عزرا 10‏:1‏-‏44

  • غیرقوم بیویوں کو واپس بھیجنے کا عہد ‏(‏1-‏14‏)‏

  • غیرقوم بیویوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے ‏(‏15-‏44‏)‏

10  جب عزرا سچے خدا کے گھر کے سامنے مُنہ کے بل زمین پر لیٹے ہوئے تھے، دُعا کر رہے تھے، گُناہوں کا اِقرار کر رہے تھے اور رو رہے تھے تو اِسرائیل کے مردوں، عورتوں اور بچوں کا ایک بڑا ہجوم اُن کے گِرد جمع ہو گیا اور لوگ پھوٹ پھوٹ کر رو رہے تھے۔  تب عِیلام کے بیٹوں میں سے یحی‌ایل کے بیٹے سِکنیاہ نے عزرا سے کہا:‏ ”‏ہم نے آس‌پاس کی قوموں کی عورتوں سے شادیاں کر کے*‏ اپنے خدا سے بے‌وفائی کی ہے۔ لیکن اب بھی اِسرائیل کے لیے اُمید باقی ہے۔  اِس لیے آئیں یہوواہ کی اور اُن لوگوں کی ہدایت پر عمل کریں جو ہمارے خدا کے حکموں کا احترام کرتے ہیں*‏ اور اپنے خدا سے یہ عہد باندھیں کہ ہم اُن سب عورتوں کو اور اُن سے پیدا ہونے والے بچوں کو اُن کے لوگوں میں واپس بھیج دیں گے۔ آئیں ویسا ہی کریں جیسا شریعت میں کہا گیا ہے۔  اُٹھیں کیونکہ اِس سب کو ٹھیک کرنا آپ کی ذمے‌داری ہے!‏ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ مضبوط بنیں اور قدم اُٹھائیں۔“‏  اِس پر عزرا اُٹھے اور کاہنوں کے سربراہوں، لاویوں اور سب اِسرائیلیوں کو قسم کھلائی کہ وہ ویسا ہی کریں گے جیسا کہا گیا ہے۔ اِس لیے اُن سب نے قسم کھائی۔  پھر عزرا سچے خدا کے گھر کے سامنے سے اُٹھے اور اِلیاسب کے بیٹے یہوحنان کے کمرے*‏ میں گئے۔ وہ وہاں گئے تو سہی لیکن اُنہوں نے وہاں نہ تو کچھ کھایا اور نہ پیا کیونکہ وہ قید سے واپس آئے ہوئے لوگوں کی بے‌وفائی کی وجہ سے ماتم کر رہے تھے۔‏  اِس کے بعد اُنہوں نے پورے یہوداہ اور یروشلم میں یہ اِعلان کروایا کہ قید سے واپس آئے ہوئے سب لوگ یروشلم میں جمع ہوں  اور اگر کوئی حاکموں اور بزرگوں کے فیصلے کے مطابق تین دن کے اندر نہ آیا تو اُس کی ساری چیزیں ضبط کر لی جائیں گی اور اُسے قید سے واپس آئے ہوئے لوگوں کی جماعت سے بے‌دخل کر دیا جائے گا۔  اِس لیے یہوداہ اور بِنیامین کے سارے آدمی تین دن کے اندر یعنی نویں مہینے کے 20ویں دن یروشلم میں اِکٹھے ہوئے۔ سب لوگ سچے خدا کے گھر کے صحن میں بیٹھے تھے اور معاملے کی سنگینی اور تیز بارش کی وجہ سے کانپ رہے تھے۔‏ 10  تب کاہن عزرا اُٹھے اور اُن سے کہنے لگے:‏ ”‏آپ نے غیرقوم عورتوں سے شادیاں کر کے خدا سے بے‌وفائی کی ہے اور اِسرائیل کے گُناہوں میں اِضافہ کِیا ہے۔ 11  اب اپنے باپ‌دادا کے خدا یہوواہ کے سامنے اپنے گُناہوں کا اِقرار کریں اور اُس کی مرضی پر عمل کریں۔ آس‌پاس کی قوموں اور اپنی غیرقوم بیویوں سے تعلق توڑ دیں۔“‏ 12  اِس پر پوری جماعت نے اُونچی آواز میں جواب دیا:‏ ”‏ہمارا فرض ہے کہ ہم آپ کی بات پر ہوبہو عمل کریں۔ 13  لیکن بارش کے اِس موسم میں اِتنے زیادہ لوگوں کا باہر کھڑے رہنا ممکن نہیں ہے۔ اور یہ معاملہ ایسا نہیں ہے کہ ایک یا دو دن میں حل ہو جائے کیونکہ ہم نے بہت سنگین گُناہ کِیا ہے۔ 14  اِس لیے ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ پوری جماعت کی بجائے ہمارے حاکموں کو یہاں رُکنے دیں۔ پھر ہمارے شہروں میں جن لوگوں نے غیرقوم عورتوں سے شادیاں کی ہیں، وہ ایک طے‌شُدہ وقت پر اپنے شہر کے بزرگوں اور قاضیوں کے ساتھ یہاں آئیں۔ اِس طرح ہم اِس معاملے کے حوالے سے اپنے خدا کے غضب کو ٹھنڈا کر پائیں گے۔“‏ 15  لیکن عساہیل کے بیٹے یونتن اور تِقوہ کے بیٹے یحزیاہ نے اِس بات پر اِعتراض کِیا اور مِسُلّام اور سبّتی نے جو کہ لاوی تھے، اُن کا ساتھ دیا۔ 16  لیکن قید سے واپس آنے والے لوگوں نے ویسا ہی کِیا جیسا تجویز کِیا گیا تھا۔ دسویں مہینے کے پہلے دن کاہن عزرا اور آبائی خاندانوں کے سربراہ جن کے نام لکھے ہوئے تھے، اِس معاملے پر غور کرنے کے لیے الگ سے جمع ہوئے۔ 17  پہلے مہینے کے پہلے دن تک اُنہوں نے اُن سبھی آدمیوں کے معاملات نمٹا لیے جنہوں نے غیرقوم عورتوں سے شادیاں کی ہوئی تھیں۔ 18  اِس دوران یہ پتہ چلا کہ کاہنوں کے کچھ بیٹوں نے غیرقوم عورتوں سے شادیاں کی ہوئی تھیں یعنی یہوصدق کے بیٹے یشوع کے بیٹوں اور بھائیوں میں سے معسیاہ، اِلیعزر، یریب اور جدلیاہ نے۔ 19  لیکن اُنہوں نے وعدہ کِیا*‏ کہ وہ اپنی بیویوں کو اُن کے لوگوں میں واپس بھیج دیں گے اور اپنے گُناہ کی وجہ سے اپنے اپنے گلّے میں سے ایک ایک مینڈھے کی قربانی پیش کریں گے۔‏ 20  گُناہ کرنے والے دوسرے کاہن یہ تھے:‏ اِمّیر کے بیٹوں میں سے حنانی اور زِبدیاہ؛ 21  حارِم کے بیٹوں میں سے معسیاہ، ایلیاہ، سِمعیاہ، یحی‌ایل اور عُزّیاہ؛ 22  فشحور کے بیٹوں میں سے اِلیوعینی، معسیاہ، اِسماعیل، نِتنی‌ایل، یوزباد اور اِلعاسہ۔ 23  لاویوں میں سے یوزباد، سِمعی، قِلایاہ (‏یعنی قِلیتاہ)‏، فِتحیاہ، یہوداہ اور اِلیعزر نے گُناہ کِیا تھا 24  اور گلوکاروں میں سے اِلیاسب اور دربانوں میں سے سلّوم، طِلِم اور اُوری نے گُناہ کِیا تھا۔‏ 25  گُناہ کرنے والے اِسرائیلی یہ تھے:‏ پَرعوس کے بیٹوں میں سے رَمیاہ، یِزیاہ، مَلکیاہ، میامین، اِلیعزر، مَلکیاہ اور بِنایاہ؛ 26  عِیلام کے بیٹوں میں سے متنیاہ، زکریاہ، یحی‌ایل، عبدی، یراموت اور ایلیاہ؛ 27  زتُو کے بیٹوں میں سے اِلیوعینی، اِلیاسب، متنیاہ، یراموت، زاباد اور عزیزا؛ 28  ببی کے بیٹوں میں سے یہوحنان، حنانیاہ، زبّی اور عطلی؛ 29  بانی کے بیٹوں میں سے مِسُلّام، مَلّوک، عدایاہ، یسوب، سیال اور یراموت؛ 30  پخت‌موآب کے بیٹوں میں سے عدنا، کلال، بِنایاہ، معسیاہ، متنیاہ ، بِضلی‌ایل، بِنوی اور منسّی؛ 31  حارِم کے بیٹوں میں سے اِلیعزر، یِشیاہ، مَلکیاہ، سِمعیاہ، شمعون، 32  بِنیامین، مَلّوک اور سِمریاہ؛ 33  حاشوم کے بیٹوں میں سے متّنی، متتّاہ، زاباد، اِلیفالط، یریمی، منسّی اور سِمعی؛ 34  بانی کے بیٹوں میں سے معدی، عمرام، اُوایل، 35  بِنایاہ، بِدیاہ، کلوہی، 36  وَنیاہ، مِریموت، اِلیاسب، 37  متنیاہ، متّنی اور یعسو؛ 38  بِنوی کے بیٹوں میں سے سِمعی، 39  سِلمیاہ، ناتن، عدایاہ، 40  مکندبی، شاشائی، شارائی، 41  عزرایل، سِلمیاہ، سِمریاہ، 42  سلّوم، امریاہ اور یوسف 43  اور نبو کے بیٹوں*‏ میں سے یعی‌ایل، متِتیاہ، زاباد، زِبینا، یدّی، یُوایل اور بِنایاہ۔ 44  اِن سب نے غیرقوم عورتوں سے شادیاں کی تھیں اور اُنہوں نے اپنی بیویوں کو اُن کے بچوں کے ساتھ واپس اُن کے لوگوں میں بھیج دیا۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏عورتوں کو اپنے گھر میں لا کر“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏سے کانپتے ہیں“‏
یا ”‏کھانے کے کمرے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اپنا اپنا ہاتھ دیا“‏
یا شاید ”‏باشندوں“‏