زبور 88‏:1‏-‏18

  • موت سے بچانے کی دُعا

    • ‏”‏میری زندگی قبر کی دہلیز پر پہنچ گئی ہے“‏ ‏(‏3‏)‏

    • ‏”‏ہر صبح میری دُعا تیرے حضور پہنچتی ہے“‏ ‏(‏13‏)‏

ایک گیت۔ قورح کے بیٹوں کا نغمہ۔ موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو ماحلت*‏ کے مطابق باری باری گایا جائے۔ ہیمان اِزراخی کا مشکیل۔‏* 88  اَے یہوواہ!‏ مجھے نجات دِلانے والے خدا!‏مَیں دن کو تجھے پکارتا ہوںاور رات کو بھی تیرے حضور آتا ہوں۔‏  2  میری دُعا تیرے حضور پہنچے؛‏مدد کے لیے میری فریاد پر توجہ فرما*  3  کیونکہ مَیں*‏ مصیبت کا مارا ہوںاور میری زندگی قبر*‏ کی دہلیز پر پہنچ گئی ہے۔‏  4  مجھے ابھی سے اُن لوگوں میں شمار کِیا جا رہا ہے جو قبر*‏ میں جانے والے ہیں؛‏مَیں بالکل بے‌بس ہو گیا ہوں؛‏*  5  مجھے مُردوں کے بیچ چھوڑ دیا گیا ہے؛‏مَیں قبر میں پڑی لاشوں کی طرح ہوںجنہیں تُو یاد نہیں کرتااور جن پر سے تیرا سایہ*‏ ہٹ گیا ہے۔‏  6  تُو نے مجھے سب سے گہرے گڑھے میں پھینک دیا ہے،‏اُس اتھاہ گڑھے میں جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔‏  7  مَیں تیرے قہر کے بوجھ تلے دب گیا ہوں؛‏تیری خوف‌ناک لہروں نے مجھے دبوچ لیا ہے۔ ‏(‏سِلاہ)‏  8  تُو نے میرے واقف‌کاروں کو مجھ سے دُور بھگا دیا ہےاور میری ایسی حالت کر دی ہے کہ وہ مجھ سے گِھن کھاتے ہیں۔‏ مَیں پھنس گیا ہوں اور میرے پاس نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔‏  9  مصیبت کی وجہ سے میری آنکھیں دُھندلا گئی ہیں۔‏ اَے یہوواہ!‏ مَیں سارا سارا دن تجھے پکارتا ہوں؛‏مَیں تیرے سامنے ہاتھ پھیلاتا ہوں۔‏ 10  کیا مُردے تیرے معجزے دیکھ سکتے ہیں؟‏ کیا مُردے اُٹھ کر تیری تعریف کر سکتے ہیں؟ ‏(‏سِلاہ)‏ 11  کیا قبر میں تیری اٹوٹ محبت کو بیان کِیا جائے گا؟‏کیا تباہی کی جگہ پر*‏ تیری وفاداری کا ذکر کِیا جائے گا؟‏ 12  کیا تاریکی میں تیرے معجزوں کا اِعلان کِیا جائے گا؟‏کیا گم‌نامی کے ملک میں تیری نیکی کے بارے میں بتایا جائے گا؟‏ 13  لیکن اَے یہوواہ!‏ مَیں پھر بھی تجھ سے مدد کی فریاد کرتا ہوں؛‏ہر صبح میری دُعا تیرے حضور پہنچتی ہے۔‏ 14  اَے یہوواہ!‏ تُو نے مجھے*‏ کیوں ٹھکرا دیا ہے؟‏ تُو نے مجھ سے اپنا چہرہ کیوں چھپا لیا ہے؟‏ 15  مَیں کم‌عمری سے ہی تکلیفیں جھیلتا آیا ہوںاور موت سے لڑتا آیا ہوں؛‏مَیں اُن خوف‌ناک مصیبتوں کو سہتے سہتے نڈھال ہو گیا ہوں جو تُو مجھ پر آنے دیتا ہے۔‏ 16  تیرے قہر کی آگ نے مجھے گھیر لیا ہے؛‏تیری دہشت مجھے کھائے جا رہی ہے۔‏ 17  یہ دن بھر مجھے پانیوں کی طرح گھیرے رہتی ہے؛‏یہ ہر طرف سے مجھ پر حاوی رہتی ہے۔‏* 18  تُو نے میرے دوستوں اور ساتھیوں کو مجھ سے دُور بھگا دیا ہے؛‏اب تاریکی ہی میری ساتھی ہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏جھک اور مدد کے لیے میری فریاد سُن“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏میری جان“‏
عبرانی لفظ:‏ ”‏شیول۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏گڑھے“‏
یا ”‏مَیں ایک ایسے شخص کی طرح بن گیا ہوں جس میں بالکل طاقت نہ ہو؛“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏ہاتھ“‏
یا ”‏ابدّون میں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏میری جان کو“‏
یا شاید ”‏یہ اچانک مجھ پر حاوی ہو جاتی ہے۔“‏