آپ نے پوچھا ...
کیا یہوواہ کے گواہوں میں عورتیں مذہبی تعلیم دیتی ہیں؟
جی ہاں۔ پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں میں لاکھوں عورتیں دوسروں کو خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سناتی ہیں۔ دراصل خدا کے کلام میں یہ پیشگوئی کی گئی تھی: ”[یہوواہ] حکم دیتا ہے۔ خوشخبری دینے والیاں فوج کی فوج ہیں۔“— زبور 68:11۔
لیکن یہوواہ کے گواہوں میں عورتیں جس طرح سے مذہبی تعلیم دیتی ہیں، وہ دوسرے مذہب کی عورتوں کے تعلیم دینے سے فرق ہے۔ آئیں، دیکھیں کہ کن لحاظ سے۔
دوسرے مسیحی فرقوں میں پادری کے فرائض انجام دینے والی عورتیں عام طور پر اپنے چرچوں میں پیشوائی کرتی ہیں اور اپنے چرچ کے لوگوں کو تعلیم دیتی ہیں۔ لیکن یہوواہ کے گواہوں میں عورتیں اپنی کلیسیا سے باہر لوگوں کو مُنادی کرتی ہیں۔ وہ گھر گھر مُنادی کے دوران اور دوسرے موقعوں پر لوگوں کو خدا کا پیغام سناتی ہیں۔
اِس کے علاوہ یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیاؤں میں صرف آدمیوں کو تعلیم دینے کے لیے مقرر کِیا جاتا ہے۔ لہٰذا یہوواہ کے گواہوں میں عورتیں بپتسمہیافتہ آدمیوں کی موجودگی میں اپنے مذہبی اِجلاسوں میں تعلیم نہیں دیتیں۔—1-تیمُتھیُس 3:2؛ یعقوب 3:1۔
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ صرف آدمیوں کو ہی خدا کی کلیسیا کے نگہبانوں کے طور پر مقرر کِیا جانا چاہیے۔ غور کریں کہ پولُس رسول نے طِطُس سے کیا کہا جو اُنہی کی طرح کلیسیا کے ایک نگہبان تھے۔ اُنہوں نے اُنہیں لکھا: ”مَیں نے آپ کو اِس لیے جزیرہ کرِیٹ میں چھوڑا تاکہ آپ ... ہر شہر میں بزرگ مقرر کریں۔“ پولُس نے ساتھ ہی ساتھ یہ ہدایت بھی دی کہ جس آدمی کو بزرگ کے طور پر مقرر کِیا جائے، وہ ’اِلزام سے پاک ہو اور ایک بیوی کا شوہر ہو۔‘ (طِطُس 1:5، 6) اِسی طرح کی ہدایتیں پولُس نے تیمُتھیُس کو دیتے ہوئے کہا: ”اگر ایک آدمی نگہبان بننے کی کوشش کرتا ہے تو وہ ایک اچھے کام کی خواہش رکھتا ہے۔ نگہبان کو اِلزام سے پاک، ایک بیوی کا شوہر ... اور تعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے۔“ —1-تیمُتھیُس 3:1، 2۔
کلیسیا میں نگہبانی کا کام صرف آدمیوں کو ہی کیوں سونپا جانا چاہیے؟ پولُس رسول نے کہا: ”مَیں کسی عورت کو یہ اِجازت نہیں دیتا کہ تعلیم دے یا کسی آدمی پر اِختیار رکھے بلکہ خاموش رہے۔ کیونکہ پہلے آدم کو بنایا گیا اور پھر حوا کو۔“ (1-تیمُتھیُس 2:12، 13) اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا یہ چاہتا ہے کہ کلیسیا میں صرف آدمی ہی پیشوائی کریں اور دوسروں کو تعلیم دیں۔
یہوواہ خدا کے بندے اپنے رہنما یسوع مسیح کی مثال پر عمل کرتے ہیں۔ یسوع کے شاگرد لُوقا نے یسوع کی تبلیغ کے بارے میں بات کرتے ہوئے لکھا: ”[اُنہوں]نے خدا کی بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی کرنے کے لیے شہر شہر اور گاؤں گاؤں کا سفر کِیا۔“ بعد میں یسوع نے اپنے شاگردوں کو بھی یہی کام کرنے کے لیے بھیجا۔ لُوقا نے اِن شاگردوں کے بارے میں بتایا کہ ”اُنہوں نے ... گاؤں گاؤں خوشخبری سنائی۔“—لُوقا 8:1؛ 9:2-6۔
آج یہوواہ کے گواہوں میں تمام مرد اور عورتیں اُس کام میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں جس کی پیشگوئی یسوع مسیح نے کی تھی۔ اُنہوں نے کہا: ”بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی تاکہ سب قوموں کو گواہی ملے۔ پھر خاتمہ آئے گا۔“—متی 24:14۔