مُکاشفہ 17:1-18
17 جن سات فرشتوں کے پاس سات کٹورے تھے، اُن میں سے ایک نے آ کر مجھ سے کہا: ”آئیں، مَیں آپ کو دِکھاتا ہوں کہ اُس عظیم فاحشہ کی سزا کیا ہوگی جو بہت سے پانیوں پر بیٹھی ہے
2 اور جس کے ساتھ زمین کے بادشاہوں نے حرامکاری* کی۔ اور زمین کے باشندے اُس کی حرامکاری* کی مے سے متوالے ہو گئے۔“
3 وہ مجھے روح کے اثر میں ویرانے میں لے گیا۔ اور مَیں نے ایک عورت کو دیکھا جو ایک گہرے سُرخ رنگ کے وحشی درندے پر بیٹھی تھی۔ اُس درندے کے سات سر اور دس سینگ تھے اور اُس کے پورے جسم پر ایسے نام لکھے تھے جن سے خدا کی توہین ہو۔
4 اُس عورت نے جامنی اور گہرے سُرخ رنگ کے کپڑے اور سونے اور قیمتی پتھروں اور موتیوں کے زیورات پہنے ہوئے تھے۔ اُس کے ہاتھ میں سونے کا پیالہ تھا جو گھناؤنی چیزوں اور اُس کی حرامکاری* کی ناپاکیوں سے بھرا ہوا تھا۔
5 اُس کے ماتھے پر ایک نام لکھا تھا جو ایک راز تھا۔ وہ نام یہ تھا: ”بابلِعظیم، فاحشاؤں اور زمین کی گھناؤنی چیزوں کی ماں!“
6 اور مَیں نے دیکھا کہ وہ عورت مُقدسوں کے خون اور یسوع کے گواہوں کے خون کے نشے میں دُھت ہے۔
جب مَیں نے اُس کو دیکھا تو مَیں بہت حیران ہوا۔
7 اِس لیے اُس فرشتے نے مجھ سے کہا: ”آپ حیران کیوں ہو رہے ہیں؟ مَیں آپ کو ایک راز بتاؤں گا جو عورت اور اُس وحشی درندے کے بارے میں ہے جس پر وہ سوار ہے اور جس کے سات سر اور دس سینگ ہیں۔ راز یہ ہے کہ
8 جو وحشی درندہ آپ نے دیکھا، وہ پہلے تھا، اب نہیں ہے لیکن وہ اتھاہ گڑھے سے نکلنے والا ہے اور ہلاک ہونے والا ہے۔ اور جب زمین کے باشندے یعنی وہ لوگ جن کے نام تب سے زندگی کی کتاب* میں نہیں لکھے گئے جب سے دُنیا کی بنیاد ڈالی گئی، یہ دیکھیں گے کہ وحشی درندہ پہلے تھا، اب نہیں ہے لیکن دوبارہ موجود ہوگا تو وہ حیران ہوں گے۔
9 اِس بات کو سمجھنے کے لیے عقلمندی اور دانشمندی کی ضرورت ہے۔ سات سروں کا مطلب سات پہاڑ ہیں جن پر وہ عورت بیٹھی ہے۔
10 اور یہ سات بادشاہ ہیں جن میں سے پانچ جا* چکے ہیں، ایک ابھی موجود ہے اور ایک ابھی نہیں آیا لیکن جب وہ آئے گا تو تھوڑی دیر کے لیے رہے گا۔
11 اور جو وحشی درندہ پہلے تھا مگر اب نہیں ہے، وہ بھی ایک بادشاہ ہے یعنی آٹھواں بادشاہ۔ لیکن یہ سات بادشاہوں میں سے نکلتا ہے اور ہلاک ہونے والا ہے۔
12 جو دس سینگ آپ نے دیکھے، اُن کا مطلب دس بادشاہ ہیں جن کو ابھی تک بادشاہت نہیں ملی لیکن اُن کو ایک گھنٹے کے لیے وحشی درندے کے ساتھ بادشاہوں کے طور پر اِختیار دیا جائے گا۔
13 اُن کا اِرادہ ایک ہی ہے اِس لیے وہ اپنی طاقت اور اِختیار وحشی درندے کے سپرد کر دیں گے۔
14 وہ میمنے کے ساتھ جنگ کریں گے لیکن چونکہ میمنا مالکوں کا مالک اور بادشاہوں کا بادشاہ ہے اِس لیے وہ اُن پر غالب آئے گا۔ اور میمنے کے ساتھی بھی غالب آئیں گے یعنی وہ جن کو بلایا اور چُنا گیا ہے اور جو وفادار ہیں۔“
15 اُس نے مجھ سے کہا: ”وہ پانی جو آپ نے دیکھے اور جن پر فاحشہ بیٹھی ہے، اُن کا مطلب نسلیں اور لوگ اور قومیں اور زبانیں ہیں۔
16 اور وحشی درندہ اور وہ دس سینگ جو آپ نے دیکھے، فاحشہ سے نفرت کریں گے اور اُسے برباد اور ننگا کریں گے اور اُس کا گوشت کھائیں گے اور اُسے آگ میں جلا کر راکھ کر دیں گے۔
17 کیونکہ خدا اُن کے دل میں یہ خیال ڈالے گا کہ وہ اُس کا اِرادہ جو اُن کا اپنا اِرادہ بھی ہے، پورا کرنے کے لیے اپنی بادشاہت اُس وقت تک وحشی درندے کے سپرد کریں جب تک خدا کی باتیں پوری نہ ہو جائیں۔
18 اور جس عورت کو آپ نے دیکھا، اُس کا مطلب وہ عظیم شہر ہے جو زمین کے بادشاہوں پر حکمرانی کرتا ہے۔“
فٹ نوٹس
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یونانی لفظ: ”پورنیا۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یونانی لفظ: ”پورنیا۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا ”طومار“
^ یونانی میں: ”گِر“