مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب ۱

فردوس میں انسان کا آغاز

فردوس میں انسان کا آغاز

خلاصہ:‏ خدا نے کائنات کو خلق کِیا اور زمین کو جانداروں کے لئے تیار کِیا۔‏ اُس نے پہلے انسانی جوڑے کو خلق کِیا،‏ اُنہیں ایک خوبصورت باغ میں بسایا اور اُنہیں حکم دئے۔‏

انسانوں کے لئے خدا کا پیغام اِن الفاظ سے شروع ہوتا ہے:‏ ”‏خدا نے اِبتدا میں زمین‌وآسمان کو پیدا کِیا۔‏“‏ (‏پیدایش ۱:‏۱‏)‏ اِس جملے سے بائبل کے مصنف یہوواہ خدا کا تعارف کروایا جاتا ہے۔‏ اِس آیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا کائنات اور ہماری زمین کا خالق ہے۔‏ اگلی آیات میں بتایا جاتا ہے کہ خدا نے چھ مرحلوں کے دوران زمین کو تیار کِیا اور جانداروں کو خلق کِیا۔‏ حالانکہ اِن مرحلوں کو ”‏دن“‏ کہا گیا ہے لیکن اصل میں وہ بڑے لمبے عرصے پر مشتمل تھے۔‏

خدا کی تمام زمینی مخلوقات میں سے انسان سب سے عظیم مخلوق ہے۔‏ انسان خدا کی صورت پر بنایا گیا ہے۔‏ اِس کا مطلب ہے کہ خدا نے انسان کو ایسی صفات کے ساتھ خلق کِیا جو اُس میں بھی پائی جاتی ہیں،‏ مثلاً محبت،‏ حکمت وغیرہ۔‏ خدا نے پہلے انسان کو زمین کی مٹی سے بنایا اور اُس کا نام آدم رکھا۔‏ پھر اُس نے آدم کو ایک فردوس یعنی باغ میں بسایا جس کا نام باغِ‌عدن تھا۔‏ اِس فردوس میں خدا نے طرح‌طرح کے پھلدار اور خوبصورت درخت لگائے۔‏

خدا نے دیکھا کہ آدم کو ایک ساتھی کی ضرورت تھی۔‏ اُس نے آدم کی پسلی لے کر اِس سے ایک عورت خلق کی اور اُسے آدم کے پاس لے آیا۔‏ یہ عورت آدم کی بیوی بن گئی اور اُس کا نام حوا رکھا گیا۔‏ حوا کو دیکھ کر آدم کا دل خوش ہو گیا۔‏ اُس نے کہا:‏ ”‏یہ تو اب میری ہڈیوں میں سے ہڈی اور میرے گوشت میں سے گوشت ہے۔‏“‏ اِس موقعے پر خدا نے کہا:‏ ”‏مرد اپنے ماں باپ کو چھوڑے گا اور اپنی بیوی سے ملا رہے گا اور وہ ایک تن ہوں گے۔‏“‏—‏پیدایش ۲:‏۲۲-‏۲۴؛‏ ۳:‏۲۰‏۔‏

خدا نے آدم اور حوا کو دو حکم دئے۔‏ پہلا حکم یہ تھا کہ وہ زمین کی رکھوالی کریں اور اولاد پیدا کریں۔‏ دوسرا حکم یہ تھا کہ وہ باغ کے ایک خاص درخت کا پھل نہ کھائیں۔‏ یہ درخت ’‏نیک‌وبد کی پہچان کا درخت‘‏ تھا۔‏ (‏پیدایش ۲:‏۱۷‏)‏ خدا نے اُنہیں بتایا کہ اگر وہ اِس حکم کی نافرمانی کریں گے تو وہ مر جائیں گے۔‏ اِن حکموں پر عمل کرنے سے آدم اور حوا یہ ثابت کر سکتے تھے کہ وہ یہوواہ خدا کو اپنے حاکم کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔‏ اپنی فرمانبرداری سے وہ یہ بھی ظاہر کر سکتے تھے کہ وہ خدا سے محبت رکھتے ہیں اور اُس کے شکرگزار ہیں۔‏ چونکہ خدا ایک شفیق حکمران ہے اِس لئے اُس کے حکموں پر عمل کرنا آدم اور حوا کے لئے مشکل نہیں تھا۔‏ اِس کے علاوہ آدم اور حوا بےعیب تھے اور پیدائشی طور پر گُناہ کی طرف مائل نہیں تھے۔‏ خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏خدا نے سب پر جو اُس نے بنایا تھا نظر کی اور دیکھا کہ بہت اچھا ہے۔‏“‏—‏پیدایش ۱:‏۳۱‏۔‏

​—‏اِن واقعات کا ذکر پیدایش کی کتاب کے پہلے اور دوسرے باب میں ہوا ہے۔‏