18 اگست 2020ء
موزمبیق
چنگانا اور مکوا زبانوں میں ”متی سے مکاشفہ“ کی ریلیز
15 اور 16 اگست 2020ء کو ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ کو jw.org اور جے ڈبلیو ایپ پر چنگانا اور مکوا زبانوں میں ریلیز کیا گیا۔یہ زبانیں موزمبیق میں بولی جاتی ہیں۔ یہاں پر 8000 سے زیادہ مبشر چنگانا زبان اور 1700 سے زیادہ مبشر مکوا زبان بولتے ہیں۔
موزمبیق برانچ کی کمیٹی کے رُکن بھائی ڈیوڈ ایموریم نے ایک تقریر میں اِن ترجموں کو ریلیز کِیا۔ اُن کی تقریر کو پہلے سے ریکارڈ کر لیا گیا تھا اور پھر اِسے اِنٹرنیٹ کے ذریعے مبشروں کو دِکھایا گیا۔ اِس کے علاوہ گورننگ باڈی کی اِجازت سے بھائیوں نے اِس تقریر کو ایک ٹی وی سٹیشن اور تیس (30)سے زیادہ ریڈیو سٹیشنوں پر بھی چلایا۔
چنگانا زبان موزمبیق کے دو جنوبی صوبوں میں بولی جاتی ہے اور اِسے تقریباً 19 لاکھ لوگ بولتے ہیں۔ یہ ٹسونگا زبان سے ملتی جلتی ہے جسے پڑوسی ملک جنوبی افریقہ میں بولا جاتا ہے۔
مکوا زبان بولنے والے لوگ موزمبیق کے شمالی صوبوں میں رہتے ہیں۔ اِس زبان کو تقریباً 58 لاکھ لوگ بولتے ہیں اور یہ موزمبیق میں سب سے زیادہ بولی جانے والی مقامی زبان ہے۔
کافی سال تک اِن زبانوں کو بولنے والے مبشروں کے لیے بائبل کو حاصل کرنا مشکل تھا۔ بائبل بہت مہنگی تھیں اور بعض صورتوں میں تو بائبل بیچنے والے دُکان دار یہوواہ کے گواہوں کو بائبل بیچتے ہی نہیں تھے۔ ترجمہ کرنے والے ایک بھائی نے کہا: ”مَیں نے ایسی کلیسیائیں بھی دیکھی ہیں جہاں صرف ایک ہی بائبل تھی جسے عبادت گاہ میں رکھا جاتا تھا تاکہ تقریر کرنے والے بھائی اور وہ بہن بھائی اِسے اِستعمال کر سکیں جن کے اِجلاس میں حصے ہوتے تھے۔“
ہم بہت خوش ہیں کہ چنگانا اور مکوا زبانیں بولنے والے ہمارے بہن بھائیوں کو اُن کی زبان میں ”ترجمہ نئی دُنیا—متی سے مکاشفہ“ ملا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اِن بائبلوں کے ذریعے سے ہمارے بہن بھائی لوگوں کی مدد کر پائیں گے تاکہ وہ ”سچائی کے بارے میں صحیح علم حاصل کریں۔“—1-تیمُتھیُس 2:3، 4۔