3 جولائی 2020ء
عالمی خبریں
28 جون 2020ء کو چھ زبانوں میں ”ترجمہ نئی دُنیا“ کی ریلیز
حالانکہ دُنیا بھر میں کورونا نے حالات کو اپنی مٹھی میں کِیا ہوا ہے لیکن یہوواہ کے گواہ اَور زبانوں میں بھی بائبل کے ترجموں کو ریلیز کر رہے ہیں۔ 28 جون 2020ء کو اِن چار زبانوں میں ”کتابِمُقدس—ترجمہ نئی دُنیا“ ریلیز ہوئی: سواتی، سونگا، زولو اور چی ٹونگا۔ اِس کے علاوہ بیلیز کریول اور ٹوٹونک زبانوں میں بھی ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ کو ریلیز کِیا گیا۔ کورونا کی وجہ سے لگی پابندیوں کے باعث بائبل کے اِن ترجموں کو پہلے سے ریکارڈشُدہ تقریروں کے ذریعے ریلیز کِیا گیا۔ حالانکہ بہن بھائیوں نے پروگرام ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دیکھا اور اُنہیں بائبل الیکٹرانک شکل میں فراہم کی گئی لیکن پھر بھی اُن کی خوشی ماند نہیں پڑی۔
سواتی، سونگا اور زولو
گورننگ باڈی کے رُکن بھائی جیفری جیکسن نے سواتی زبان میں ”کتابِمُقدس—ترجمہ نئی دُنیا“ اور سونگا اور زولو زبانوں میں ”کتابِمُقدس—ترجمہ نئی دُنیا“ کا نظرثانیشُدہ ایڈیشن ریلیز کِیا۔ بائبل کے تینوں ہی ترجموں کو الیکٹرانک شکل میں فراہم کِیا گیا۔ (مضمون کے شروع کی تصویر کو دیکھیں۔) اِس خاص اِجلاس کو جنوبی افریقہ اور اسواتینی کے بہن بھائیوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دیکھا۔
جنوبی افریقہ کی برانچ کے علاقے میں تقریباً 1 کروڑ 85 لاکھ لوگ ایسے ہیں جو سواتی، سونگا اور زولو زبانیں بولتے ہیں۔ اِن میں سے 38 ہزار سے زیادہ یہوواہ کے گواہ ہیں۔
چی ٹونگا (ملاوی)
بھائی آگسٹن سیمو جو کہ ملاوی برانچ کی کمیٹی کے رُکن ہیں، اُنہوں نے ”کتابِمُقدس—ترجمہ نئی دُنیا“ کا چی ٹونگا (ملاوی) زبان میں ترجمہ ریلیز کِیا۔
ترجمہنگاروں کی ٹیم نے تقریباً دو سال میں چی ٹونگا زبان میں بائبل کا ترجمہ مکمل کر لیا۔ ایک ترجمہنگار نے کہا: ”چی ٹونگا زبان میں تین بولیاں ہیں۔ ایک علاقے کے لوگ جو الفاظ اِستعمال کرتے ہیں، اُسے دوسرے علاقے کے لوگوں کو سمجھنا مشکل لگتا ہے۔ ہم نے اِس بات کو دھیان میں رکھ کر ترجمے میں ایسے الفاظ اِستعمال کیے ہیں جو زیادہتر لوگوں کو سمجھ میں آ سکیں۔ اِس کے علاوہ ترجمے میں ایسی اِصطلاحوں کی وضاحت کرنے کے لیے فٹنوٹس بھی ڈالے گئے ہیں جن سے ہمارے قاری واقف نہیں ہیں۔“
ایک اَور ترجمہنگار نے کہا: ”چونکہ اِس ترجمے میں سادہ اور واضح زبان اِستعمال کی گئی ہے اور یہ پڑھنے اور سمجھنے میں آسان ہے اِس لیے بہن بھائیوں کو اِسے مُنادی کے دوران اور اِجلاس میں اِستعمال کرتے ہوئے کوئی دِقت نہیں ہوگی۔“
بیلیز کریول
بھائی جوشوعا کلِگور جو کہ وسطی امریکہ برانچ کی کمیٹی کے رُکن ہیں، اُنہوں نے بیلیز کریول زبان میں ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ کو ریلیز کِیا۔ اُن کی تقریر کو 1300 سے زیادہ بہن بھائیوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سنا۔
چھ ترجمہنگاروں کی ٹیم نے 16 مہینے میں یہ کام مکمل کِیا۔ اِس نئے ترجمے کے فائدوں پر بات کرتے ہوئے اِس ٹیم کے ایک رُکن نے کہا: ”آخرکار ہمارے بہن بھائیوں کو بائبل کا ایک ایسا ترجمہ مل گیا جو درست اور قابلِبھروسا ہے۔ یہ ایک چراغ کی طرح ثابت ہوگا جو اُن کی سمجھ کو روشن کرے گا۔“
ایک اَور ترجمہنگار نے کہا: ”اِس کٹھن دَور میں جب لوگ کورونا سے پریشان ہیں، ہمارے بہن بھائی اپنی زبان میں پاک کلام کو پڑھنے کے قابل ہوں گے۔ اِس سے اُن کے پریشان دلوں کو راحت ملے گی اور اُنہیں آنے والی مشکلوں سے نمٹنے کی طاقت ملے گی۔“
ملک بیلیز میں بیلیز کریول زبان کی 19 کلیسیائیں ہیں جن میں 867 مبشر ہیں۔ اِس کے علاوہ 58 مبشر امریکہ میں اِس زبان کے بولنے والے لوگوں کو مُنادی کرتے ہیں۔
ٹوٹونک
وسطی امریکہ برانچ کی کمیٹی کے رُکن بھائی جیسی پیرز نے ٹوٹونک زبان میں ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ کو ریلیز کِیا۔ ٹوٹونک زبان کی 50 کلیسیاؤں سے تقریباً 2200 بہن بھائیوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اِس اِجلاس کو دیکھا۔
ترجمہنگاروں کی ٹیم نے ترجمے کے کام کو تقریباً تین سال میں ختم کر لیا۔ بِلاشُبہ بائبل کا یہ ترجمہ اُن 2 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ لوگوں کو خوشخبری سنانے میں ایک بیش قیمت اوزار ثابت ہوگا جو میکسیکو میں ٹوٹونک زبان بولتے ہیں۔
ٹیم کے ایک ترجمہنگار نے بتایا کہ ٹوٹونک زبان میں بائبل کے جتنے ترجمے دستیاب ہیں، اُن میں سے ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ ایک ایسا ترجمہ ہے جس میں ایسی زبان اِستعمال کی گئی ہے ”جو لوگ روزمرہ زندگی میں بولتے ہیں۔ اب ہم اَور آسانی سے اپنے علاقے کے لوگوں کو بائبل کی مختلف تعلیمات سمجھا سکیں گے۔“
ایک اَور ترجمہنگار نے کہا: ”ہمارے بہن بھائی بڑے لمبے عرصے سے ”ترجمہ نئی دُنیا“ کا اِنتظار کر رہے تھے۔ پہلے کچھ مبشر اِجلاسوں پر اپنے حصے پیش کرنے کے لیے ہسپانوی بائبل سے آیتوں کا ترجمہ ٹوٹونک زبان میں خود کِیا کرتے تھے۔ لیکن اب جب وہ یونانی صحیفوں کا حوالہ دیں گے تو اُنہیں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔“
اِس نئے ترجمے کی ایک خاصیت یہ ہے کہ فٹنوٹس میں کچھ اِصطلاحوں کا متبادل ترجمہ کِیا گیا ہے۔ یہ ایسی اِصطلاحیں ہیں جنہیں ٹوٹونک زبان کی دوسری بولیاں بولنے والے لوگ سمجھ سکتے ہیں۔ لہٰذا اِس ترجمے کو سمجھنا ہر شخص کے لیے آسان ہوگا۔
ہم اپنے اُن بہن بھائیوں کی خوشی میں شریک ہیں جنہیں اُن کی اپنی زبان میں بائبل کا ایک درست ترجمہ ملا ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ جب ہمارے بہن بھائی روح کی اِس تلوار کو ذاتی مطالعہ اور مُنادی کا کام کرنے کے لیے اِستعمال کریں گے تو اُن کا ایمان اَور مضبوط ہوگا۔—عبرانیوں 4:12۔