متی 28‏:1‏-‏20

  • یسوع کو زندہ کِیا جاتا ہے (‏1-‏10‏)‏

  • پہرےداروں کو رشوت دی جاتی ہے (‏11-‏15‏)‏

  • شاگرد بنانے کا حکم (‏16-‏20‏)‏

28  سبت کے بعد ہفتے کے پہلے دن جب سورج نکل رہا تھا تو مریم مگدلینی اور دوسری والی مریم قبر کو دیکھنے آئیں۔‏ 2  اور دیکھو!‏ ایک بہت بڑا زلزلہ آیا تھا کیونکہ یہوواہ*‏ کا فرشتہ آسمان سے اُترا تھا اور اُس نے قبر کے مُنہ سے پتھر ہٹا دیا تھا اور اِس پتھر پر بیٹھ گیا تھا۔ 3  وہ بجلی کی طرح چمک رہا تھا اور اُس کے کپڑے برف کی طرح سفید تھے۔ 4  پہرےدار اُسے دیکھ کر ڈر کے مارے کانپنے لگے تھے اور اُن کی حالت مرنے والی ہو گئی تھی۔‏ 5  فرشتے نے عورتوں سے کہا:‏ ”‏ڈریں مت کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ آپ یسوع کو ڈھونڈ رہی ہیں جنہیں سُولی*‏ دی گئی تھی۔ 6  وہ یہاں نہیں ہیں۔ جیسے کہ اُنہوں نے کہا تھا، وہ زندہ ہو چکے ہیں۔ آئیں، مَیں آپ کو وہ جگہ دِکھاؤں جہاں اُنہیں رکھا گیا تھا۔ 7  پھر جا کر اُن کے شاگردوں کو بتائیں کہ ”‏یسوع کو مُردوں میں سے زندہ کر دیا گیا ہے۔ وہ آپ سے پہلے گلیل جا رہے ہیں۔ وہاں آپ اُنہیں دیکھیں گے۔“‏ مَیں آپ کو یہ پیغام دینے آیا تھا۔“‏ 8  اِس پر وہ عورتیں خوف اور خوشی کے مارے وہاں سے نکلیں اور شاگردوں کو خبر دینے کے لیے بھاگیں۔ 9  اور دیکھو!‏ راستے میں یسوع اُن سے ملے اور کہا:‏ ”‏سلام!‏“‏ تب وہ دونوں اُن کے قدموں پر گِر گئیں اور اُن کی تعظیم کرنے لگیں۔ 10  یسوع نے اُن سے کہا:‏ ”‏ڈریں مت۔ جائیں، جا کر میرے بھائیوں کو یہ سب کچھ بتائیں تاکہ وہ گلیل جائیں جہاں وہ مجھے دیکھیں گے۔“‏ 11  جب وہ عورتیں راستے میں تھیں تو کچھ پہرےدار شہر گئے اور سارا ماجرا اعلیٰ کاہنوں کو سنایا۔ 12  تب اعلیٰ کاہن اور بزرگ جمع ہوئے اور آپس میں صلاح مشورہ کر کے پہرےداروں کو چاندی کے بہت سے سِکے دیے 13  اور اُن سے کہا:‏ ”‏تُم لوگوں سے کہنا کہ ”‏رات کو جب ہم سو رہے تھے تو اُس کے شاگرد اُس کی لاش چوری کر کے لے گئے۔“‏ 14  اور اگر یہ بات کسی طرح حاکم کے کانوں تک پہنچ گئی تو فکر نہ کرنا؛ ہم اُسے سمجھا لیں گے۔“‏ 15  لہٰذا اُنہوں نے سِکے لیے اور بالکل ویسا ہی کِیا جیسا اُن سے کہا گیا تھا۔ اور یہ بات آج تک یہودیوں میں پھیلی ہوئی ہے۔‏ 16  لیکن 11 شاگرد گلیل میں اُس پہاڑ پر گئے جس پر یسوع نے اُن سے ملنا تھا۔ 17  جب اُنہوں نے یسوع کو دیکھا تو اُن کی تعظیم کی*‏ لیکن اُن میں سے کچھ کو اِس بات پر شک تھا کہ یہ یسوع ہیں۔ 18  یسوع اُن کے پاس آ کر کہنے لگے:‏ ”‏آسمان اور زمین کا سارا اِختیار مجھے دیا گیا ہے۔ 19  اِس لیے جائیں، سب قوموں کے لوگوں کو شاگرد بنائیں اور اُن کو باپ اور بیٹے اور پاک روح کے نام سے بپتسمہ دیں۔ 20  اور اُن کو اُن سب باتوں پر عمل کرنا سکھائیں جن کا مَیں نے آپ کو حکم دیا ہے۔ اور دیکھیں!‏ مَیں دُنیا کے آخری زمانے تک ہر وقت آپ کے ساتھ رہوں گا۔“‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏اُن کے سامنے جھکے“‏