عبدیاہ 1:1-21
1 عبدیاہ* کو دِکھائی گئی رُویا:
اُنہوں نے ادوم کے بارے میں حاکمِاعلیٰ یہوواہ کا یہ پیغام سنایا:
”ہم نے یہوواہ کی طرف سے ایک خبر سنی ہے؛قوموں کے بیچ ایک قاصد* بھیجا گیا ہے جو یہ پیغام سنا رہا ہے:
”اُٹھو! ادوم کے خلاف جنگ کی تیاری کریں۔““
2 خدا فرماتا ہے: ”دیکھو! مَیں نے تمہیں قوموں کی نظر میں ناچیز بنا دیا ہے؛تمہیں بالکل دُھتکار دیا گیا ہے۔
3 تمہارے مغرور دل نے تمہیں دھوکا دیا ہے؛*تُم چٹانوں میں بستے ہو،بلندیوں پر رہتے ہو اور اپنے دل میں کہتے ہو:”کون مجھے نیچے گِرا سکتا ہے؟““
4 یہوواہ فرماتا ہے: ”چاہے تُم عقاب کی طرح بلندیوں پر بسو*یا ستاروں کے درمیان اپنا گھونسلا بناؤ،مَیں تمہیں نیچے گِرا دوں گا۔
5 اگر تمہارے ہاں چور آ جائیں، رات کو ڈاکو گُھس آئیںتو کیا وہ صرف وہی چیزیں نہیں چُرائیں گے جو وہ چُرانا چاہتے ہیں؟
یا اگر تمہارے ہاں انگور جمع کرنے والے آئیں
تو کیا وہ کچھ انگور پیچھے نہیں چھوڑ جائیں گے؟(تمہیں بڑی بُری طرح برباد کِیا جائے گا!)*
6 عیسُو! تمہیں ڈھونڈ لیا گیا ہے!
تمہارے چھپے ہوئے خزانے لُوٹ لیے گئے ہیں!
7 تمہارے سب اِتحادیوں نے* تمہیں دھوکا دیا ہے؛
وہ تمہیں گھسیٹ کر اپنی سرحدوں تک لے گئے ہیں؛
جن کے ساتھ تُم صلح سے رہتے ہو، وہ تُم پر غالب آئے ہیں؛
جن کے ساتھ تُم کھانا کھاتے ہو، وہ تمہارے لیے جال بچھائیں گےلیکن تمہیں پتہ بھی نہیں چلے گا۔“
8 یہوواہ فرماتا ہے:”اُس دن مَیں ادوم کے دانشمندوں کو ہلاک کر دوں گااور عیسُو کے پہاڑی علاقے کے سمجھداروں کو مٹا دوں گا۔
9 اور اَے تیمان! تمہارے جنگجو خوفزدہ ہو جائیں گےکیونکہ عیسُو کے پہاڑی علاقے کے ہر شخص کو قتل کر دیا جائے گا۔
10 تُم نے اپنے بھائی یعقوب پر جو ظلموستم کِیا ہے،اُس کی وجہ سے تُم شرمندہ ہو گےاور ہمیشہ کے لیے نابود ہو جاؤ گے۔
11 جس دن اجنبی اُس کی فوج کو قیدی بنا کر لے گئے؛جب غیرملکی اُس کے شہر* میں گُھس گئے اور یروشلم پر قُرعہ ڈالاتو تُم کونے میں کھڑے تماشا دیکھتے رہےاور اُن جیسے بن گئے۔
12 تمہیں اپنے بھائی کی مصیبت کے دن خوش نہیں ہونا چاہیے تھا؛تمہیں یہوداہ کے لوگوں کی بربادی کے دن جشن نہیں منانا چاہیے تھااور تمہیں اُن کی پریشانی کے دن بڑا بول نہیں بولنا چاہیے تھا۔
13 تمہیں میرے بندوں کی مصیبت کے دن اُن کے شہر* میں نہیں آنا چاہیے تھا؛تمہیں اُن کی مصیبت کے دن اُن کی بربادی پر خوش نہیں ہونا چاہیے تھااور تمہیں اُن کی مصیبت کے دن اُن کی دولت پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہیے تھا۔
14 تمہیں بھاگنے والوں کو قتل کرنے کے لیے چوکوں پر کھڑا نہیں ہونا چاہیے تھااور تمہیں پریشانی کے دن بچ نکلنے والوں کو دُشمنوں کے حوالے نہیں کرنا چاہیے تھا۔
15 کیونکہ یہوواہ کا دن قریب ہے جب وہ تمام قوموں کے خلاف کارروائی کرے گا؛
تمہارا کِیا تمہارے سامنے آئے گا؛
جیسا سلوک تُم نے دوسروں کے ساتھ کِیا ہے ویسا ہی تمہارے ساتھ کِیا جائے گا۔*
16 جس طرح تُم نے میرے مُقدس پہاڑ پر مے پیاُسی طرح تمام قومیں مسلسل میرے غصے کی مے پئیں گی؛
وہ اِسے پئیں گی اور غٹک جائیں گی؛اُن کا وجود ایسے ختم ہو جائے گا جیسے وہ کبھی تھیں ہی نہیں۔
17 لیکن بچ جانے والے کوہِصِیّون پر رہیں گےاور یہ پاک ہوگا۔اور یعقوب کا گھرانہ اُن چیزوں کا مالک ہوگا جو اُس کی ملکیت ہیں۔
18 یعقوب کا گھرانہ آگ بن جائے گااور یوسف کا گھرانہ شعلہجبکہ عیسُو کا گھرانہ بھوسے کی طرح ہوگا؛وہ اِسے جلا کر بھسم کر دیں گےاور عیسُو کے گھرانے میں سے کوئی نہیں بچے گاکیونکہ یہوواہ نے خود یہ فرمایا ہے۔
19 وہ عیسُو کے پہاڑی علاقے اور نِجِب کے مالک ہوں گےاور فِلسطین کی سرزمین اور شِفیلہ کے بھی؛
وہ اِفرائیم اور سامریہ کے میدانوں کے مالک ہوں گےاور جِلعاد، بِنیامین کی ملکیت بن جائے گا۔
20 اِس فصیل* کے جلاوطنیعنی اِسرائیل کے لوگ صارپت تک کنعان کی سرزمین کے مالک ہوں گے۔
اور یروشلم کے جلاوطن جو سِفاراد میں تھے، نِجِب کے شہروں کے مالک ہوں گے۔
21 اور نجات دِلانے والے کوہِصِیّون پر جائیں گےتاکہ عیسُو کے پہاڑی علاقے کے باشندوں کا اِنصاف کریں۔اور بادشاہت یہوواہ کی ہوگی۔“
فٹ نوٹس
^ معنی: ”یہوواہ کا خادم“
^ یا ”نمائندہ“
^ یا ”تُم نے اپنے اِختیار کی حد پار کی اِس لیے تمہارے دل نے تمہیں دھوکا دیا ہے؛“
^ یا شاید ”اُونچا اُڑو“
^ یا شاید ”وہ کس حد تک بربادی کریں گے؟“
^ یا ”جن کے ساتھ تُم نے عہد باندھا ہے، اُنہوں نے“
^ لفظی ترجمہ: ”دروازے“
^ لفظی ترجمہ: ”دروازے“
^ لفظی ترجمہ: ”تمہارے سر پر آئے گا۔“
^ یا ”پُشتے۔“ پُشتہ فصیل کے ساتھ حفاظت کے لیے بنائی جانے والی دیوار تھی۔