مسیحیوں کے طور پر زندگی
آفت کے بعد مدد کیسے کریں؟
آجکل قدرتی آفتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ اِن آفتوں کے آنے پر یہ ضروری ہوتا ہے کہ اِمدادی کارروائیوں کو منظم طریقے سے کِیا جائے۔ اِسی لیے گورننگ باڈی نے ہر برانچ میں اِمدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والا شعبہ بنایا ہے۔
جب کسی علاقے میں قدرتی آفت آتی ہے تو اِس شعبے میں کام کرنے والے بھائی مقامی بزرگوں سے رابطہ کرتے ہیں تاکہ جان سکیں کہ وہاں پر بہن بھائیوں کو کس چیز کی ضرورت ہے۔ اگر نقصان اِتنا زیادہ ہو جائے کہ مقامی مبشروں کے لیے صورتحال کو سنبھالنا مشکل ہو تو برانچ اِمدادی کاموں میں پیشوائی کے لیے کچھ بھائیوں کو مقرر کرتی ہے۔ یہ بھائی بہن بھائیوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ رضاکاروں کے طور پر اِمدادی کاموں میں حصہ لیں یا پھر آفت سے متاثر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے فلاں فلاں چیزیں دیں۔ یا پھر یہ بھائی ضرورت کی چیزیں خرید کر اِنہیں بہن بھائیوں تک پہنچاتے ہیں۔
اِس طرح سے اِمدادی کام کرنے کے بہت سے فائدے ہوتے ہیں۔ سب کو پتہ ہوتا ہے کہ کون کیا کر رہا ہے جس کی وجہ سے محنت، پیسہ اور چیزیں بچتی ہیں۔ لیکن اگر ہر بہن بھائی اپنے طریقے سے اِمدادی کاموں میں حصہ لینا شروع کر دے تو ایسا کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
برانچ جن بھائیوں کو اِمدادی کاموں کی نگرانی کے لیے مقرر کرتی ہے، وہ بہتر طور پر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کتنے رضاکاروں اور کتنے عطیات کی ضرورت ہے۔ یہ بھائی حکومتی اہلکاروں سے بات کر سکتے ہیں تاکہ ہماری طرف سے اِمدادی کارروائیوں کو تیزی سے کِیا جا سکے۔ اِس لیے جب تک آپ سے نہ کہا جائے تب تک مہربانی سے آفت سے متاثر ہونے والے بہن بھائیوں کے لیے نہ تو اپنے طور پر عطیات اِکٹھے کریں، نہ اُنہیں اِمداد بھیجیں اور نہ ہی آفت سے متاثر ہونے والے علاقے میں مدد کرنے کے لیے جائیں۔
لیکن جب کوئی آفت آتی ہے تو ہمیں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنے سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ (عبر 13:16) ہم اُن سے بہت پیار کرتے ہیں۔ تو پھر ہم اُن کی مدد کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟ ہم جو سب سے ضروری کام کر سکتے ہیں، وہ یہ ہے کہ ہم آفت سے متاثر ہونے والے بہن بھائیوں اور اُن کی مدد کرنے والوں کے لیے دُعا کریں۔ ہم اُن کی مدد کرنے کے لیے عالمگیر کام کے لیے عطیات بھی دے سکتے ہیں۔ گورننگ باڈی کی ہدایات کے مطابق برانچ کی کمیٹی بہتر طور پر دیکھ سکتی ہے کہ کہاں پر عطیات کی ضرورت ہے۔ لیکن اگر آپ اِمدادی کاموں میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو آپ ”لوکل ڈیزائن/کنسٹرکشن میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے کیلئے درخواست“ (DC-50) فارم پُر کر سکتے ہیں۔
ویڈیو ”برازیل میں تباہکُن سیلاب“ دیکھیں اور اِس سوال کا جواب دیں:
سن 2020ء میں برازیل میں سیلاب آنے کے بعد یہوواہ کے گواہوں نے جس طرح سے اِمدادی کام کیے، اُن میں سے کس بات نے آپ کے دل کو چُھوا ہے؟