واعظ 4:1-16
4 ایک بار پھر مَیں نے اُس سارے ظلم پر غور کِیا جو سورج تلے کِیا جاتا ہے۔ مَیں نے مظلوموں کے آنسو دیکھے اور اُنہیں تسلی دینے والا کوئی نہیں تھا۔ اُن پر ظلم ڈھانے والوں کے پاس طاقت تھی اور اُنہیں تسلی دینے والا کوئی نہیں تھا۔
2 پھر مَیں نے سوچا کہ جو لوگ مر چُکے ہیں، وہ اُن سے بہتر ہیں جو ابھی زندہ ہیں۔
3 اور اِن دونوں سے بہتر تو وہ اِنسان ہے جو ابھی پیدا ہی نہیں ہوا اور جس نے وہ بُرے کام نہیں دیکھے جو سورج تلے کیے جاتے ہیں۔
4 مَیں نے دیکھا ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے آگے نکلنے کے چکر میں سخت محنت اور مہارت سے کام کرتے ہیں۔ یہ بھی فضول اور ہوا کے پیچھے بھاگنے کی طرح ہے۔
5 احمق شخص ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا رہتا ہے اور خود کو برباد کر لیتا ہے۔*
6 تھوڑا سا* آرام بہت زیادہ* محنت اور ہوا کے پیچھے بھاگنے سے بہتر ہے۔
7 پھر مَیں نے سورج تلے ہونے والی ایک اَور فضول چیز پر غور کِیا:
8 ایک شخص ہے جو بالکل اکیلا ہے، اُس کا کوئی ساتھی نہیں ہے؛ نہ کوئی بیٹا ہے اور نہ بھائی۔ لیکن وہ دن رات محنت کرتا ہے۔ اُس کی آنکھیں کبھی اپنی دولت کو دیکھ دیکھ کر نہیں بھرتیں۔ لیکن کیا وہ خود سے پوچھتا ہے: ”مَیں کس کے لیے اِتنی محنت کر رہا ہوں اور خود کو* اچھی چیزوں سے محروم رکھ رہا ہوں؟“ یہ بھی فضول اور بڑے دُکھ کی بات ہے۔
9 ایک سے دو بہتر ہیں کیونکہ اُنہیں اُن کی محنت کا اچھا صلہ ملتا* ہے۔
10 اگر اُن میں سے ایک گِر جائے تو اُس کا ساتھی اُٹھنے میں اُس کی مدد کر سکتا ہے۔ لیکن جس کا کوئی ساتھی نہیں ہے، اگر وہ گِر جائے تو کون اُٹھنے میں اُس کی مدد کرے گا؟
11 اگر دو لوگ ساتھ لیٹیں تو وہ گرم رہیں گے۔ لیکن اکیلا شخص کیسے گرم رہ سکتا ہے؟
12 اکیلے شخص پر کوئی بھی حاوی ہو سکتا ہے لیکن دو لوگ مل کر اُس کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور تین دھاگوں والی ڈوری کو آسانی سے* نہیں توڑا جا سکتا۔
13 ایک غریب مگر دانشمند بچہ ایک بوڑھے مگر احمق بادشاہ سے بہتر ہوتا ہے جس میں اب اِتنی عقل نہیں ہے کہ وہ کسی کے مشورے کو مانے۔
14 وہ* قیدخانے سے نکل کر بادشاہ بن جاتا ہے حالانکہ وہ اُس بادشاہ کے دَور میں غریب پیدا ہوا تھا۔
15 مَیں نے سورج تلے چلنے پھرنے والے سب زندہ لوگوں پر غور کِیا اور اِس بات پر بھی کہ اُس نوجوان کے ساتھ کیا ہوتا ہے جو بادشاہ کی جگہ لے لیتا ہے۔
16 حالانکہ اُس کے بہت سے حمایتی ہیں لیکن اُس کے بعد آنے والے اُس سے خوش نہیں ہوں گے۔ یہ بھی فضول اور ہوا کے پیچھے بھاگنے کی طرح ہے۔
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”اور اپنا گوشت کھاتا ہے۔“
^ لفظی ترجمہ: ”ایک مُٹھی“
^ لفظی ترجمہ: ”دو مُٹھی“
^ لفظی ترجمہ: ”اپنی جان کو“
^ یا ”زیادہ فائدہ ہوتا“
^ یا ”جلدی“
^ شاید یہاں دانشمند بچے کی بات کی جا رہی ہے۔