زبور 50‏:1‏-‏23

  • وفادار لوگوں اور بُرے لوگوں کا اِنصاف

    • قربانی کی بِنا پر عہد ‏(‏5‏)‏

    • خدا منصف ہے ‏(‏6‏)‏

    • سب جانور خدا کے ہیں ‏(‏10، 11‏)‏

    • خدا بُرے لوگوں کا پردہ فاش کرتا ہے ‏(‏16-‏21‏)‏

آسَف کا نغمہ۔‏ 50  خداؤں کے خدا یہوواہ نے فرمایا ہے؛‏اُس نے مشرق سے مغرب تک*‏ پوری زمین کو بُلایا ہے۔‏  2  خدا نے صِیّون سے جس کی خوب‌صورتی بے‌مثال ہے، اپنا نور چمکایا ہے۔‏  3  ہمارا خدا آئے گا اور چپ نہیں رہے گا۔‏ اُس کے سامنے بھسم کرنے والی آگ ہےاور اُس کے اِردگِرد تیز آندھی چلتی ہے۔‏  4  اُس نے آسمان اور زمین کو بُلایا ہے تاکہ اپنے بندوں کی عدالت کرے؛‏اُس نے کہا ہے:‏  5  ‏”‏میرے وفادار بندوں کو میرے پاس جمع کرو،‏ہاں، اُن کو جنہوں نے قربانی کی بِنا پر میرے ساتھ عہد باندھا ہے۔“‏  6  آسمان خدا کی نیکی کا اِعلان کرتا ہےکیونکہ وہی منصف ہے۔ ‏(‏سِلاہ)‏  7  ‏”‏اَے میری قوم!‏ جو مَیں کہوں گا، وہ سُن؛‏اَے اِسرائیل!‏ مَیں تمہارے خلاف گواہی دوں گا۔‏ مَیں خدا ہوں، ہاں، تمہارا خدا۔‏  8  مَیں تمہاری قربانیوں کے حوالے سے تمہاری اِصلاح نہیں کر رہااور نہ ہی تمہاری بھسم ہونے والی سالم قربانیوں کے حوالے سے جو مسلسل میرے سامنے ہیں۔‏  9  مجھے تمہارے گھر سے بیل نہیں چاہیےاور نہ ہی تمہارے باڑوں سے بکرے 10  کیونکہ جنگل کے تمام جانور میرے ہیں،‏یہاں تک کہ ہزاروں پہاڑوں پر رہنے والے درندے بھی۔‏ 11  مَیں ہر پہاڑی پرندے کو جانتا ہوں؛‏میدانوں کے بے‌شمار جانور میرے ہیں۔‏ 12  اگر مجھے بھوک لگی ہو تو مَیں تمہیں نہیں بتاؤں گاکیونکہ زرخیز زمین اور اِس کی ہر ایک چیز میری ہے۔‏ 13  کیا مَیں بیلوں کا گوشت کھاؤں گااور بکروں کا خون پیوں گا؟‏ 14  خدا کا شکر ادا کرو اور یہی تمہاری قربانی ہوگی؛‏اپنی وہ منتیں پوری کرو جو تُم نے خدا تعالیٰ کے حضور مانی ہیں؛‏ 15  مصیبت کے وقت مجھے پکارو۔‏ مَیں تمہیں بچاؤں گا اور تُم میری بڑائی کرو گے۔“‏ 16  لیکن خدا بُرے شخص سے کہے گا:‏ ‏”‏تمہیں میرے حکموں کے بارے میں بات کرنےیا میرے عہد کے بارے میں بتانے کا حق کس نے دیا؟‏ 17  کیونکہ تمہیں اِصلاح*‏ سے نفرت ہےاور تُم بار بار میری باتوں کو ٹھکرا دیتے ہو۔‏* 18  تُم کسی چور کو دیکھ کر اُسے صحیح قرار دیتے ہو*اور زِناکاروں کے ساتھ اُٹھتے بیٹھتے ہو۔‏ 19  تمہارا مُنہ بُری باتیں پھیلاتا ہےاور تمہاری زبان پر دھوکادہی رہتی ہے۔‏ 20  تُم بیٹھ کر اپنے بھائی کے خلاف باتیں کرتے ہو؛‏تُم اپنے بھائی کی خامیاں دوسروں کو بتاتے ہو۔‏* 21  جب تُم یہ سب کام کر رہے تھے تو مَیں خاموش رہااِس لیے تُم نے سوچا کہ مَیں بھی تمہارے جیسا ہوں۔‏ لیکن اب مَیں تمہاری اِصلاح کروں گااور تمہارے خلاف اپنا مُقدمہ پیش کروں گا۔‏ 22  تُم جو خدا کو بھول گئے ہو، ذرا اِن باتوں پر غور کروورنہ مَیں تمہارے ٹکڑے ٹکڑے کر دوں گا اور تمہیں بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔‏ 23  جو میرا شکر ادا کرتا ہے اور یوں میرے حضور قربانی پیش کرتا ہے، وہ میری بڑائی کرتا ہےاور جو مضبوط اِرادے سے صحیح راہ پر چلتا رہتا ہے،‏اُسے مَیں نجات دِلاؤں گا۔“‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏سورج کے نکلنے سے ڈوبنے تک“‏
یا ”‏تربیت؛ ہدایت“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏پیٹھ پیچھے پھینک دیتے ہو۔“‏
یا شاید ”‏اُس کے ساتھ مل جاتے ہو“‏
یا ”‏بھائی کو بدنام کرتے ہو۔“‏