نحمیاہ 8‏:1‏-‏18

  • شریعت کی پڑھائی اور وضاحت ‏(‏1-‏12‏)‏

  • جھونپڑیوں کی عید منائی جاتی ہے ‏(‏13-‏18‏)‏

8  پھر سب لوگ ایک دل ہو کر پانی دروازے کے سامنے چوک میں جمع ہوئے اور اُنہوں نے نقل‌نویس عزرا سے کہا کہ وہ موسیٰ کی شریعت کی کتاب لائیں جس میں بنی‌اِسرائیل کے لیے یہوواہ کے حکم لکھے تھے۔  اِس پر کاہن عزرا ساتویں مہینے کے پہلے دن شریعت کی کتاب کو آدمیوں، عورتوں اور اُن سب لوگوں کی جماعت کے سامنے لائے جو سُن کر سمجھ سکتے تھے۔  عزرا نے اِسے پانی دروازے کے سامنے چوک میں صبح سویرے سے لے کر بھری دوپہر تک آدمیوں، عورتوں اور اُن سب کے سامنے اُونچی آواز میں پڑھا جو اِسے سمجھ سکتے تھے اور لوگوں نے شریعت کی کتاب کی باتوں کو بہت دھیان سے سنا۔  نقل‌نویس عزرا لکڑی کے ایک چبوترے پر کھڑے تھے جو خاص اِسی موقعے کے لیے بنایا گیا تھا اور اُن کے ساتھ اُن کی دائیں طرف متِتیاہ، سِمع، عنایاہ، اُوریاہ، خِلقیاہ اور معسیاہ کھڑے تھے اور بائیں طرف فِدایاہ، میساایل، مَلکیاہ، حاشوم، حسبدانہ، زکریاہ اور مِسُلّام کھڑے تھے۔‏  جب عزرا نے کتاب کھولی تو سب لوگ اُنہیں دیکھ سکتے تھے کیونکہ عزرا اُونچی جگہ پر کھڑے تھے۔ جیسے ہی اُنہوں نے کتاب کھولی، سب لوگ کھڑے ہو گئے۔  تب عزرا نے سچے اور عظیم خدا یہوواہ کی بڑائی کی جس پر سب لوگوں نے ہاتھ اُٹھا کر کہا:‏ ”‏آمین!‏*‏ آمین!‏“‏ پھر سب لوگ جھکے اور یہوواہ کے حضور مُنہ کے بل زمین پر لیٹ گئے۔  یشوع، بانی، سرِبیاہ، یمین، عقّوب، سبّتی، ہودیاہ، معسیاہ، قِلیتاہ، عزریاہ، یوزباد، حنان اور فِلایاہ جو کہ لاوی تھے، لوگوں کے سامنے شریعت کی باتوں کی وضاحت کر رہے تھے اور لوگ ابھی تک کھڑے ہوئے تھے۔  وہ اُس کتاب کو یعنی سچے خدا کی شریعت کو اُونچی آواز میں پڑھتے رہے، اُس کی اچھی طرح وضاحت کرتے رہے اور اُس کا مطلب سمجھاتے رہے۔ یوں اُنہوں نے اُن باتوں کو سمجھنے میں لوگوں کی مدد کی جو پڑھی جا رہی تھیں۔‏*  تب اُس وقت کے ناظم*‏ نحمیاہ، کاہن اور نقل‌نویس عزرا اور اُن لاویوں نے جو لوگوں کو تعلیم دے رہے تھے، سب لوگوں سے کہا:‏ ”‏یہ دن آپ کے خدا یہوواہ کے لیے پاک ہے۔ ماتم نہ کریں اور نہ روئیں۔“‏ اصل میں جب لوگوں نے شریعت کی باتوں کو سنا تھا تو وہ سب رونے لگ گئے تھے۔ 10  نحمیاہ نے اُن سے کہا:‏ ”‏جائیں اور عمدہ چیزیں*‏ کھائیں اور میٹھی چیزیں پئیں اور اُن لوگوں کو کھانے میں سے حصہ بھیجیں جن کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے۔ یہ دن ہمارے مالک کے لیے پاک ہے۔ اُداس نہ ہوں کیونکہ یہوواہ سے ملنے والی خوشی آپ کی طاقت*‏ ہے۔“‏ 11  لاویوں نے سب لوگوں کو چپ کراتے ہوئے کہا:‏ ”‏روئیں نہیں کیونکہ آج کا دن پاک ہے!‏ اُداس نہ ہوں۔“‏ 12  اِس لیے سب لوگ چلے گئے تاکہ کھائیں پئیں، دوسروں کو کھانے کی چیزیں بھیجیں اور بڑی خوشی منائیں کیونکہ وہ اُن باتوں کو سمجھ گئے تھے جو اُنہیں بتائی گئی تھیں۔‏ 13  دوسرے دن سب لوگوں کے آبائی خاندانوں کے سربراہ، کاہن اور لاوی نقل‌نویس عزرا کے پاس جمع ہوئے تاکہ شریعت کی باتوں کو اَور اچھی طرح سمجھ سکیں۔ 14  تب اُنہوں نے شریعت میں یہ لکھا ہوا دیکھا کہ یہوواہ نے موسیٰ کے ذریعے حکم دیا تھا کہ بنی‌اِسرائیل ساتویں مہینے میں عید کے دوران جھونپڑیوں*‏ میں رہیں 15  اور وہ اپنے سب شہروں اور سارے یروشلم میں یہ مُنادی اور اِعلان کریں:‏ ”‏پہاڑی علاقوں میں جاؤ اور جھونپڑیاں بنانے کے لیے زیتون کے درختوں، چیڑ کے درختوں، مہندی کے درختوں، کھجور کے درختوں اور دوسرے درختوں کی پتّوں والی شاخیں لاؤ جیسے کہ لکھا ہے۔“‏ 16  اِس لیے لوگ گئے اور ہر کوئی اپنی چھت پر، اپنے صحن میں، سچے خدا کے گھر کے صحن میں، پانی دروازے کے چوک میں اور اِفرائیمی دروازے کے چوک میں جھونپڑیاں بنانے کے لیے شاخیں لایا۔ 17  اِس طرح جماعت کے اُن سب لوگوں نے جو قید سے لوٹ کر آئے تھے، جھونپڑیاں بنائیں اور اُن میں رہے۔ بنی‌اِسرائیل نے نُون کے بیٹے یشوع کے زمانے سے لے کر اُس دن تک ایسا نہیں کِیا تھا۔ اِس لیے بہت زیادہ خوشی منائی گئی۔ 18  پہلے دن سے لے کر آخری دن تک ہر روز سچے خدا کی شریعت کی کتاب پڑھی گئی۔ اُنہوں نے سات دن تک عید منائی اور آٹھویں دن خاص اِجتماع تھا جیسے کہ ہدایت کی گئی تھی۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏ایسا ہی ہو!‏“‏
یا ”‏اُنہوں نے اِس طرح پڑھا کہ سننے والوں کو سمجھ آئے۔“‏
یا ”‏تِرشاتا۔“‏ یہ صوبے کے ناظم کو دیا گیا فارسی خطاب تھا۔‏
عبرانی میں:‏ ”‏چربی والی چیزیں“‏
عبرانی میں:‏ ”‏آپ کا قلعہ“‏
یا ”‏عارضی پناہ‌گاہوں“‏