اَمثال 31:1-31
31 بادشاہ لموایل کی ضروری باتیں جن کی تعلیم اُن کی ماں نے اُنہیں دی تھی:
2 میرے بیٹے! مَیں آپ سے کیا کہوں؟میری کوکھ سے پیدا ہوئے بیٹے! مَیں کیا بولوں؟میرے بیٹے جس کے لیے مَیں نے منتیں مانیں! مَیں آپ کو کیا بتاؤں؟
3 اپنی طاقت عورتوں پر برباد نہ کرنااور نہ ہی ایسی راہ پر چلنا جس سے بادشاہ تباہ ہو جاتے ہیں۔
4 لموایل! بادشاہوں کا،ہاں، بادشاہوں کا مے پینا مناسب نہیںاور نہ ہی حکمرانوں کا یہ کہنا مناسب ہے: ”کہاں ہے میرا جام؟“
5 ایسا نہ ہو کہ وہ پی کر قوانین بھول جائیںاور ادنیٰ لوگوں کا حق ماریں۔
6 شراب اُن لوگوں کو دو جو تباہ ہونے والے ہیںاور مے اُن لوگوں کو جو پریشانی میں ڈوبے ہیں*
7 تاکہ وہ پی کر اپنی غربت بھول جائیںاور اُنہیں اپنی تکلیف یاد نہ رہے۔
8 اُن کی طرف سے بولو جو بول نہیں سکتے؛اُن سب کے حقوق کا دِفاع کرو جو تباہ ہونے والے ہیں۔
9 چپ مت رہو اور سچا اِنصاف کرو؛ادنیٰ اور غریب لوگوں کے حقوق کا دِفاع کرو۔*
א [آلف]
10 اچھی* بیوی کس کو مل سکتی ہے؟
اُس کی قدروقیمت مرجان* سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔
ב [بیتھ]
11 اُس کا شوہر دل سے اُس پر بھروسا کرتا ہےاور اُس کے شوہر کو کسی چیز کی کمی نہیں ہوتی۔
ג [گیمل]
12 وہ ساری زندگی اُس کے ساتھاچھائی ہی کرتی ہے، بُرائی نہیں کرتی۔
ד [دالتھ]
13 وہ اُون اور لینن ڈھونڈ کر لاتی ہے؛وہ خوشی خوشی اپنے ہاتھوں سے کام کرتی ہے۔
ה [ہے]
14 وہ تاجروں کے جہاز کی طرحدُور دُور سے اپنا کھانا لاتی ہے۔
ו [واو]
15 وہ مُنہ اندھیرے ہی اُٹھ جاتی ہے،اپنے گھر والوں کے لیے کھانے کا اِنتظام کرتی ہےاور اپنی خادماؤں کو بھی اُن کے حصے کا کھانا* دیتی ہے۔
ז [زین]
16 وہ کھیت خریدنے کے بارے میں سوچ بچار کرتی ہے اور اِسے خرید لیتی ہے؛وہ محنت سے* انگور کا باغ لگاتی ہے۔
ח [خیتھ]
17 وہ سخت محنت کے لیے اپنی کمر کَستی ہےاور اپنے بازوؤں کو مضبوط کرتی ہے۔
ט [طیتھ]
18 وہ اِس بات کا دھیان رکھتی ہے کہ اُسے کاروبار میں منافع ہو؛اُس کا چراغ رات کے وقت بھی نہیں بجھتا۔
י [یود]
19 وہ ایک ہاتھ میں اٹیرن پکڑتی ہےاور دوسرے ہاتھ میں تکلا۔*
כ [کاف]
20 وہ ادنیٰ لوگوں کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھاتی ہےاور غریبوں کے لیے اپنی مُٹھی کھولتی ہے۔
ל [لامد]
21 اُسے برفباری کے وقت اپنے گھرانے کی فکر نہیں ہوتیکیونکہ اُس کے سب گھر والوں نے گرم* کپڑے پہنے ہوتے ہیں۔
מ [میم]
22 وہ اپنی چادریں خود بناتی ہے۔
اُس کے کپڑے لینن اور جامنی اُون کے ہوتے ہیں۔
נ [نون]
23 اُس کے شوہر کو شہر کے دروازے پر سب جانتے ہیںجہاں وہ علاقے کے بزرگوں کے ساتھ بیٹھتا ہے۔
ס [سامک]
24 وہ لینن کے کپڑے* بنا کر بیچتی ہےاور تاجروں کو کمربند پہنچاتی ہے۔
ע [عین]
25 طاقت اور شان اُس کا لباس ہیںاور وہ آنے والے کل سے نہیں ڈرتی۔*
פ [پے]
26 اُس کے مُنہ سے دانشبھری باتیں نکلتی ہیں؛اُس کی زبان پر مہربانی کا قانون* ہوتا ہے۔
צ [صادے]
27 وہ اپنے گھر کے معاملوں پر نظر رکھتی ہےاور سُستی کی روٹی نہیں کھاتی۔
ק [قوف]
28 اُس کے بچے کھڑے ہو کر اُس کی تعریف کرتے ہیں؛اُس کا شوہر بھی کھڑا ہو کر اُسے سراہتا ہے۔
ר [ریش]
29 اچھی* عورتیں تو بہت سی ہیںلیکن آپ اُن سب سے بڑھ کر ہو۔
ש [شین]
30 دلکشی دھوکا دے سکتی ہے اور خوبصورتی پَل بھر کی* ہو سکتی ہےلیکن جو عورت یہوواہ کا خوف رکھتی ہے، اُس کی تعریف کی جائے گی۔
ת [تاو]
31 اُسے اُس کی محنت کا اجر دو؛*شہر کے دروازوں پر اُس کے کاموں کی تعریف کی جائے۔
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”مے تلخجانوں کو“
^ یا ”کا مُقدمہ لڑو۔“
^ یا ”لائق“
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا شاید ”کام“
^ یا ”اپنی کمائی سے۔“ لفظی ترجمہ: ”اپنے ہاتھوں کے پھل سے“
^ اٹیرن اور تکلا ایسی ڈنڈیاں ہوتی تھیں جنہیں دھاگا اور سُوت لپیٹنے یا بنانے کے لیے اِستعمال کِیا جاتا تھا۔
^ یا ”دو دو“
^ یا ”نیچے پہنے جانے والے کپڑے“
^ یا ”پر ہنستی ہے۔“
^ یا ”محبت بھری تعلیم؛ اٹوٹ محبت کا قانون“
^ یا ”لائق“
^ یا ”کھوکھلی“
^ لفظی ترجمہ: ”اُس کے ہاتھوں کے پھل میں سے اُسے دو؛“