا صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں۔ اِس سے یہ بھی لگ سکتا ہے کہ آپ چاہتے ہیں کہ دوسرے بس آپ کو ہی دیکھتے رہیں پھر چاہے اُن کی نیت خراب ہی کیوں نہ ہو۔‏

 اپنی نمائش کرنے کی بجائے حیاداری سے خود کو سنواریں۔ مونیکا نامی لڑکی کہتی ہے:‏ ”‏حیادار کپڑے پہننے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ اپنی دادی جیسے کپڑے پہنیں بلکہ اِس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنی اور دوسروں کی عزت کرتے ہیں۔“‏