زبور 96:1-13
96 یہوواہ کے لیے ایک نیا گیت گاؤ۔
اَے ساری زمین! یہوواہ کے لیے گیت گا!
2 یہوواہ کے لیے گیت گا؛ اُس کے نام کی بڑائی کر۔
ہر روز اُس کے نجاتبخش کاموں کی خوشخبری سنا۔
3 قوموں میں اُس کی عظمت کا اِعلان کر؛سب لوگوں کے بیچ اُس کے حیرانکُن کاموں کو بیان کر۔
4 یہوواہ عظیم اور سب سے زیادہ تعریف کے لائق ہے۔
سب خداؤں سے زیادہ اُس کا احترام کِیا* جانا چاہیے۔
5 قوموں کے سارے خدا فضول خدا ہیںلیکن یہوواہ وہ ہے جس نے آسمان بنایا ہے۔
6 عظمت* اور شانوشوکت اُس کے حضور بستی ہیں؛طاقت اور خوبصورتی اُس کے مُقدس مقام میں بسیرا کرتی ہیں۔
7 قوموں کے سب گھرانو! یہوواہ کی بڑائی کرو؛*یہوواہ کی عظمت اور طاقت کی وجہ سے اُس کی بڑائی کرو۔*
8 یہوواہ کی ایسی تعظیم کرو جو اُس کے نام کے شایانِشان ہو؛اُس کے گھر کے صحنوں میں آؤ اور نذرانہ لاؤ۔
9 پاک لباس پہن کر* یہوواہ کے سامنے جھکو؛*اَے ساری زمین! اُس کے حضور کانپ!
10 قوموں میں اِعلان کرو: ”یہوواہ بادشاہ بن گیا ہے!“
زمین* مضبوطی سے قائم ہے؛ اِسے ہلایا نہیں جا سکتا۔*
خدا طرفداری کیے بغیر قوموں کی عدالت کرے گا۔*
11 آسمان خوشی منائے اور زمین باغ باغ ہو؛سمندر اور اِس کی ساری چیزیں شادمانی سے للکاریں؛
12 میدان اور اِن کی ساری چیزیں خوشی سے جھومیں۔
جنگل کے سارے درخت بھی خوشی سے للکاریں،
13 ہاں، یہ یہوواہ کے حضور خوشی منائیں کیونکہ وہ آ رہا ہے؛*وہ زمین* کی عدالت کرنے آ رہا ہے۔
وہ اپنے نیک معیاروں کے مطابق زمین کی اور وفاداری سے قوموں کی عدالت کرے گا۔
فٹ نوٹس
^ یا ”کا خوف رکھا“
^ یا ”عزت“
^ یا ”یہوواہ کو اُس کا حق دو؛“
^ یا ”اُس کو اُس کا حق دو۔“
^ یا شاید ”اُس کی پاکیزگی کی شان کی وجہ سے“
^ یا ”یہوواہ کی عبادت کرو؛“
^ یا ”زرخیز زمین“
^ یا ”یہ ڈگمگا نہیں سکتی؛“
^ یا ”کا مُقدمہ لڑے گا۔“
^ یا ”آ گیا ہے؛“
^ یا ”زرخیز زمین“