پیدائش 48‏:1‏-‏22

  • یعقوب یوسف کے دو بیٹوں کو دُعا دیتے ہیں ‏(‏1-‏12‏)‏

  • اِفرائیم کے لیے زیادہ برکت کی دُعا ‏(‏13-‏22‏)‏

48  بعد میں یوسف کو یہ خبر ملی:‏ ”‏آپ کے والد کی صحت گِرتی جا رہی ہے۔“‏ اِس پر یوسف اپنے دونوں بیٹوں منسّی اور اِفرائیم کو ساتھ لے کر اُن سے ملنے گئے۔ 2  یعقوب کو بتایا گیا:‏ ”‏آپ کے بیٹے یوسف آپ سے ملنے آئے ہیں۔“‏ تب اِسرائیل ہمت کر کے اُٹھے اور اپنے بستر پر بیٹھ گئے۔ 3  یعقوب نے یوسف سے کہا:‏ ‏”‏لامحدود قدرت والا خدا ملک کنعان کے شہر لُوز میں مجھ پر ظاہر ہوا اور مجھے برکت دی۔ 4  اُس نے مجھ سے کہا:‏ ”‏مَیں تمہیں کثرت سے اولاد بخشوں گا، تمہاری تعداد بڑھاؤں گا، تمہیں ایک بہت بڑی قوم بناؤں گا اور یہ ملک تمہارے بعد تمہاری نسل کو ہمیشہ کے لیے دوں گا۔“‏ 5  میرے مصر آنے سے پہلے آپ کے جو دو بیٹے مصر میں پیدا ہوئے تھے، وہ میرے ہیں۔ جیسے رُوبِن اور شمعون میرے بیٹے ہیں ویسے ہی اِفرائیم اور منسّی بھی میرے بیٹے ہوں گے۔ 6  لیکن اِن کے بعد پیدا ہونے والے آپ کے بچے آپ کے ہوں گے۔ وہ اِفرائیم اور منسّی کے نام سے کہلائیں گے اور اُنہیں اُن دونوں کی وراثت میں سے حصہ ملے گا۔ 7  جب مَیں فدان سے آ رہا تھا تو آپ کی امی راخل نے ملک کنعان میں میرے سامنے دم توڑ دیا۔ اُس وقت ہم اِفرات سے کچھ دُور تھے۔اِس لیے مَیں نے اُنہیں وہیں اِفرات یعنی بیت‌لحم جانے والے راستے کے قریب دفنا دیا۔“‏ 8  پھر اِسرائیل نے یوسف کے بیٹوں کو دیکھ کر پوچھا:‏ ”‏یہ کون ہیں؟“‏ 9  یوسف نے اپنے والد کو جواب دیا:‏ ”‏یہ میرے بیٹے ہیں جو خدا نے مجھے یہاں مصر میں دیے ہیں۔“‏ تب یعقوب نے کہا:‏ ”‏مہربانی سے اِنہیں میرے پاس لاؤ تاکہ مَیں اِنہیں دُعا دوں۔“‏ 10  بڑھاپے کی وجہ سے اِسرائیل کی نظر اِتنی کمزور ہو گئی تھی کہ اُنہیں دِکھائی نہیں دیتا تھا۔ اِس لیے یوسف اپنے بیٹوں کو اُن کے قریب لائے۔ اِسرائیل نے اُنہیں چُوما اور گلے لگایا۔ 11  پھر اِسرائیل نے یوسف سے کہا:‏ ”‏مَیں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ مَیں آپ کا چہرہ دوبارہ دیکھ پاؤں گا لیکن خدا نے تو مجھے آپ کی اولاد بھی دِکھا دی ہے۔“‏ 12  اِس کے بعد یوسف نے اپنے بیٹوں کو اِسرائیل کے گُھٹنوں کے پاس سے اُٹھا دیا اور مُنہ کے بل زمین پر جھک گئے۔‏ 13  پھر یوسف اِفرائیم اور منسّی کو اِسرائیل کے قریب لائے۔ اُنہوں نے اِفرائیم کو اپنے دائیں ہاتھ سے پکڑ کر اِسرائیل کی بائیں طرف کھڑا کِیا اور منسّی کو اپنے بائیں ہاتھ سے پکڑ کر اِسرائیل کی دائیں طرف کھڑا کِیا۔ 14  لیکن اِسرائیل نے اپنا دایاں ہاتھ اِفرائیم کے سر پر رکھا حالانکہ وہ چھوٹے تھے اور اپنا بایاں ہاتھ منسّی کے سر پر رکھا۔ اُنہوں نے جان بُوجھ کر اپنے ہاتھ اِس طرح رکھے حالانکہ وہ جانتے تھے کہ منسّی پہلوٹھے ہیں۔ 15  پھر اُنہوں نے یوسف کو دُعا دی اور کہا:‏ ‏”‏وہ سچا خدا جس کی راہ پر میرے دادا اَبراہام اور میرے ابو اِضحاق چلتے رہے؛‏وہ سچا خدا جس نے آج تک ایک چرواہے کی طرح میری دیکھ‌بھال کی ہے؛‏ 16  وہ جو اپنے فرشتے کے ذریعے مجھے سب مصیبتوں سے نکالتا آیا ہے، اِن لڑکوں کو برکت دے۔‏ یہ میرے، میرے ابو اِضحاق اور میرے دادا اَبراہام کے نام سے جانے جائیں۔‏یہ زمین پر تعداد میں خوب بڑھ جائیں۔“‏ 17  جب یوسف نے دیکھا کہ اُن کے والد نے اپنا دایاں ہاتھ اِفرائیم کے سر پر رکھا ہے تو اُنہیں اچھا نہیں لگا۔ اِس لیے اُنہوں نے اپنے والد کا ہاتھ اِفرائیم کے سر سے اُٹھا کر منسّی کے سر پر رکھنے کی کوشش کی۔ 18  یوسف نے اپنے والد سے کہا:‏ ”‏نہیں ابو، پہلوٹھا وہ نہیں، یہ ہے۔ اپنا دایاں ہاتھ اِس کے سر پر رکھیں۔“‏ 19  لیکن اُن کے والد نے ایسا کرنے سے اِنکار کرتے ہوئے کہا:‏ ”‏مجھے پتہ ہے بیٹا، مجھے پتہ ہے۔ یہ بھی ایک بڑی اور عظیم قوم بنے گا۔ لیکن اِس کا چھوٹا بھائی اِس سے بھی زیادہ عظیم ہوگا اور اُس کی اولاد*‏ اِتنی بے‌شمار ہوگی کہ اُس سے قومیں وجود میں آئیں گی۔“‏ 20  اُس دن اِسرائیل نے اِفرائیم اور منسّی کو دُعا دیتے ہوئے کہا:‏ ‏”‏اِسرائیل کے بیٹے آپ کا نام لے کر ایک دوسرے کو یہ دُعا دیں:‏‏”‏خدا آپ کو اِفرائیم اور منسّی کی طرح برکت دے۔“‏“‏ اِس طرح اِسرائیل نے اِفرائیم کو منسّی سے زیادہ اہمیت دی۔‏ 21  اِس کے بعد اِسرائیل نے یوسف سے کہا:‏ ”‏دیکھو بیٹا!‏ مَیں تو مرنے والا ہوں لیکن خدا ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا اور آپ کو آپ کے باپ‌دادا کے ملک میں واپس لے جائے گا۔ 22  مَیں آپ کو آپ کے بھائیوں کی نسبت اُس زمین کا ایک حصہ*‏ زیادہ دے رہا ہوں جو مَیں نے اپنی تلوار اور تیر کمان کے زور پر اموریوں سے حاصل کی تھی۔“‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏نسل“‏
یا ”‏پہاڑ کی ایک ڈھلان“‏