اَمثال 29:1-27
29 جو شخص بار بار اِصلاح ملنے پر بھی ڈھیٹھ بنا رہتا ہے،*وہ اچانک ایسے برباد ہو جائے گا کہ بحال نہیں ہو پائے گا۔
2 جب نیک لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تو لوگ خوشی مناتے ہیںلیکن جب بُرا شخص حکمرانی کرتا ہے تو لوگ آہیں بھرتے ہیں۔
3 جو شخص دانشمندی سے پیار کرتا ہے، وہ اپنے باپ کو خوش کرتا ہےلیکن فاحشاؤں سے دوستی رکھنے والا اپنی دولت اُڑا دیتا ہے۔
4 اِنصاف سے کام لینے والا بادشاہ اپنے ملک کو مضبوط کرتا ہےلیکن رشوت لینے والا شخص اِسے برباد کر دیتا ہے۔
5 جو شخص اپنے پڑوسی کی خوشامد کرتا ہے،وہ اُس کے پاؤں کے لیے جال بچھاتا ہے۔
6 بُرا شخص اپنے گُناہ کے جال میں پھنس جاتا ہےلیکن نیک شخص خوشی سے للکارتا اور باغ باغ ہوتا ہے۔
7 نیک شخص کو غریبوں کے قانونی حقوق کی فکر ہوتی ہےلیکن بُرے شخص کو ایسی کوئی فکر نہیں ہوتی۔
8 شیخیباز لوگ شہر میں آگ لگا دیتے ہیںلیکن دانشمند لوگ غصے کو ٹھنڈا کر دیتے ہیں۔
9 جب ایک دانشمند شخص کسی بےوقوف کے ساتھ جھگڑے میں پڑ جاتا ہےتو گرماگرمی ہوتی ہے، مذاق اُڑایا جاتا ہے اور سکون برباد ہو جاتا ہے۔
10 خون کے پیاسے لوگ ہر بےقصور* شخص سے نفرت کرتے ہیںاور سیدھی راہ پر چلنے والوں کی جان لینے کے درپے رہتے ہیں۔*
11 احمق شخص اپنی ساری بھڑاس* نکال دیتا ہےلیکن دانشمند شخص خود پر قابو رکھتا ہے اور پُرسکون رہتا ہے۔
12 جب کوئی حاکم جھوٹی باتوں پر دھیان دیتا ہےتو اُس کے سب خادم بُرے بن جاتے ہیں۔
13 غریب اور ظالم میں ایک بات ملتی جلتی ہے*
اور وہ یہ کہ یہوواہ دونوں کی آنکھوں کو روشنی دیتا ہے۔*
14 جب بادشاہ ایمانداری سے غریبوں کا اِنصاف کرتا ہےتو اُس کا تخت ہمیشہ قائم رہتا ہے۔
15 چھڑی* اور اِصلاح کے ذریعے دانشمندی ملتی ہےلیکن جس بچے کی تربیت نہیں کی جاتی، وہ اپنی ماں کو شرمندہ کراتا ہے۔
16 جب بُرے لوگوں کی تعداد بڑھتی ہے تو گُناہ بڑھتا ہےلیکن نیک لوگ اُن کی تباہی دیکھیں گے۔
17 اپنے بیٹے کی تربیت کرو تو وہ آپ کو سکون پہنچائے گااور آپ کے دل* کو بےحد خوشی دے گا۔
18 جہاں رُویا* نہیں ہوتی وہاں لوگ اپنی منمانی کرتے ہیںلیکن جو لوگ قوانین کی پابندی کرتے ہیں، وہ خوش رہتے ہیں۔
19 ایک خادم صرف باتوں سے نہیں سدھرتاکیونکہ وہ سمجھتا تو ہے لیکن عمل نہیں کرتا۔
20 کیا آپ نے کسی ایسے شخص کو دیکھا ہے جو بولنے میں جلدبازی کرتا ہے؟
اُس کے مقابلے میں بےوقوف شخص کے حوالے سے زیادہ اُمید ہوتی ہے۔
21 اگر ایک خادم کے بچپن سے نخرے اُٹھائے جاتے ہیںتو وہ بعد میں ناشکرا بن جاتا ہے۔
22 جو شخص فوراً غصے میں آ جاتا ہے، وہ جھگڑے کو ہوا دیتا ہے؛جو شخص بات بات پر بھڑک اُٹھتا ہے، وہ بہت سے گُناہ کرتا ہے۔
23 اِنسان کا غرور اُسے نیچا کرے گالیکن جو شخص دل سے خاکسار ہے، اُسے عزت ملے گی۔
24 چور کا ساتھی اپنی جان کا دُشمن ہوتا ہے۔
وہ گواہی دینے کا بُلاوا سنتا تو ہے* مگر اپنا مُنہ نہیں کھولتا۔
25 اِنسان کا ڈر ایک پھندا ہےلیکن یہوواہ پر بھروسا کرنے والا شخص محفوظ رہے گا۔
26 بہت سے لوگ حکمران سے ملنا چاہتے ہیں*لیکن لوگوں کو اِنصاف یہوواہ کی طرف سے ملتا ہے۔
27 نیک شخص بےاِنصاف شخص سے گِھن کھاتا ہےلیکن بُرا شخص سیدھی راہ پر چلنے والے شخص سے گِھن کھاتا ہے۔
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”اپنی گردن اکڑا لیتا ہے،“
^ یا ”بےاِلزام“
^ یا شاید ”سیدھی راہ پر چلنے والے لوگ اپنی جان بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔“
^ لفظی ترجمہ: ”روح“
^ لفظی ترجمہ: ”ایک دوسرے سے ملتے ہیں“
^ یعنی وہ اُنہیں زندگی دیتا ہے۔
^ یا ”تربیت؛ سزا“
^ لفظی ترجمہ: ”آپ کی جان“
^ یا ”خدا کی رہنمائی؛ مُکاشفہ“
^ یا ”وہ یہ حلف سنتا تو ہے کہ گواہی نہ دینے والے پر لعنت ہوگی“
^ یا شاید ”حکمران کی نظرِکرم چاہتے ہیں“