مسیحیوں کے طور پر زندگی
خدا کے کلام پر اپنے بھروسے کو مضبوط کریں
بائبل ہماری زندگی بدل سکتی ہے۔ (عبر 4:12) لیکن اگر ہم اِس میں پائی جانے والی رہنمائی، ہدایتوں اور مشوروں سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اِس بات پر یقین رکھنا ہوگا کہ یہ واقعی ”خدا کا کلام“ ہے۔ (1-تھس 2:13) ہم خدا کے کلام پر اپنے بھروسے کو مضبوط کیسے کر سکتے ہیں؟
ہر دن بائبل کا کچھ حصہ پڑھیں۔ جب آپ اِسے پڑھتے ہیں تو اِس بات کے ثبوت دیکھنے کی کوشش کریں کہ اِسے واقعی یہوواہ نے لکھوایا ہے۔ مثال کے طور پر امثال کی کتاب میں لکھی ہدایتوں پر غور کریں اور دیکھیں کہ اِن ہدایتوں میں پائی جانے والی دانشمندی آج ہمارے زمانے میں بھی فائدہمند ہے۔—امثا 13:20؛ 14:30۔
مطالعے کے لیے مواد کو چُنیں۔ اُن باتوں سے اچھی طرح واقف ہو جائیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ بائبل یہوواہ کی طرف سے ہے۔ کتاب ”یہوواہ کے گواہوں کے لئے مطالعے کے حوالے“ میں حصہ ”بائبل“ اور پھر اِس کے تحت ”خدا کے اِلہام سے“ کو دیکھیں۔ اِس بات پر اپنے ایمان کو مضبوط کرنے کے لیے کہ بائبل کا پیغام نہیں بدلا، کتابچہ ”کتابِمُقدس کی تحقیق کے لیے گائیڈ“ کے حصہ نمبر 1 اور 2 میں دی گئی معلومات پر بھی غور کریں۔
ویڈیو ”ہم کیوں ایمان رکھتے ہیں . . . خدا کے کلام پر“ کو دیکھیں اور پھر اِن سوالوں کے جواب دیں:
-
مصر کے مندر کارنک کی دیوار پر ملنے والے نقشونگار سے یہ کیسے ثابت ہوتا ہے کہ خدا کا کلام سچا ہے؟
-
ہم یہ کیسے جانتے ہیں کہ بائبل کا پیغام نہیں بدلا؟
-
جس طرح سے بائبل محفوظ رہی، اُس سے یہ کیسے ثابت ہوتا ہے کہ یہ خدا کا کلام ہے؟—یسعیاہ 40:8 کو پڑھیں۔