زبور 83‏:1‏-‏18

  • دُشمنوں کا سامنا ہونے پر کی گئی دُعا

    • ‏”‏اَے خدا!‏ چپ نہ رہ“‏ ‏(‏1‏)‏

    • دُشمن لُڑھکنے والی کانٹے‌دار جھاڑی کی طرح ہو جائیں ‏(‏13‏)‏

    • خدا کا نام یہوواہ ہے ‏(‏18‏)‏

ایک گیت۔ آسَف کا نغمہ۔‏ 83  اَے خدا!‏ چپ نہ رہ؛‏اَے خدا!‏ خاموش نہ کھڑا رہ  2  کیونکہ دیکھ!‏ تیرے دُشمنوں نے شور مچایا ہوا ہے؛‏تجھ سے نفرت کرنے والے تیرے سامنے سر اُٹھاتے ہیں۔‏*  3  وہ چالاکی سے تیرے بندوں کے خلاف چوری چھپے منصوبے بناتے ہیں؛‏وہ تیرے پیارے*‏ بندوں کے خلاف سازشیں گھڑتے ہیں۔‏  4  وہ کہتے ہیں:‏ ”‏آؤ، اِس پوری قوم کو مٹا دیںتاکہ اِسرائیل کا نام ہمیشہ کے لیے بُھلا دیا جائے۔“‏  5  وہ متحد ہو کر سازشیں گھڑتے ہیں؛‏*اُنہوں نے تیرے خلاف ایکا کر لیا ہے*  6  یعنی ادوم اور اِسماعیلیوں کے خیموں، موآب اور ہاجریوں  7  اور جِبل، عمون، عمالیق،‏فِلسطیہ اور صُور کے باشندوں نے بھی۔‏  8  اسور بھی اُن کے ساتھ مل گیا ہے؛‏وہ لُوط کے بیٹوں کی حمایت کرتے ہیں۔‏*‏(‏سِلاہ)‏  9  اُن کا وہ حال کر جو تُو نے مِدیان کا کِیا؛‏اُن کا وہ حشر کر جو تُو نے قِیسون ندی پر*‏ سیسرا اور یابین کا کِیا۔‏ 10  اُنہیں عین‌دور پر ہلاک کر دیا گیا؛‏وہ زمین کی کھاد بن گئے۔‏ 11  اُن کے نوابوں کو عوریب اور زِیب کی طرح بنا دےاور اُن کے حاکموں*‏ کو زِبح اور ضَلمُنّع کی طرح 12  کیونکہ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏آؤ اُس ملک پر قبضہ کر لیں جہاں خدا رہتا ہے۔“‏ 13  اَے میرے خدا!‏ اُنہیں اُس کانٹے‌دار جھاڑی کی طرح بنا دے جو ہوا سے یہاں وہاں لُڑھکتی ہے،‏اُس بھوسے کی طرح جسے ہوا اُڑا لے جاتی ہے۔‏ 14  جیسے آگ جنگل کو جلا دیتی ہے؛‏جیسے شعلہ پہاڑوں کو جھلسا دیتا ہے 15  ویسے ہی تُو طوفان لا کر اُن کا پیچھا کراور آندھی چلا کر اُنہیں خوف‌زدہ کر دے۔‏ 16  اَے یہوواہ!‏ اُن کے چہرے رُسوائی سے ڈھانک*‏ دےتاکہ وہ تیرے نام کی تلاش کریں۔‏ 17  اُنہیں شرمندہ کِیا جائے اور وہ ہمیشہ خوف‌زدہ رہیں؛‏وہ رُسوا ہوں اور فنا کر دیے جائیں؛‏ 18  لوگ جان لیں کہ تُو ہی جس کا نام یہوواہ ہے،‏پوری زمین کے اُوپر سب سے بلند ہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏اکڑتے ہیں۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏تیرے چھپائے ہوئے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏وہ یک‌دل ہو کر صلاح مشورہ کرتے ہیں؛“‏
یا ”‏عہد باندھ لیا ہے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کا بازو بن گئے ہیں۔“‏
یا ”‏وادیِ‌قِیسون میں“‏
یا ”‏رہنماؤں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بھر“‏