زبور 62‏:1‏-‏12

  • خدا ہی نجات دِلاتا ہے

    • ‏”‏مَیں خاموشی سے صرف خدا کا اِنتظار کروں گا“‏ ‏(‏1‏،‏5‏)‏

    • خدا کے سامنے ”‏اپنا دل کھول دو“‏ ‏(‏8‏)‏

    • اِنسان بس ایک سانس کی طرح ‏(‏9‏)‏

    • دولت پر بھروسا نہ کرو ‏(‏10‏)‏

موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو یدوتون*‏ کے مطابق گایا جائے۔ داؤد کا نغمہ۔‏ 62  مَیں*‏ خاموشی سے صرف خدا کا اِنتظار کروں گا۔‏ وہی مجھے نجات دِلاتا ہے۔‏  2  بے‌شک وہی میری چٹان، میری نجات اور میری محفوظ پناہ‌گاہ*‏ ہے؛‏مجھے کبھی شدت سے ہلایا نہیں جائے گا۔‏  3  تُم کب تک ایک شخص کو قتل کرنے کے لیے اُس پر وار کرتے رہو گے؟‏ تُم سب ایک جھکی ہوئی دیوار کی طرح خطرناک ہو، پتھر کی اُس دیوار کی طرح جو گِرنے والی ہو۔‏*  4  وہ اُسے اُس کے اُونچے مرتبے سے*‏ گِرانے کے لیے آپس میں صلاح مشورہ کرتے ہیں؛‏اُنہیں جھوٹ بولنے سے خوشی ملتی ہے۔‏ وہ مُنہ سے تو دُعائیں دیتے ہیں مگر دل میں بددُعائیں دیتے ہیں۔ ‏(‏سِلاہ)‏  5  مَیں خاموشی سے صرف خدا کا اِنتظار کروں گا*کیونکہ وہی مجھے اُمید بخشتا ہے۔‏  6  بے‌شک وہی میری چٹان، میری نجات اور میری محفوظ پناہ‌گاہ ہے؛‏مجھے کبھی ہلایا نہیں جائے گا۔‏  7  مجھے خدا ہی کی بدولت نجات اور عزت ملتی ہے۔‏ خدا میری مضبوط چٹان اور میری پناہ‌گاہ ہے۔‏  8  اَے لوگو!‏ ہمیشہ اُس پر بھروسا رکھو۔‏ اُس کے سامنے اپنا دل کھول*‏ دو۔‏ خدا ہماری پناہ‌گاہ ہے۔ ‏(‏سِلاہ)‏  9  اِنسان کے بیٹے بس ایک سانس کی طرح ہیں؛‏اِنسان کے بیٹے کھوکھلی پناہ‌گاہ ہیں۔‏ اگر اُنہیں ایک ساتھ ترازو میں رکھا جائے تو وہ سانس سے بھی ہلکے نکلیں گے۔‏ 10  یہ نہ سوچو کہ لُوٹ‌مار کر کے تُم کامیاب ہو جاؤ گےیا ڈکیتی کر کے تمہیں فائدہ ہوگا۔‏ اگر تمہاری دولت میں اِضافہ ہو تو اُس سے دل نہ لگاؤ۔‏ 11  مَیں نے ایک بار بلکہ دو بار خدا کو یہ کہتے سنا ہے کہ خدا ہی طاقت کا سرچشمہ ہے۔‏ 12  اَے یہوواہ!‏ تُو اٹوٹ محبت کا بھی سرچشمہ ہےکیونکہ تُو ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مطابق بدلہ دیتا ہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ کو دیکھیں۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏میری جان“‏
یا ”‏محفوظ اُونچی جگہ“‏
یا شاید ”‏تُم سب اُس پر وار کر رہے ہو جیسے وہ کوئی جھکی ہوئی دیوار ہو، پتھر کی ایسی دیوار جو گِرنے والی ہو۔“‏
یا ”‏وہ اُس کا وقار“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اَے میری جان!‏ خاموشی سے خدا کا اِنتظار کر“‏
یا ”‏اُنڈیل“‏