نحمیاہ 6‏:1‏-‏19

  • تعمیر کے کام کی مخالفت جاری رہتی ہے ‏(‏1-‏14‏)‏

  • دیوار 52 دن میں مکمل ‏(‏15-‏19‏)‏

6  جیسے ہی سَنبلّط، طوبیاہ، جشم عربی اور ہمارے باقی دُشمنوں نے سنا کہ مَیں نے دیوار دوبارہ بنا لی ہے اور اُس میں کوئی شگاف باقی نہیں بچا (‏حالانکہ ابھی تک مَیں نے دروازوں کے پلّے نہیں لگائے تھے)‏  تو سَنبلّط اور جشم نے فوراً مجھے یہ پیغام بھیجا:‏ ”‏آؤ اور ہم وادیِ‌اونو کے ایک گاؤں میں ملنے کے لیے وقت طے کریں۔“‏ لیکن وہ مجھے نقصان پہنچانے کی سازش گھڑ رہے تھے۔  اِس لیے مَیں نے اُن کے پاس‌قاصدوں کے ہاتھ یہ پیغام بھیجا:‏ ”‏مَیں ایک بہت اہم کام میں مصروف ہوں اور تُم سے ملنے نہیں آ سکتا۔ اگر مَیں تُم سے ملنے آیا تو یہ کام رُک جائے گا۔“‏  اُنہوں نے چار بار مجھے یہی پیغام بھیجا اور مَیں نے ہر بار اُنہیں یہی جواب دیا۔‏  پھر سَنبلّط نے اپنے خادم کے ہاتھ پانچویں بار مجھے یہی پیغام بھیجا۔ اُس خادم کے ہاتھ میں ایک کُھلا خط تھا۔  اُس خط میں لکھا تھا:‏ ”‏قوموں میں یہ خبر پھیلی ہے اور جشم نے بھی بتایا ہے کہ تُم اور یہودی بغاوت کرنے کی سازش کر رہے ہو۔ اِس لیے تُم یہ دیوار بنا رہے ہو اور اِن خبروں کے مطابق تُم اُن کے بادشاہ بننے والے ہو۔  اِس کے علاوہ تُم نے نبیوں کو مقرر کِیا ہے تاکہ وہ پورے یروشلم میں تمہارے بارے میں یہ اِعلان کریں:‏ ”‏اب یہوداہ میں ایک بادشاہ ہے!‏“‏ یہ ساری باتیں بادشاہ کو بتائی جائیں گی۔ اِس لیے آؤ، مل کر اِس معاملے پر بات کریں۔“‏  لیکن مَیں نے اُسے یہ جواب بھیجا:‏ ”‏جیسا تُم کہہ رہے ہو ویسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ تُم نے خود*‏ یہ باتیں گھڑی ہیں۔“‏  وہ سب ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے تھے اور سوچ رہے تھے:‏ ”‏اُن کی ہمت جواب دے جائے گی*‏ اور کام نہیں ہو پائے گا۔“‏ مگر اَے خدا!‏ مَیں تجھ سے دُعا کرتا ہوں کہ مجھے ہمت دے۔‏* 10  پھر مَیں دِلایاہ کے بیٹے اور مہیطبیل کے پوتے سِمعیاہ کے گھر گیا۔ اُس نے خود کو گھر میں بند کر رکھا تھا۔ اُس نے کہا:‏ ”‏آؤ سچے خدا کے گھر میں ہیکل کے اندر ملنے کے لیے وقت مقرر کریں۔ ہم ہیکل کے دروازے بند کر دیں گے کیونکہ وہ آپ کو مارنے آ رہے ہیں۔ وہ آج رات آپ کو مارنے آئیں گے۔“‏ 11  لیکن مَیں نے کہا:‏ ”‏کیا مجھ جیسے آدمی کو بھاگ جانا چاہیے؟ کیا مجھ جیسا آدمی ہیکل میں جا کر زندہ رہ سکتا ہے؟ مَیں ہیکل میں نہیں جاؤں گا!‏“‏ 12  پھر مَیں سمجھ گیا کہ اُسے خدا نے نہیں بھیجا تھا بلکہ طوبیاہ اور سَنبلّط نے اُسے میرے خلاف پیش‌گوئی کرنے کے لیے پیسے دیے تھے۔ 13  اُسے مجھے ڈرانے اور مجھ سے گُناہ کرانے کے لیے پیسے دیے گئے تھے تاکہ اُنہیں مجھے بدنام اور بے‌عزت کرنے کا موقع مل جائے۔‏ 14  اَے میرے خدا!‏ طوبیاہ اور سَنبلّط اور اُن کے کاموں کو یاد رکھنا اور نوعیدیاہ نبِیّہ اور دوسرے نبیوں کو بھی جو مسلسل مجھے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‏ 15  اِلُول*‏ کے مہینے کے 25ویں دن دیوار مکمل ہو گئی۔ اِسے بنانے میں 52 دن لگے۔‏ 16  جیسے ہی ہمارے سب دُشمنوں کو اِس بارے میں پتہ چلا اور اِردگِرد کی سب قوموں نے یہ دیکھا تو وہ بہت شرمندہ ہوئیں*‏ اور اُنہیں پتہ چل گیا کہ ہم اپنے خدا کی مدد سے ہی یہ کام مکمل کر پائے ہیں۔ 17  اُن دنوں میں یہوداہ کے نواب، طوبیاہ کو بہت سے خط بھیج رہے تھے اور طوبیاہ اُنہیں جواب دیتا تھا۔ 18  یہوداہ کے بہت سے لوگوں نے طوبیاہ کا ساتھ دینے کی قسم کھائی تھی کیونکہ وہ اَرخ کے بیٹے سِکنیاہ کا داماد تھا اور اُس کے بیٹے یہوحنان کی شادی بِرکیاہ کے بیٹے مِسُلّام کی بیٹی سے ہوئی تھی۔ 19  وہ لوگ مسلسل مجھے طوبیاہ کے بارے میں اچھی باتیں بتاتے تھے اور پھر مَیں جو کچھ کہتا تھا، وہ اُسے بتا دیتے تھے۔ اِس کے بعد طوبیاہ مجھے ڈرانے کے لیے خط بھیجتا تھا۔‏

فٹ‌ نوٹس

عبرانی میں:‏ ”‏اپنے دل سے“‏
عبرانی میں:‏ ”‏کے ہاتھ ڈھیلے پڑ جائیں گے“‏
عبرانی میں:‏ ”‏میرے ہاتھوں کو مضبوط کر۔“‏
‏”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 15.‏2 کو دیکھیں۔‏
عبرانی میں:‏ ”‏وہ اپنی ہی نظروں میں بہت گِر گئیں“‏