پیدائش 12:1-20
12 یہوواہ نے اَبرام سے کہا: ”اپنے ملک، اپنے رشتےداروں اور اپنے باپ کے گھرانے کو چھوڑ کر اُس ملک جاؤ جو مَیں تمہیں دِکھاؤں گا۔
2 مَیں تمہیں ایک بڑی قوم بناؤں گا اور تمہیں برکت دوں گا۔ مَیں تمہارا نام اُونچا کروں گا اور تُم دوسروں کے لیے ایک برکت ثابت ہو گے۔
3 جو تمہیں دُعا دیں گے، اُنہیں مَیں برکت دوں گا اور جو تمہیں بددُعا دے گا، اُس پر مَیں لعنت کروں گا۔ تمہارے ذریعے زمین کے سب خاندانوں کو برکت ملے گی۔“*
4 لہٰذا اَبرام یہوواہ کے حکم کے مطابق روانہ ہوئے اور لُوط اُن کے ساتھ گئے۔ جب اَبرام حاران سے نکلے تو وہ 75 سال کے تھے۔
5 اَبرام اپنی بیوی ساری اور اپنے بھتیجے لُوط کے ساتھ ملک کنعان کے لیے روانہ ہوئے۔ وہ اُن ساری چیزوں کو بھی ساتھ لے گئے جو اُنہوں نے حاران میں حاصل کی تھیں اور اُن نوکرچاکروں* کو بھی جو اُنہیں حاران میں ملے تھے۔ جب وہ لوگ کنعان پہنچے
6 تو اَبرام اِس میں سفر کرتے کرتے سِکم تک گئے جو مورہ کے بڑے بڑے درختوں کے نزدیک ہے۔ اُس زمانے میں اُس ملک میں کنعانی آباد تھے۔
7 پھر یہوواہ اَبرام پر ظاہر ہوا اور اُن سے کہا: ”مَیں یہ ملک تمہاری نسل کو دوں گا۔“ اِس لیے اَبرام نے وہاں یہوواہ کے لیے ایک قربانگاہ بنائی جو اُن پر ظاہر ہوا تھا۔
8 بعد میں وہ وہاں سے اُس پہاڑی علاقے میں چلے گئے جو بیتایل کے مشرق میں ہے۔ وہاں اُنہوں نے اپنا خیمہ اِس طرح لگایا کہ اُن کے مغرب میں بیتایل تھا اور مشرق میں عی۔ اُس جگہ اُنہوں نے یہوواہ کے لیے ایک قربانگاہ بنائی اور یہوواہ کا نام لینے لگے۔
9 بعد میں اَبرام وہاں سے روانہ ہوئے اور جگہ جگہ پڑاؤ ڈالتے ہوئے نِجِب کی طرف بڑھے۔
10 پھر ملک کنعان میں قحط پڑا اور اَبرام کچھ عرصے کے لیے* مصر چلے گئے کیونکہ قحط بہت شدید تھا۔
11 جب وہ مصر میں داخل ہونے والے تھے تو اُنہوں نے اپنی بیوی ساری سے کہا: ”میری بات سنو! آپ بہت خوبصورت ہو۔
12 آپ کو میرے ساتھ دیکھ کر مصری سمجھ جائیں گے کہ آپ میری بیوی ہو۔ پھر وہ مجھے مار ڈالیں گے لیکن آپ کو زندہ رکھیں گے۔
13 اِس لیے آپ اُن سے یہ کہنا کہ آپ میری بہن ہو۔ اِس طرح وہ آپ کی وجہ سے میرے ساتھ اچھا سلوک کریں گے اور میری جان بچ جائے گی۔“
14 جیسے ہی اَبرام مصر میں داخل ہوئے، مصریوں نے دیکھا کہ ساری کتنی خوبصورت ہیں۔
15 فِرعون کے اعلیٰ عہدےداروں نے بھی ساری کو دیکھا اور فِرعون کے سامنے اُن کی تعریفیں کرنے لگے۔ اِس پر ساری کو فِرعون کے محل میں لایا گیا۔
16 فِرعون، ساری کی وجہ سے اَبرام کے ساتھ اچھی طرح پیش آیا اور اُنہیں بھیڑیں، گائے بیل، اُونٹ، گدھےگدھیاں اور نوکر نوکرانیاں دیں۔
17 تب یہوواہ اَبرام کی بیوی ساری کی وجہ سے فِرعون اور اُس کے گھرانے پر سنگین آفتیں لایا۔
18 اِس پر فِرعون نے اَبرام کو بُلایا اور اُن سے کہا: ”تُم نے میرے ساتھ اچھا نہیں کِیا۔ تُم نے مجھے کیوں نہیں بتایا کہ یہ تمہاری بیوی ہے؟
19 تُم نے یہ کیوں کہا کہ یہ تمہاری بہن ہے؟ مَیں اِس کو اپنی بیوی بنانے والا تھا۔ یہ رہی تمہاری بیوی۔ اِسے لے کر یہاں سے چلے جاؤ۔“
20 پھر فِرعون نے اپنے آدمیوں کو حکم دیا اور اُنہوں نے اَبرام کو اُن کی بیوی اور اُس سب کے ساتھ وہاں سے بھیج دیا جو اُن کے پاس تھا۔
فٹ نوٹس
^ یا ”سب خاندان اپنے لیے برکت حاصل کریں گے۔“
^ لفظی ترجمہ: ”جانوں“
^ یا ”پردیسی کے طور پر رہنے کے لیے“