نحمیاہ 3‏:1‏-‏32

  • دیواروں کی دوبارہ تعمیر ‏(‏1-‏32‏)‏

3  کاہنِ‌اعظم اِلیاسب اپنے بھائیوں یعنی کاہنوں کے ساتھ بھیڑ دروازہ بنانے کے لیے اُٹھے۔ اُنہوں نے اُسے پاک*‏ کِیا اور اُس کے دروازے لگائے۔ اُنہوں نے اُسے بُرجِ‌میاہ سے لے کر بُرجِ‌حنن‌ایل تک پاک کِیا۔  اُس سے آگے والا حصہ یریحو کے آدمی بنا رہے تھے اور اُس سے آگے والا حصہ اِمری کے بیٹے زکُور بنا رہے تھے۔‏  ہسناہ کے بیٹوں نے مچھلی دروازہ بنایا۔ اُنہوں نے لکڑی سے اُس کی چوکھٹ بنائی اور اُس کے دروازے، چٹخنیاں اور کُنڈے لگائے۔  اُس سے آگے والے حصے کی مرمت مِریموت نے کی جو کہ اُوریاہ کے بیٹے اور ہقّوض کے پوتے تھے؛ اُس سے آگے والے حصے کی مرمت مِسُلّام نے کی جو مِشیزبیل کے بیٹے بِرکیاہ کے بیٹے تھے اور اُس سے آگے والے حصے کی مرمت بعنہ کے بیٹے صدوق نے کی۔  اُس سے آگے والے حصے کی مرمت تقوعیوں نے کی لیکن اُن کے مُعزز آدمی اپنے مالکوں کے تحت کام کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔‏*  فاسح کے بیٹے یویدع اور بسودیاہ کے بیٹے مِسُلّام نے پُرانے شہر کے دروازے کی مرمت کی۔ اُنہوں نے لکڑی سے اُس کی چوکھٹ بنائی اور پھر اُس کے دروازے، چٹخنیاں اور کُنڈے لگائے۔  اُس سے آگے والے حصے کی مرمت مِلَطیاہ جِبعونی اور یدون مِرونوتی نے کی۔ یہ آدمی جِبعون اور مِصفاہ سے تھے جو کہ بڑے دریا کے پار*‏ کے علاقے کے ناظم کے تحت تھے۔  اُس سے آگے والے حصے کی مرمت حرہیاہ کے بیٹے عُزّی‌ایل نے کی جو کہ ایک سُنار تھے۔ اُس سے آگے والے حصے کی مرمت حنانیاہ نے کی جو خوشبودار تیل*‏ بناتے تھے۔ اُن دونوں نے یروشلم میں چوڑی دیوار تک پکا راستہ*‏ بنایا۔  اُس سے آگے والے حصے کی مرمت حُور کے بیٹے رِفایاہ نے کی جو یروشلم کے آدھے ضلعے کے ایک حاکم تھے۔ 10  اُس سے آگے حرومف کے بیٹے یدایاہ نے اُس حصے کی مرمت کی جو اُن کے گھر کے سامنے تھا اور اُس سے آگے حسَبنیاہ کے بیٹے حطّوش نے مرمت کی۔‏ 11  حارِم کے بیٹے مَلکیاہ اور پخت‌موآب کے بیٹے حسوب نے ایک اَور حصے اور بُرجِ‌تنور کی مرمت کی۔ 12  اُس سے آگے والے حصے کی مرمت ہلوحیش کے بیٹے سلّوم نے اپنی بیٹیوں کے ساتھ مل کر کی۔ سلّوم یروشلم کے آدھے ضلعے کے ایک حاکم تھے۔‏ 13  حنون نے زنوح کے لوگوں کے ساتھ مل کر وادی دروازے کی مرمت کی۔ اُنہوں نے اُسے بنایا اور پھر اُس کے دروازے، چٹخنیاں اور کُنڈے لگائے۔ اُنہوں نے کچرا دروازے*‏ تک دیوار کی مرمت کی جو کہ 1000 ہاتھ*‏ لمبی تھی۔ 14  ریکاب کے بیٹے مَلکیاہ نے جو کہ ضلع بیت‌ہکرِم کے ایک حاکم تھے، کچرا دروازے*‏ کی مرمت کی۔ اُنہوں نے اُسے بنایا اور پھر اُس کے دروازے، چٹخنیاں اور کُنڈے لگائے۔‏ 15  کُل‌حوزہ کے بیٹے سلّون نے جو کہ ضلع مِصفاہ کے ایک حاکم تھے، چشمہ دروازے کی مرمت کی۔ اُنہوں نے اُسے اور اُس کی چھت کو بنایا اور اُس کے دروازے، چٹخنیاں اور کُنڈے لگائے۔ اُنہوں نے شاہی باغ کے تالابِ‌سِلح*‏ کی دیوار کی بھی اُن سیڑھیوں تک مرمت کی جو داؤد کے شہر سے نیچے کی طرف جاتی ہیں۔‏ 16  اُس سے آگے عزبُوق کے بیٹے نحمیاہ نے جو کہ بیت‌صُور کے آدھے ضلعے کے ایک حاکم تھے، داؤد کے قبرستان کے سامنے سے لے کر مصنوعی تالاب اور سُورماؤں کے گھر تک مرمت کی۔‏ 17  اُس سے آگے والے حصے کی مرمت لاویوں نے کی۔ اُنہوں نے بانی کے بیٹے رِحوم کی نگرانی میں کام کِیا۔ اُس سے آگے قعیلہ کے آدھے ضلعے کے ایک حاکم حسَبیاہ نے اپنے ضلعے کی مرمت کی۔ 18  اُس سے آگے اُن کے بھائیوں نے حنداد کے بیٹے بوّی کی نگرانی میں مرمت کی جو قعیلہ کے آدھے ضلعے کے ایک حاکم تھے۔‏ 19  اُس سے آگے یشوع کے بیٹے عزر جو کہ ضلع مِصفاہ کے ایک حاکم تھے، ایک اَور حصے کی مرمت کر رہے تھے۔ وہ پُشتے*‏ کے پاس اسلحہ‌خانے کی چڑھائی کے سامنے والے حصے کی مرمت کر رہے تھے۔‏ 20  اُس سے آگے زبّی کے بیٹے بارُوک نے ایک اَور حصے کی مرمت کی جو کہ پُشتے سے لے کر کاہنِ‌اعظم اِلیاسب کے گھر کی دہلیز تک تھا۔ اُنہوں نے بڑے جوش سے کام کِیا۔‏ 21  اُس سے آگے مِریموت نے جو کہ اُوریاہ کے بیٹے اور ہقّوض کے پوتے تھے، ایک اَور حصے کی مرمت کی۔ اُنہوں نے اِلیاسب کے گھر کی دہلیز سے لے کر اُس حصے تک مرمت کی جہاں اِلیاسب کا گھر ختم ہوتا تھا۔‏ 22  اُس سے آگے اُردن*‏ کے علاقے*‏ کے کاہنوں نے مرمت کی۔ 23  اُس سے آگے بِنیامین اور حسوب نے اُس حصے کی مرمت کی جو اُن کے گھر کے سامنے تھا۔ اُس سے آگے عننیاہ کے پوتے اور معسیاہ کے بیٹے عزریاہ نے اپنے گھر کے قریب والے حصے کی مرمت کی۔ 24  اُس سے آگے حنداد کے بیٹے بِنوی نے ایک اَور حصے کی مرمت کی جو کہ عزریاہ کے گھر سے لے کر پُشتے تک اور دیوار کے کونے تک تھا۔‏ 25  اُس سے آگے اُوزی کے بیٹے فالال نے اُس حصے کی مرمت کی جو پُشتے اور اُس بُرج کے سامنے ہے جو بادشاہ کے محل سے نکلتا ہے اور جس کا اُوپر والا حصہ پہرےداروں کے صحن میں ہے۔ اُس سے آگے والے حصے کی مرمت پَرعوس کے بیٹے فِدایاہ نے کی۔‏ 26  عوفِل میں رہنے والے ہیکل کے خدمت‌گاروں*‏ نے مشرق میں پانی دروازے کے سامنے والے حصے اور اُس بُرج تک مرمت کی جو باہر کو نکلا ہوا ہے۔‏ 27  اُس سے آگے تقوعیوں نے ایک اَور حصے کی مرمت کی جو باہر کو نکلے ہوئے بڑے بُرج کے سامنے سے لے کر عوفِل کی دیوار تک ہے۔‏ 28  کاہنوں نے گھوڑا دروازے کے اُوپر اپنے اپنے گھر کے سامنے والے حصے کی مرمت کی۔‏ 29  اُس سے آگے اِمّیر کے بیٹے صدوق نے اُس حصے کی مرمت کی جو اُن کے گھر کے سامنے تھا۔‏ اُس سے آگے سِکنیاہ کے بیٹے سِمعیاہ نے جو کہ مشرقی دروازے کے پہرےدار تھے، مرمت کی۔‏ 30  اُس سے آگے سِلمیاہ کے بیٹے حنانیاہ اور صَلَف کے چھٹے بیٹے حنون نے ایک اَور حصے کی مرمت کی۔‏ اُس سے آگے بِرکیاہ کے بیٹے مِسُلّام نے اُس حصے کی مرمت کی جو اُن کے بڑے کمرے کے سامنے تھا۔‏ 31  اُس سے آگے سُناروں کی تنظیم کے رُکن مَلکیاہ نے ہیکل کے خدمت‌گاروں*‏ اور تاجروں کے گھر تک اور معائنہ دروازے کے سامنے والے حصے اور دیوار کے سِرے پر موجود اُوپر والے کمرے تک مرمت کی۔‏ 32  دیوار کے سِرے پر موجود اُوپر والے کمرے اور بھیڑ دروازے کے درمیان والے حصے کی مرمت سُناروں اور تاجروں نے کی۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏مخصوص“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کے لیے گردن نہیں جھکائی۔“‏
یعنی دریائے‌فرات کے مغرب
یا ”‏مرہم“‏
یا ”‏پتھروں کا فرش“‏
یا ”‏راکھ کے ڈھیر کے دروازے“‏
تقریباً 445 میٹر (‏1460 فٹ)‏۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
یا ”‏راکھ کے ڈھیر کے دروازے“‏
سِلح کا معنی ہے:‏ ”‏نہر۔“‏ یہ ایک تالاب تھا جس میں ایک نہر یا نالے کے ذریعے پانی آتا تھا۔‏
پُشتہ فصیل کے ساتھ حفاظت کے لیے بنائی جانے والی دیوار تھی۔‏
یا ”‏یردن“‏
یا شاید ”‏قریبی علاقے“‏
یا ”‏نتنیم۔“‏ لفظی ترجمہ:‏ ”‏دیے ہوئے لوگوں“‏
یا ”‏نتنیم۔“‏ لفظی ترجمہ:‏ ”‏دیے ہوئے لوگوں“‏