مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب ۴

ابرہام کے ساتھ خدا کا عہد

ابرہام کے ساتھ خدا کا عہد

خلاصہ:‏ ابرہام خدا پر ایمان رکھتا تھا اور اُس کا فرمانبردار رہا۔‏ یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا کہ وہ ابرہام کو برکت دے گا اور اُس کی اولاد کو بڑھائے گا۔‏

نوح کے طوفان کے بعد تقریباً ۳۵۰ سال گزر گئے تھے۔‏ اُس وقت ابرہام (‏جسے ابراہیم بھی کہا جاتا ہے)‏ شہر اُور میں رہ رہا تھا۔‏ یہ خوشحال شہر اُس علاقے میں واقع تھا جو آج عراق کہلاتا ہے۔‏ ابرہام کا ایمان مثالی تھا۔‏ لیکن پھر ایک ایسا وقت آیا جب اُسے اپنے ایمان کا ثبوت پیش کرنا پڑا۔‏

یہوواہ خدا نے ابرہام کو اپنا وطن چھوڑ کر پردیس میں رہنے کو کہا۔‏ ابرہام نے فوراً اِس حکم پر عمل کِیا۔‏ وہ اپنی بیوی سارہ،‏ اپنے بھتیجے لُوط اور اپنے نوکرچاکروں کے ساتھ روانہ ہو گیا۔‏ لمبا سفر طے کرنے کے بعد وہ ملک کنعان میں پہنچ گئے جہاں وہ خیموں میں رہنے لگے۔‏ پھر یہوواہ خدا نے ابرہام کے ساتھ عہد باندھا۔‏ خدا نے اُس سے وعدہ کِیا کہ وہ اُسے ایک بہت بڑی قوم بنائے گا،‏ اُس کے ذریعے سب لوگ برکت پائیں گے اور اُس کی اولاد کو ملک کنعان ورثے میں ملے گا۔‏

ابرہام اور لُوط کے مویشیوں کی تعداد اِس حد تک بڑھ گئی کہ اُن کا اکٹھا رہنا ناممکن ہو گیا۔‏ ابرہام نے لُوط کو اِس بات کا انتخاب کرنے دیا کہ وہ کس علاقے میں رہنا چاہتا ہے۔‏ لُوط نے دریائےیردن کے سرسبز علاقے کا انتخاب کِیا۔‏ اُس نے شہر سدوم کے نزدیک ڈیرا ڈال لیا۔‏ لیکن سدوم کے لوگ یہوواہ خدا کی نظر میں نہایت بدکار اور گنہگار تھے۔‏

بعد میں یہوواہ خدا نے ابرہام سے وعدہ کِیا کہ اُس کی اولاد بڑھ جائے گی اور اُن کی تعداد آسمان کے تاروں کی مانند ہوگی۔‏ ابرہام نے اِس وعدے پر یقین کِیا حالانکہ اُس کی بیوی سارہ بانجھ تھی۔‏ پھر جب ابرہام ۹۹ سال کا تھا اور سارہ ۹۰ سال کی تھی تو خدا نے وعدہ کِیا کہ اُن کا بیٹا ہوگا۔‏ اور واقعی سارہ کا ایک بیٹا ہوا جس کا نام اضحاق رکھا گیا۔‏ بعد میں ابرہام کے اَور بھی بچے پیدا ہوئے۔‏ لیکن خدا نے وعدہ کِیا کہ جو شخص انسانوں کو نجات دلانے کے لئے بھیجا جائے گا وہ اضحاق کی نسل سے ہوگا۔‏

لُوط اور اُس کا گھرانہ شہر سدوم کے نزدیک رہ رہے تھے۔‏ لُوط نیک تھا اور اُس نے سدوم کے باشندوں کے بُرے چال‌چلن کو نہیں اپنایا۔‏ جب یہوواہ خدا نے سدوم پر اپنا غضب نازل کرنے کا فیصلہ کِیا تو اُس نے فرشتوں کے ذریعے لُوط کو آنے والی تباہی سے آگاہ کِیا۔‏ فرشتوں نے لُوط اور اُس کے بیوی‌بچوں کو سدوم سے نکل بھاگنے کو کہا اور تاکید کی کہ وہ پیچھے مڑ کر نہ دیکھیں۔‏ پھر خدا نے آسمان سے آگ اور گندھک برسا کر سدوم اور عمورہ کے شہروں کو راکھ کر دیا۔‏ لُوط اور اُس کی دو بیٹیاں اِس تباہی سے بچ نکلے۔‏ لیکن لُوط کی بیوی نے پیچھے مڑ کر دیکھا اور وہ ہلاک ہو گئی۔‏ ہو سکتا ہے کہ اُس کے دل میں اُن چیزوں کی حسرت تھی جن کو وہ چھوڑ کر آئی تھی۔‏ خدا کی نافرمانی کرنے کی وجہ سے وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔‏

​—‏اِن واقعات کا ذکر پیدایش ۱۱:‏۱۰–‏۱۹:‏۳۸ میں ہوا ہے۔‏