مُکاشفہ 8:1-13
8 جب اُس نے ساتویں مُہر کھولی تو آسمان پر تقریباً آدھے گھنٹے کے لیے خاموشی ہو گئی۔
2 اور مَیں نے اُن سات فرشتوں کو دیکھا جو خدا کے سامنے کھڑے ہیں اور اُنہیں سات نرسنگے* دیے گئے۔
3 پھر ایک اَور فرشتہ جس کے ہاتھ میں سونے کا بخوردان تھا، وہاں آیا اور قربانگاہ کے پاس کھڑا ہو گیا۔ اُس فرشتے کو بہت سا بخور دیا گیا تاکہ وہ اِسے سب مُقدسوں کی دُعاؤں کے ساتھ سونے کی قربانگاہ پر چڑھائے جو تخت کے سامنے تھی۔
4 اُس فرشتے نے بخور جلایا اور دھواں مُقدسوں کی دُعاؤں کے ساتھ خدا کے حضور اُٹھنے لگا۔
5 لیکن اُس نے فوراً ہی بخوردان لیا اور اِس میں قربانگاہ سے کچھ آگ بھری اور اِسے زور سے زمین پر پھینک دیا۔ پھر آوازیں اور گرج سنائی دی اور بجلیاں چمکیں اور ایک زلزلہ آیا۔
6 اور جن سات فرشتوں کے پاس سات نرسنگے تھے، وہ اُن کو پھونکنے کے لیے تیار ہوئے۔
7 پہلے فرشتے نے نرسنگا پھونکا۔ تب زمین پر ایسے اَولے اور آگ برسائی گئی جن میں خون ملا ہوا تھا۔ اور زمین کا تیسرا حصہ جل گیا اور تمام درختوں کا تیسرا حصہ جل گیا اور سارے ہرے پودے بھی جل گئے۔
8 دوسرے فرشتے نے نرسنگا پھونکا۔ تب ایک چیز جو جلتے ہوئے پہاڑ کی طرح تھی، سمندر میں پٹخ دی گئی اور سمندر کا تیسرا حصہ خون ہو گیا۔
9 اور سمندر کے جانداروں کا تیسرا حصہ مر گیا اور بحری جہازوں کا تیسرا حصہ تباہ ہو گیا۔
10 تیسرے فرشتے نے نرسنگا پھونکا۔ تب آسمان سے ایک بہت بڑا ستارہ جو ایک چراغ کی طرح جل رہا تھا، دریاؤں اور چشموں کے تیسرے حصے پر جا گِرا۔
11 اُس ستارے کا نام ناگدون* تھا اور پانیوں کا تیسرا حصہ ناگدون بن گیا اور بہت سے لوگ اِن پانیوں کی وجہ سے مر گئے کیونکہ یہ پانی کڑوے ہو گئے تھے۔
12 چوتھے فرشتے نے نرسنگا پھونکا۔ تب سورج کے تیسرے حصے اور چاند کے تیسرے حصے اور ستاروں کے تیسرے حصے پر مصیبت بھیجی گئی تاکہ اُن کا تیسرا حصہ تاریک ہو جائے اور دن اور رات کے تیسرے حصے میں روشنی نہ رہے۔
13 اور مَیں نے دیکھا کہ آسمان پر ایک عقاب اُڑ رہا ہے اور اُونچی آواز میں کہہ رہا ہے کہ ”جو لوگ زمین پر رہتے ہیں، اُن پر افسوس! افسوس! افسوس! کیونکہ جن تین فرشتوں نے ابھی نرسنگے نہیں پھونکے، وہ اِنہیں پھونکنے والے ہیں۔“