4 مئی 2020ء
سیرا لیون
”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ اب کریو زبان میں دستیاب ہے
سیرا لیون میں اِسے قومی ریڈیو اور ٹیوی پر ریلیز کِیا گیا
ملک سیرا لیون میں 2000 سے زیادہ مبشر کریو زبان بولنے والی کلیسیاؤں میں خدمت کرتے ہیں۔ اِن مبشروں کی اُس وقت خوشی کی کوئی اِنتہا نہیں رہی جب 26 اپریل 2020ء میں کریو زبان میں ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ کو ریلیز کِیا گیا۔
حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے جو ہدایتیں دی ہیں، اُن پر عمل کرنے کی وجہ سے ہمارے بہن بھائی اِس خاص اِجلاس پر اِکٹھے جمع نہیں ہو سکے۔ اِس کے علاوہ بھائی اِس پروگرام کو لائیو بھی نہیں چلا سکے کیونکہ سیرالیون میں بہت سے مبشروں خاص طور پر چھوٹے شہروں میں رہنے والے مبشروں کے پاس کمپیوٹر اور ٹیبلٹ جیسی سہولتیں نہیں ہیں۔
لہٰذا لائبریا کی برانچ کی کمیٹی نے جو کہ سیرالیون میں ہمارے کام کی نگرانی کر رہی ہے، گورننگ باڈی کی تعلیمی کمیٹی سے اِجازت لی کہ وہ بائبل کی ریلیز کے پروگرام کو مختصر کر کے ریکارڈ کریں۔ پھر مبشروں سے کہا گیا کہ وہ خاص پروگرام کو فلاں وقت پر اپنے ریڈیو پر سُن سکتے یا ٹیوی پر دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن اُنہیں بائبل کی ریلیز کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
ریلیز سے کچھ دن پہلے نئی بائبلیں لفافوں میں اچھی طرح سے بند کر کے مبشروں کے گھروں میں بھیجی گئیں۔ ساتھ میں یہ ہدایت بھی لکھی گئی کہ لفافوں کو خاص اِجلاس ہونے تک نہ کھولا جائے۔
بہن میگن ڈیاز جو کہ سیرالیون میں رہ کر خدمت کر رہی ہیں، اُنہوں نے بائبل کی ریلیز کے بعد کہا: ”جس عورت کے ساتھ مَیں بائبل کورس کر رہی ہوں، اُس نے مجھے فون کر کے بتایا کہ اُس نے تقریر سنی اور وہ اِس بات پر بہت خوش ہے کہ یہوواہ نے اُس کی زبان میں بائبل کا ترجمہ دیا ہے! ہم اِس نئے ترجمے کو کل بائبل کورس کرتے وقت اِستعمال کریں گے۔“
ٹونکارا یہوواہ کے گواہوں سے بائبل کورس کر رہی ہیں اور وہ کریو زبان بولتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ”کریو زبان میں متی سے مکاشفہ کے ترجمے کی ریلیز اِس بات کا جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ یہوواہ اپنے پیغام کو سب لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہے تاکہ وہ اِسے اِتنی اچھی طرح سے سمجھیں کہ اِسے اپنے بچوں کو بھی سکھا سکیں۔ مَیں بتا نہیں سکتی کہ اِس نئے ترجمے کو پا کر مَیں کتنی خوش ہوں!“
کریو، کریول زبان سے نکلی ہے اور اِس کا تعلق انگریزی زبان سے ہے۔ سیرالیون میں زیادہتر لوگ یہ زبان بولتے ہیں۔ چار ترجمہنگاروں نے تقریباً ڈھائی سال میں متی سے مکاشفہ کا ترجمہ مکمل کِیا۔ یہ ترجمہ ویبسائٹ jw.org پر پیر، 27 اپریل کو ڈاؤنلوڈ کے لیے دستیاب کِیا گیا۔
ہم بھی سیرالیون کے بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر یہوواہ کا اِس بات کے لیے شکر ادا کرتے ہیں کہ اُس نے کریو زبان میں ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ دیا ہے۔ یہ ہمارے آسمانی باپ یہوواہ کی طرف سے ایک اَور ’اچھی نعمت اور کامل بخشش‘ ہے۔—یعقوب 1:17۔