مسیحیوں کے طور پر زندگی
اُن مسیحیوں کے لیے دُعا کرنا نہ بھولیں جو اذیت کا سامنا کر رہے ہیں
بائبل میں پیشگوئی کی گئی تھی کہ شیطان ہمیں مُنادی کے کام سے روکنے کے لیے اذیت دے گا۔ (یوح 15:20؛ مکا 12:17) ہم اپنے اُن بہن بھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں جو مختلف ملکوں میں اذیت اُٹھا رہے ہیں؟ ہم اُن کے لیے دُعا کر سکتے ہیں۔ بائبل میں لکھا ہے کہ ”نیک شخص کی اِلتجا کا اثر بہت زبردست ہوتا ہے۔“—یعقو 5:16۔
ہم کس بارے میں دُعا کر سکتے ہیں؟ ہم یہوواہ خدا سے درخواست کر سکتے ہیں کہ وہ ہمارے بہن بھائیوں کو حوصلہ دے اور اُن کی مدد کرے تاکہ وہ خوفزدہ نہ ہوں۔ (یسع 41:10-13) ہم اِختیار والوں کے لیے بھی دُعا کر سکتے ہیں کہ وہ مُنادی کے کام کے سلسلے میں کوئی رُکاوٹ کھڑی نہ کریں تاکہ ”ہم سکون اور اِطمینان سے زندگی گزار سکیں۔“—1-تیم 2:1، 2۔
جب پولُس رسول اور پطرس رسول کو اذیت دی گئی تو پہلی صدی کے مسیحیوں نے اُن کا نام لے کر اُن کے لیے دُعا کی۔ (اعما 12:5؛ روم 15:30، 31) اگر ہم اُن بہن بھائیوں کے نام نہیں جانتے جو اذیت کا سامنا کر رہے ہیں تو ہم اُن کی کلیسیا، اُن کے ملک یا اُن کے علاقے کا نام لے کر اُن کے لیے دُعا کر سکتے ہیں۔