سلیمان کی غزلُالغزلات 4:1-16
4 ”میری دلرُبا! تُم کتنی خوبصورت، کتنی حسین ہو!
نقاب سے جھانکتی تمہاری آنکھیں کبوتر کی آنکھوں جیسی ہیں۔
تمہاری زُلفیں بکریوں کے اُس گلّے جیسی ہیں
جو جِلعاد کے پہاڑوں سے نیچے اُتر رہا ہو۔
2 تمہارے دانت بھیڑوں کے اُس گلّے جیسے ہیںجس کے بال ابھی ابھی کُترے گئے ہوں؛جو نہا کر پانی سے باہر آیا ہو؛جس میں ہر ایک کا جُڑواں ساتھی ہو
اور ایک بھی گم نہ ہوا ہو۔
3 تمہارے ہونٹ گہرے سُرخ رنگ کی ڈوری جیسے ہیںاور تمہاری باتیں دل کو میٹھی لگتی ہیں۔
نقاب کے پیچھے چھپے تمہارے دونوں گال*انار کے دو ٹکڑوں کی طرح ہیں۔
4 تمہاری گردن داؤد کے بُرج کی طرح ہےجسے پتھروں کے ردّے لگا کر کھڑا کِیا گیا ہے؛جس پر ایک ہزار ڈھالیں لٹکی ہیں،ہاں، زورآور آدمیوں کی ساری گول ڈھالیں۔
5 تمہاری چھاتیاں ہِرن کے دو بچوں جیسی ہیں،ہاں، غزال کے جُڑواں بچوں جیسیجو سوسن کے پھولوں کے بیچ چرتے ہیں۔“
6 ”اِس سے پہلے کہ دن کا وہ پہر آئےجب ٹھنڈی ہوا چلتی ہے اور سائے ڈھل جاتے ہیں،مَیں مُر کے پہاڑ اور لبان کی پہاڑی کی طرف جاؤں گی۔“
7 ”میری دلرُبا! تُم سر سے پاؤں تک خوبصورت ہو؛تُم میں کوئی نقص نہیں ہے۔
8 میری دُلہن! میرے ساتھ لبنان سے چلو،ہاں، چلو میرے ساتھ لبنان سے۔
اَمانہ* کی چوٹی سے، سنیرِ کی چوٹی سے،ہاں، حرمون کی چوٹی سے نیچے اُتر آؤجہاں شیروں کی ماندیں ہیں اور جہاں تیندوے پہاڑوں میں رہتے ہیں۔
9 میری محبوبہ!* میری دُلہن! تُم نے میرا دل چُرا لیا ہے۔تُم نے ایک ہی نظر میں،ہاں، اپنے ہار کے ایک موتی سے میرے دل پر قبضہ کر لیا ہے۔
10 میری محبوبہ!* میری دُلہن! تمہاری محبت کا اِظہار کتنا پیارا ہے!
تمہاری محبت کا اِظہار مے سے کہیں بہتر ہے!تمہارے عطر کی مہک ہر طرح کی خوشبو سے زیادہ اچھی ہے!
11 میری دُلہن! تمہارے لبوں سے چھتّے کا شہد ٹپکتا ہے۔
تمہاری زبان کے نیچے شہد اور دودھ رہتا ہےاور تمہارے لباس کی خوشبو لبنان کی خوشبو جیسی ہے۔
12 میری محبوبہ،* میری دُلہن ایک تالابند باغ ہے،ہاں، ایک تالابند باغ، ایک ایسا چشمہ جسے مُہر لگا کر بند کِیا گیا ہو۔
13 تمہاری شاخیں* اناروں کی جنت* ہیںجہاں عمدہ عمدہ پھل لگے ہیں، جہاں مہندی اور سُنبل کے پودے،
14 ہاں، سُنبل، زعفران، خوشبودار سرکنڈے، دارچینی،لوبان کے ہر طرح کے درخت، مُر، عُوداور سب عمدہ خوشبودار پودے بھی ہیں۔
15 تُم باغ کا چشمہ ہو، تازہ پانی کا کنواں ہواور لبنان سے بہتی ندیاں ہو۔
16 شمالی ہوا! جاگو!جنوبی ہوا! آؤ!
ہولے ہولے میرے باغ سے گزرو
اور اِس کی خوشبو بکھیر دو۔“
”میرا محبوب اپنے باغ میں آئےاور اِس کے عمدہ عمدہ پھل کھائے۔“
فٹ نوٹس
^ یا ”چھپی تمہاری دونوں کنپٹیاں“
^ یا ”لبنان کے مقابل پہاڑی سلسلے“
^ لفظی ترجمہ: ”میری بہن!“
^ لفظی ترجمہ: ”میری بہن!“
^ لفظی ترجمہ: ”میری بہن،“
^ یا شاید ”جِلد“
^ یا ”کا باغ“