مسیحیوں کے طور پر زندگی
یادگاری تقریب والے مہینوں کے لیے منصوبے بنائیں
ہر سال یہوواہ کے گواہ اپنے ہمایمانوں کے ساتھ مل کر یادگاری تقریب منانے کا شدت سے اِنتظار کرتے ہیں۔ یادگاری تقریب سے پہلے اور بعد والے ہفتوں میں ہمیں یہوواہ کی بڑائی کرنے اور فدیے کے بیشقیمت تحفے کے لیے اُس کا شکریہ ادا کرنے کے خاص موقعے ملتے ہیں۔ (اِفس 1:3، 7) مثال کے طور پر ہم دلوجان سے دوسروں کو اِس اہم تقریب پر حاضر ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔ کچھ بہن بھائی مارچ یا اپریل کے مہینے میں 30 یا پھر 50 گھنٹے مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کے لیے اپنے معمول میں ردوبدل کرتے ہیں۔ کیا آپ بھی اِن مہینوں میں بڑھ چڑھ کر مُنادی کرنا چاہتے ہیں؟ کیا چیز ایسا کرنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے؟
اکثر ہم اُس وقت بہت کچھ کر پاتے ہیں جب ہم پہلے سے منصوبہ بناتے ہیں۔ (امثا 21:5) یادگاری تقریب بہت تیزی سے قریب آ رہی ہے۔ اِس لیے اچھا ہوگا کہ ہم ابھی سے اِس کے لیے منصوبے بنانا شروع کر دیں۔ اِس بات پر سوچ بچار کریں کہ آپ یادگاری تقریب کے مہینوں میں اَور زیادہ مُنادی کیسے کر سکتے ہیں۔ اِس بات پر بھی غور کریں کہ آپ اپنے منصوبوں کو کیسے پورا کریں گے۔ پھر یہوواہ سے دُعا کریں کہ وہ آپ کی کوششوں پر برکت دے۔—1-یوح 5:14، 15۔
کیا آپ کچھ ایسے طریقوں کے بارے میں سوچ سکتے ہیں تاکہ آپ یادگاری تقریب والے مہینوں میں اَور بڑھ چڑھ کر مُنادی کر سکیں؟