عبرانیوں 6‏:1‏-‏20

  • پختگی کی طرف بڑھیں (‏1-‏3‏)‏

  • گمراہ لوگ یسوع کو دوبارہ سُولی دیتے ہیں (‏4-‏8‏)‏

  • محنت اور محبت ظاہر کرتے رہیں (‏9-‏12‏)‏

  • ‏”‏خدا جھوٹ نہیں بول سکتا“‏ (‏13-‏20‏)‏

    • خدا کا وعدہ اور قسم لاتبدیل ہیں (‏17، 18‏)‏

6  اِس لیے اب جبکہ ہم مسیح کے متعلق اِبتدائی تعلیمات سے آگے بڑھ گئے ہیں، آئیں، پختگی کی طرف بڑھیں اور بنیادی باتوں کو نئے سرے سے نہ سیکھیں*‏ یعنی مُردہ کاموں سے توبہ کرنے، خدا پر ایمان لانے، 2  دوسروں پر ہاتھ رکھنے، مُردوں کے زندہ ہونے، بپتسموں اور خدا کے ابدی فیصلوں کی تعلیم۔ 3  اور اگر خدا نے چاہا تو ہم ضرور آگے بڑھیں گے۔‏ 4  لیکن کچھ لوگ ایسے ہیں جن کو خدا نے سمجھ عطا کی، جو پاک روح کے شریک بنے اور جنہوں نے آسمانی نعمت، 5  خدا کے عمدہ کلام اور آنے والے زمانے کی برکتوں*‏ کا مزہ چکھا 6  لیکن وہ گمراہ ہو گئے ہیں۔ اِن لوگوں کو توبہ کی ترغیب دینا ناممکن ہے کیونکہ وہ خدا کے بیٹے کو اپنے لیے دوبارہ سے سُولی*‏ پر چڑھاتے ہیں اور اُسے سب کے سامنے رسوا کرتے ہیں۔ 7  کیونکہ جب بار بار بارش ہوتی ہے اور زمین اِسے جذب کر کے کاشت‌کاروں کے لیے اچھی فصل پیدا کرتی ہے تو خدا اِسے برکت دیتا ہے۔ 8  لیکن اگر زمین کانٹے‌دار جھاڑیاں پیدا کرتی ہے تو یہ بے‌کار ہے اور جلد ہی اِس پر لعنت کی جائے گی اور آخرکار اِسے جلا دیا جائے گا۔‏ 9  حالانکہ ہم یہ باتیں کہہ رہے ہیں لیکن عزیزو، ہمیں پورا یقین ہے کہ آپ ایسے نہیں ہیں کیونکہ آپ کے پاس وہ چیزیں ہیں جو نجات تک پہنچاتی ہیں۔ 10  کیونکہ خدا بے‌اِنصاف نہیں ہے۔ وہ اُس محنت اور محبت کو نہیں بھولے گا جو آپ نے مُقدسوں کی خدمت کر کے اُس کے نام کے لیے ظاہر کی ہے اور اب بھی کر رہے ہیں۔ 11  لیکن ہم چاہتے ہیں کہ آپ میں سے ہر ایک ایسا ہی جذبہ ظاہر کرے تاکہ آپ کو آخر تک پکا یقین ہو کہ آپ کی اُمید پوری ہوگی 12  اور آپ سُست نہ ہو جائیں بلکہ اُن لوگوں کی مثال پر عمل کریں جو اپنے ایمان اور صبر کی وجہ سے وعدوں کے وارث ہیں۔‏ 13  کیونکہ جب خدا نے ابراہام سے وعدہ کِیا تو اُس نے اپنی ہی قسم کھائی (‏کیونکہ اُس سے بڑا کوئی نہیں جس کی وہ قسم کھا سکے)‏ 14  اور کہا:‏ ”‏مَیں تمہیں ضرور برکت دوں گا اور تمہیں ضرور کثرت سے اولاد بخشوں گا۔“‏ 15  ابراہام نے کچھ عرصے کے لیے صبر کِیا پھر اُن سے یہ وعدہ کِیا گیا۔ 16  کیونکہ لوگ اپنے سے بڑے کی قسم کھاتے ہیں اور اِس طرح بحث‌وتکرار نہیں ہوتی کیونکہ اُن کی قسم ایک قانونی ضمانت ہوتی ہے۔ 17  اِسی طرح جب خدا نے فیصلہ کِیا کہ وہ وعدے کے وارثوں پر صاف ظاہر کرے گا کہ اُس کا اِرادہ بدل نہیں سکتا تو اُس نے قسم کھا کر اِس کی ضمانت دی۔ 18  اِن دو لاتبدیل چیزوں کے متعلق خدا جھوٹ نہیں بول سکتا۔ اور اِنہی کے ذریعے ہم جو خدا کی پناہ میں بھاگ گئے ہیں، اُس اُمید کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی بھرپور حوصلہ‌افزائی پاتے ہیں جو ہمارے سامنے ہے۔ 19  یہ اُمید ہماری جانوں کے لیے ایک لنگر کی طرح ہے۔ یہ مضبوط اور قابلِ‌بھروسا ہے اور ہمیں پردے کے اُس پار لے جاتی ہے 20  جہاں ایک پہل‌کار ہماری خاطر داخل ہوا یعنی یسوع جو مَلکی‌صدق جیسے کاہنِ‌اعظم بن گئے اور ہمیشہ رہیں گے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏اور دوبارہ سے بنیاد نہ ڈالیں“‏
یونانی میں:‏ ”‏طاقتوں“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏