زبور 78‏:1‏-‏72

  • خدا کی فکرمندی اور اِسرائیلیوں میں ایمان کی کمی

    • آنے والی پُشت کو بتاؤ ‏(‏2-‏8‏)‏

    • ‏”‏اُنہوں نے خدا پر ایمان نہیں رکھا“‏ ‏(‏22‏)‏

    • ‏”‏آسمان کا اناج“‏ ‏(‏24‏)‏

    • ‏”‏اُنہوں نے .‏.‏.‏ اِسرائیل کے پاک خدا کو غمگین کِیا“‏ ‏(‏41‏)‏

    • مصر سے وعدہ کیے ہوئے ملک تک ‏(‏43-‏55‏)‏

    • ‏”‏وہ خدا تعالیٰ کو للکارتے رہے“‏ ‏(‏56‏)‏

آسَف کا مشکیل۔‏* 78  اَے میرے لوگو!‏ میرے قوانین*‏ پر دھیان دو؛‏میرے مُنہ کی باتوں کو توجہ سے سنو۔‏  2  مَیں تمہیں ایک کہاوت سناؤں گا۔‏ مَیں قدیم زمانے کی پہیلیاں بجھواؤں گا۔‏  3  جو باتیں ہم نے سنی اور جانی ہیں؛‏جو باتیں ہمارے باپ‌دادا نے ہمیں بتائی ہیں،‏  4  ہم وہ اُن کے بیٹوں سے نہیں چھپائیں گے۔‏ہم آنے والی پُشت کو یہوواہ کے قابلِ‌تعریف کاموںاور اُس کی طاقت کے بارے میں بتائیں گے،‏ہاں، اُن شان‌دار کاموں کے بارے میں جو اُس نے کیے ہیں۔‏  5  اُس نے یعقوب میں ایک آئین*اور اِسرائیل میں ایک قانون نافذ کِیا۔‏اُس نے ہمارے باپ‌دادا کو حکم دیاکہ وہ اپنے بچوں کو اِن باتوں کے بارے میں بتائیں  6  تاکہ اگلی پُشت یعنی وہ بچے جو ابھی پیدا نہیں ہوئے،‏اِن کے بارے میں جانیں۔‏ اور پھر وہ اپنے بچوں کو اِن کے متعلق بتائیں۔‏  7  اِس طرح اُن کے بچے خدا پر بھروسا کریں گے۔‏ وہ خدا کے کاموں کو نہیں بھولیں گےبلکہ اُس کے حکموں پر عمل کریں گے۔‏  8  پھر وہ اپنے باپ‌دادا کی طرح نہیں ہوں گےجو ایک ہٹ‌دھرم اور باغی پُشت تھے،‏ایسی پُشت جس کا دل ڈانوانڈول رہتا تھا*اور جو*‏ خدا کی وفادار نہیں تھی۔‏  9  اِفرائیمی کمانوں سے لیس تھےلیکن جنگ کے دن وہ اُلٹے پاؤں بھاگ گئے۔‏ 10  وہ خدا کے ساتھ کیے ہوئے عہد پر قائم نہیں رہےاور اُنہوں نے اُس کی شریعت پر چلنے سے اِنکار کر دیا۔‏ 11  وہ اُس سب کو بھی بھول گئے جو اُس نے کِیا تھا،‏ہاں، اُن شان‌دار کاموں کو جو اُس نے اُنہیں دِکھائے تھے۔‏ 12  اُس نے مصر میں ضُعن کے علاقے میںاُن کے باپ‌دادا کی آنکھوں کے سامنے حیران‌کُن کام کیے۔‏ 13  اُس نے سمندر کو چیر دیا تاکہ وہ اِس میں سے گزر سکیں؛‏اُس نے پانیوں کو دیوار کی طرح کھڑا کر دیا۔‏* 14  اُس نے دن بھر بادل سے اُن کی رہنمائی کیاور رات بھر آگ کی روشنی سے۔‏ 15  اُس نے ویرانے میں چٹانوں کو چیر دیااور ایسے اُن کی پیاس بجھائی جیسے وہ سمندر سے پانی پی رہے ہوں۔‏ 16  اُس نے چٹان سے ندیاں نکالیںاور پانیوں کو دریاؤں کی طرح بہایا۔‏ 17  لیکن وہ اُس کے خلاف گُناہ کرتے رہے؛‏اُنہوں نے ریگستان میں خدا تعالیٰ کے خلاف بغاوت کی؛‏ 18  اُنہوں نے وہ کھانا مانگا جس کی اُنہیں طلب تھی*اِس طرح اُنہوں نے اپنے دل میں خدا کو للکارا۔‏* 19  وہ خدا کے خلاف بولنے لگے؛‏وہ کہنے لگے:‏ ”‏کیا خدا ویرانے میں میز سجا سکتا ہے؟“‏ 20  دیکھو!‏ اُس نے چٹان پر ماراجس سے پانی پھوٹ نکلا اور ندیاں بہنے لگیں۔‏ پھر بھی وہ کہنے لگے:‏ ”‏کیا وہ ہمیں روٹی بھی دے سکتا ہےیا کیا وہ اپنے بندوں کو گوشت دے سکتا ہے؟“‏ 21  جب یہوواہ نے اُن کی باتیں سنیں تو وہ آگ‌بگولا ہو گیا؛‏یعقوب پر آگ نازل ہوئیاور اِسرائیل پر اُس کا قہر بھڑک اُٹھا 22  کیونکہ اُنہوں نے خدا پر ایمان نہیں رکھااور اُس کی بچانے کی صلاحیت پر بھروسا نہیں کِیا۔‏ 23  اِس لیے اُس نے بادلوں سے بھرے آسمان کو حکم دیااور آسمان کے دروازے کھول دیے۔‏ 24  وہ اُن کے کھانے کے لیے من برساتا رہا؛‏اُس نے اُنہیں آسمان کا اناج دیا۔‏ 25  اِنسانوں نے زورآوروں*‏ کی خوراک*‏ کھائی؛‏اُس نے اُنہیں اِتنا دیا کہ وہ جی بھر کر کھا سکیں۔‏ 26  اُس نے آسمان میں مشرقی ہوا چلائیاور اپنی طاقت سے جنوبی ہوا بھی۔‏ 27  اُس نے خاک کے ذرّوں کی طرح اُن پر کثرت سے گوشت برسایا،‏ہاں، ساحل کی ریت کی طرح بے‌شمار پرندوں کی بوچھاڑ کی۔‏ 28  اُس نے اُنہیں اُن کی*‏ خیمہ‌گاہ کے بیچ،‏ہاں، خیموں کی چاروں طرف گِرایا۔‏ 29  اور اُنہوں نے ٹھونس ٹھونس کر کھایا؛‏اُس نے اُنہیں وہ چیز دی جو وہ چاہتے تھے۔‏ 30  لیکن اِس سے پہلے کہ اُن کی طلب پوری ہوتیاور کھانا اُن کے حلق سے نیچے اُترتا،‏ 31  اُن پر خدا کا قہر بھڑک اُٹھا۔‏ اُس نے اُن کے طاقت‌ور آدمیوں کو مار ڈالا؛‏اُس نے اِسرائیل کے جوان آدمیوں کو ہلاک کر دیا۔‏ 32  اِس کے باوجود اُنہوں نے اَور زیادہ گُناہ کیےاور اُس کے شان‌دار کاموں پر یقین نہیں کِیا۔‏ 33  اِس لیے اُس نے اُن کی زندگی کے دن سانس کی طرح پَل بھر میں ختم کر دیےاور اچانک دہشت طاری کر کے اُن کی زندگی کے سال مٹا دیے۔‏ 34  مگر جب جب وہ اُنہیں ہلاک کرتا، وہ اُسے ڈھونڈنے لگتے؛‏وہ لوٹ آتے اور خدا کی تلاش کرنے لگتے۔‏ 35  وہ یاد کرنے لگتے کہ خدا اُن کی چٹان ہےاور خدا تعالیٰ اُن کا چھڑانے والا ہے۔‏* 36  لیکن اُنہوں نے اپنے مُنہ سے اُسے دھوکا دینے کی کوشش کیاور اپنی زبان سے اُس سے جھوٹ بولا۔‏ 37  اُن کے دل اُس کے وفادار*‏ نہیں رہےاور وہ اُس کے عہد پر قائم نہیں رہے۔‏ 38  مگر خدا رحم‌دل تھا؛‏وہ اُن کے گُناہ معاف کر دیتا*‏ تھا اور اُنہیں تباہ نہیں کرتا تھا۔‏ وہ اُن پر اپنا سارا قہر نازل کرنے کی بجائےاکثر اپنا غصہ روک لیتا تھا 39  کیونکہ وہ یاد رکھتا تھا کہ وہ محض گوشت پوست ہیں؛‏وہ ہوا*‏ کی طرح ہیں جو ایک بار گزر جائے تو لوٹتی نہیں۔‏ 40  اُنہوں نے ویرانے میں بار بار اُس کے خلاف بغاوت کیاور ریگستان میں اُسے دُکھی کِیا۔‏ 41  اُنہوں نے بار بار خدا کا اِمتحان کِیااور اِسرائیل کے پاک خدا کو غمگین کِیا۔‏* 42  اُنہوں نے اُس کی طاقت*‏ کو یاد نہیں رکھا؛‏وہ اُس دن کو بھول گئے جب اُس نے اُنہیں مخالفوں سے چھڑایا تھا؛‏ 43  وہ بھول گئے کہ خدا نے مصر میں کیسی نشانیاں دِکھائی تھیںاور ضُعن کے علاقے میں کیسے معجزے کیے تھے 44  اور کیسے اُس نے دریائے‌نیل کی نہروں کو خون بنا دیا تھاتاکہ لوگ اپنی ندیوں سے پانی نہ پی سکیں۔‏ 45  اُس نے اُنہیں اذیت دینے کے لیے بڑمکھیوں*‏ کے غول بھیجےاور اُنہیں تباہ کرنے کے لیے مینڈک۔‏ 46  اُس نے اُن کی فصلیں بھوکی ٹڈیوں کے حوالے کر دیںاور اُن کی محنت کا پھل ٹڈی‌دَلوں کے۔‏ 47  اُس نے اَولے برسا کر اُن کے انگور کے باغ اُجاڑ دیےاور اُن کے گُولر*‏ کے درخت تہس‌نہس کر دیے۔‏ 48  اُس نے اُن کے مال‌بردار جانور اَولوں کے حوالے کر دیےاور اُن کے مویشی کڑکتی بجلی کے۔‏* 49  اُس نے اُن پر اپنے غضب کی آگ برسائی؛‏اُن پر قہر، غصہ اور مصیبت نازل کی؛‏اُن پر آفت لانے کے لیے فرشتوں کے دستے بھیجے۔‏ 50  اُس نے اپنے غصے کے لیے راستہ بنایا۔‏ اُس نے اُنہیں*‏ موت سے نہیں بچایااور اُنہیں*‏ وبا کے حوالے کر دیا۔‏ 51  آخر میں اُس نے مصر کے تمام پہلوٹھوں کو مار ڈالا؛‏حام کے خیموں میں اُن کی پہلی پہلی اولاد*‏ کو ختم کر ڈالا۔‏ 52  پھر وہ اپنی قوم کو ایک گلّے کی طرح مصر سے نکال لایااور ویرانے میں ایک ریوڑ کی طرح اُس کی رہنمائی کی۔‏ 53  وہ اُنہیں صحیح سلامت لے چلا؛‏اُنہیں کوئی ڈر نہیں تھا؛‏سمندر نے اُن کے دُشمنوں کو نگل لیا۔‏ 54  وہ اُنہیں اپنے مُقدس علاقے میں لے آیا،‏اِس پہاڑی علاقے میں جو اُس نے اپنے دائیں ہاتھ سے جیتا تھا۔‏ 55  اُس نے قوموں کو اُن کے سامنے سے بھگا دیا؛‏ڈوری سے ناپ کر اُن میں وراثت بانٹ دیاور اِسرائیل کے قبیلوں کو اُن کے گھروں میں بسایا۔‏ 56  لیکن وہ خدا تعالیٰ کو للکارتے رہے*‏ اور اُس کے خلاف بغاوت کرتے رہے؛‏اُنہوں نے اُس کی یاددہانیوں پر کوئی دھیان نہیں دیا۔‏ 57  اُنہوں نے بھی خدا سے مُنہ موڑ لیا اور اپنے باپ‌دادا کی طرح دغاباز نکلے۔‏ وہ ڈھیلی کمان کی طرح بھروسے کے لائق نہیں تھے۔‏ 58  وہ اُونچی جگہوں پر دیوتاؤں کی پوجا کر کے اُسے غصہ دِلاتے رہےاور اپنی تراشی ہوئی مورتوں سے اُسے غضب‌ناک کرتے رہے۔‏* 59  یہ دیکھ کر خدا آگ‌بگولا ہو گیااِس لیے اُس نے اِسرائیل کو بالکل ترک کر دیا۔‏ 60  آخرکار اُس نے سیلا*‏ کا مُقدس خیمہ چھوڑ دیا،‏وہ خیمہ جس میں وہ اِنسانوں کے بیچ رہتا تھا۔‏ 61  اُس نے اپنی طاقت کی نشانی کو دُشمن کے قبضے میں جانے دیا؛‏اپنی عظمت کو مخالف کے ہاتھ میں کر دیا۔‏ 62  اُس نے اپنی قوم کو تلوار کے حوالے کر دیااور اپنی وراثت پر بھڑک اُٹھا۔‏ 63  اُس کے جوانوں کو آگ نے بھسم کر دیااور اُس کی کنواریوں کے لیے شادی کے گیت نہیں گائے گئے۔‏* 64  اُس کے کاہن تلوار سے مارے گئےاور اُن کی بیواؤں نے ماتم نہیں کِیا۔‏ 65  تب یہوواہ ایسے اُٹھا جیسے نیند سے جاگا ہو؛‏جیسے کوئی زورآور شخص مے کے نشے سے باہر آیا ہو۔‏ 66  اُس نے اپنے مخالفوں کو واپس بھگا دیا؛‏اُس نے اُنہیں ہمیشہ کے لیے رُسوا کر دیا۔‏ 67  اُس نے یوسف کے خیمے کو ٹھکرا دیا؛‏اُس نے اِفرائیم کے قبیلے کو نہیں چُنا 68  بلکہ یہوداہ کے قبیلے کو چُنایعنی کوہِ‌صِیّون کو جس سے وہ پیار کرتا ہے۔‏ 69  اُس نے اپنے مُقدس مقام کو آسمان کی طرح مضبوطی سے قائم کِیا*جیسے اُس نے زمین کو ہمیشہ کے لیے قائم کِیا۔‏ 70  اُس نے اپنے بندے داؤد کو چُنااور اُسے بھیڑوں کے باڑے سے باہر لایا 71  جہاں وہ دودھ پلانے والی بھیڑوں کی دیکھ‌بھال کرتا تھا؛‏اُس نے اُسے یعقوب کا، ہاں، اپنی قوم کااور اِسرائیل کا، ہاں، اپنی وراثت کا چرواہا بنایا۔‏ 72  داؤد نے خلوصِ‌دل سے اُن کی گلّہ‌بانی کیاور مہارت سے اُن کی پیشوائی کی۔‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏ہدایتوں“‏
یا ”‏یاددہانی“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏جس کا دل تیار نہیں تھا“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اور جس کی روح“‏
یا ”‏اُس نے پانیوں کو ایسے کھڑا کر دیا جیسے بند باندھا گیا ہو۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُنہوں نے اپنی جان کے لیے کھانا مانگا“‏
یا ”‏خدا کا اِمتحان کِیا۔“‏
یا ”‏فرشتوں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏روٹی“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُس کی“‏
یا ”‏بدلہ لینے والا ہے۔“‏
یا ”‏دل ثابت‌قدم“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏ڈھانک دیتا“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏روح“‏
یا ”‏کو تکلیف پہنچائی۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُس کے ہاتھ“‏
بڑمکھی ڈنک مارنے والی مکھیوں کی ایک قسم ہے۔‏
اِنجیر کی طرح کا ایک پھل
یا شاید ”‏تیز بخار کے۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُن کی جان کو“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُن کی زندگی کو“‏
یا ”‏اُن کی قوت کے آغاز“‏
یا ”‏کا اِمتحان کرتے رہے“‏
یا ”‏اُس کی غیرت بھڑکاتے رہے۔“‏
یا ”‏شیلوہ“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اور اُس کی کنواریوں کی تعریف نہیں کی گئی۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کو اُونچائیوں کی طرح بنایا“‏