زبور 22:1-31
موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو ”صبح سویرے کی ہِرنی“* کے مطابق گایا جائے۔ داؤد کا نغمہ۔
22 اَے میرے خدا! اَے میرے خدا! تُو نے مجھے کیوں چھوڑ دیا؟
تُو مجھے بچانے کیوں نہیں آتا؟تُو میری دردبھری پکار کیوں نہیں سنتا؟
2 اَے میرے خدا! مَیں سارا سارا دن تجھے پکارتا ہوں؛مَیں رات بھر تجھ سے فریاد کرتا رہتا ہوں مگر تُو مجھے جواب نہیں دیتا۔
3 لیکن تُو پاک ہے؛سارا اِسرائیل تیرے اِردگِرد کھڑا تیری حمد کرتا ہے۔*
4 ہمارے باپدادا تجھ پر بھروسا کرتے تھے؛وہ تجھ پر بھروسا کرتے رہے اور تُو اُنہیں بچاتا رہا۔
5 اُنہوں نے تجھ سے فریاد کی اور تُو نے اُنہیں بچایا؛اُنہوں نے تجھ پر بھروسا کِیا اور تُو نے اُنہیں مایوس نہیں کِیا۔*
6 مگر مَیں اِنسان نہیں بلکہ کیڑا ہوں؛لوگ میرا مذاق اُڑاتے ہیں* اور مجھے حقیر سمجھتے ہیں۔
7 مجھے دیکھنے والے سب لوگ میرا مذاق اُڑاتے ہیں؛وہ مجھے طعنے دیتے ہیں، سر ہلا ہلا کر مجھ پر ہنستے ہیں اور کہتے ہیں:
8 ”اِس نے خود کو یہوواہ کے سپرد کِیا تھا۔ اب وہی اِسے چھڑائے!
اگر یہ اُسے اِتنا ہی پیارا ہے تو وہی اِسے بچائے!“
9 تُو ہی مجھے میری ماں کے پیٹ سے باہر لایا؛تُو نے ہی مجھے میری ماں کے سینے پر تحفظ کا احساس دِلایا۔
10 مجھے پیدا ہوتے ہی تیری نگرانی میں دے دیا گیا؛جب مَیں اپنی ماں کے پیٹ میں ہی تھا تب سے تُو میرا خدا ہے۔
11 مجھ سے دُور نہ رہ کیونکہ مصیبت کی گھڑی آنے والی ہےاور میرا کوئی اَور مددگار نہیں ہے۔
12 بہت سے جوان بیلوں نے مجھے گھیر لیا ہے؛بسن کے طاقتور بیل میرے اِردگِرد جمع ہو گئے ہیں۔
13 وہ گرجتے شیر کی طرح میرے خلاف اپنا مُنہ کھولے کھڑے ہیں،اُس شیر کی طرح جو اپنے شکار کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا ہے۔
14 مجھے پانی کی طرح اُنڈیلا جا رہا ہے؛میری ساری ہڈیاں جوڑوں سے نکل گئی ہیں۔
میرا دل موم کی طرح ہو گیا ہےاور اندر ہی اندر پگھل رہا ہے۔
15 میری طاقت مٹی کے برتن کے ٹکڑے کی طرح سُوکھ گئی ہے؛میری زبان میرے تالُو سے چپک گئی ہے؛تُو مجھے موت کے گڑھے کے پاس لے آیا ہے
16 کیونکہ کُتوں نے مجھے گھیر لیا ہے؛بُرے لوگوں کی ٹولی میری طرف بڑھ رہی ہے؛وہ لوگ شیر کی طرح میرے ہاتھوں پیروں پر جھپٹ پڑے ہیں۔
17 مَیں اپنی ساری ہڈیاں گن سکتا ہوں۔
وہ مجھے دیکھتے اور گھورتے ہیں۔
18 وہ میرے کپڑے آپس میں بانٹتے ہیں؛وہ میرے لباس پر قُرعہ* ڈالتے ہیں۔
19 لیکن اَے یہوواہ! تُو مجھ سے دُور نہ رہ؛
تُو میری طاقت ہے؛ جلدی میری مدد کر۔
20 مجھے* تلوار سے بچااور میری قیمتی زندگی* کو کُتوں کے پنجوں* سے محفوظ رکھ؛
21 مجھے شیر کے مُنہ سے اور جنگلی سانڈوں کے سینگوں سے بچا؛مجھے جواب دے اور مجھے بچا لے۔
22 مَیں اپنے بھائیوں کے سامنے تیرے نام کا اِعلان کروں گا؛مَیں جماعت میں تیری بڑائی کروں گا۔
23 یہوواہ کا خوف رکھنے والو! اُس کی حمد کرو!
یعقوب کی ساری نسل اُس کی تعظیم کرے!
اِسرائیل کی ساری نسل اُس کا گہرا احترام کرے*
24 کیونکہ اُس نے مظلوم شخص کی تکلیف کو نظرانداز نہیں کِیااور نہ ہی اُس سے گِھن کھائی؛
اُس نے اُس سے اپنا چہرہ نہیں چھپایا۔
جب اُس شخص نے اُس سے مدد کی فریاد کی تو اُس نے سنی۔
25 مَیں بڑی جماعت میں تیری بڑائی کروں گا؛مَیں اُن لوگوں کے سامنے اپنی منتیں پوری کروں گا جو تیرا خوف رکھتے ہیں۔
26 حلیم لوگ جی بھر کر کھائیں گے؛جو یہوواہ کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ اُس کی بڑائی کریں گے۔
تُم ہمیشہ تک زندگی کا مزہ لیتے رہو۔*
27 زمین کا کونا کونا یہوواہ کو یاد کرے گا اور اُس کی طرف مُڑے گا؛
قوموں کے سب خاندان تیرے سامنے جھکیں گے
28 کیونکہ بادشاہت یہوواہ کی ہے؛وہ قوموں پر حکمرانی کرتا ہے۔
29 زمین کے سب خوشحال* لوگ کھائیں گے اور اُس کے سامنے جھکیں گے؛وہ سب جو خاک میں مل جاتے ہیں، اُس کے حضور گُھٹنے ٹیکیں گے؛اُن میں سے کوئی بھی اپنی جان نہیں بچا سکتا۔
30 اُن کی نسلیں اُس کی خدمت کریں گی؛آنے والی نسلوں کو یہوواہ کے بارے میں بتایا جائے گا۔
31 وہ لوگ آئیں گے اور اُس کی نیکی کے بارے میں بتائیں گے۔
وہ اُن لوگوں کو بھی اُس کے کاموں کے بارے میں بتائیں گے جو ابھی پیدا نہیں ہوئے۔
فٹ نوٹس
^ شاید یہ کوئی دُھن یا موسیقی کا کوئی انداز تھا۔
^ یا ”تُو اِسرائیل کی حمد کے بیچ (یا اُوپر) تختنشین ہے۔“
^ یا ”شرمندہ نہیں ہونے دیا۔“
^ یا ”مَیں لوگوں کے لیے رُسوائی کا باعث ہوں“
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ لفظی ترجمہ: ”میری جان کو“
^ لفظی ترجمہ: ”میری اِکلوتی جان“
^ لفظی ترجمہ: ”ہاتھ“
^ یا ”اُس کا خوف رکھے“
^ لفظی ترجمہ: ”تمہارا دل ہمیشہ تک زندہ رہے۔“
^ لفظی ترجمہ: ”موٹے تازے“