مسیحیوں کے طور پر زندگی
ستمبر میں لوگوں کو بائبل کورس شروع کرانے کی خاص مہم
ستمبر میں ہم لوگوں کو قاعدہ ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“ سے بائبل کورس شروع کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔ اگر کوئی مبشر چاہے تو وہ اِس مہینے مددگار پہلکار کے طور پر 30 گھنٹے مُنادی کر سکتا ہے۔ ہم اِس مہم میں کس طرح حصہ لیں گے؟
-
پہلی ملاقات کرتے وقت: قاعدہ ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“ کے آخری صفحے کے ذریعے لوگوں کے دل میں دلچسپی پیدا کریں اور اُنہیں یہ دِکھانے کی کوشش کریں کہ ہم بائبل کورس کیسے کراتے ہیں۔ اُن لوگوں کو بھی بائبل کورس شروع کرانے کی کوشش کریں جنہوں نے پہلے کبھی ہمارے پیغام میں دلچسپی لی تھی یا جنہیں آپ بائبل کا پیغام سنانے کے لیے دوبارہ ملنے جاتے ہیں۔ جن لوگوں نے پہلے بائبل کورس کرنے سے منع کر دیا تھا، ہو سکتا ہے کہ وہ بائبل کورس کرانے کے ہمارے نئے طریقے اور قاعدے کی وجہ سے اب یہ کورس کرنا چاہیں۔ اگر کسی گھر پر کوئی شخص نہیں ملتا تو وہاں پر قاعدہ نہ چھوڑیں اور نہ ہی اِسے خط کے ساتھ اُن لوگوں کو بھیجیں جنہوں نے پہلے ہمارے پیغام میں دلچسپی نہیں لی تھی۔ کلیسیا کی خدمتی کمیٹی اِس مہینے کے دوران مُنادی کے لیے زیادہ اِجلاس رکھ سکتی ہے۔
-
دوسرے موقعوں پر گواہی دیتے وقت: اگر آپ کی کلیسیا ٹرالی لگا کر گواہی دیتی ہے تو ٹرالی پر قاعدہ ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“ کو رکھیں۔ جو لوگ اِس قاعدے کو لینا چاہتے ہیں، اُنہیں بتائیں کہ ہم اِس قاعدے سے مُفت بائبل کورس کراتے ہیں۔ اُسی موقعے پر باتچیت کرتے وقت یا پھر اُن کے ساتھ دوبارہ ملاقات کا بندوبست بنا کر اُنہیں دِکھائیں کہ ہم بائبل کورس کیسے کراتے ہیں۔ جن مبشروں کو خدمتی کمیٹی نے عوامی جگہوں پر گواہی دینے کے لیے چُنا ہے اور اُنہیں تربیت دی ہے، خدمتی نگہبان اُن مبشروں سے کہہ سکتا ہے کہ وہ کلیسیا کے کاروباری علاقوں میں جائیں اور وہاں پر لوگوں کو بائبل کورس کرنے کی پیشکش کریں۔ آپ اپنے ساتھ کام کرنے والوں یا اُن لوگوں کو بھی بائبل کورس کرنے کی پیشکش کر سکتے ہیں جنہیں آپ روزمرہ کے کام کرتے وقت گواہی دیتے ہیں۔
یسوع مسیح نے ہمیں حکم دیا تھا کہ ہم لوگوں کو ’شاگرد بنائیں‘ اور ’اُن کو تعلیم دیں۔‘ (متی 28:19، 20، اُردو ریوائزڈ ورشن) دُعا ہے کہ اِس مہم کے دوران ہم ”اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!“ کے ذریعے لوگوں کو شاگرد بنانے اور اُنہیں تعلیم دینے کے مقصد کو پورا کر سکیں۔