پیدائش 9:1-29
9 خدا نے نوح اور اُن کے بیٹوں کو برکت دی اور اُن سے کہا: ”پھلو پھولو، تعداد میں خوب بڑھ جاؤ اور زمین کو بھر دو۔
2 زمین کے ہر جاندار، آسمان میں اُڑنے والے ہر جاندار، زمین پر چلنے پھرنے والی ہر چیز اور سمندر کی سب مچھلیوں پر تمہارا خوف اور دہشت رہے گی۔ مَیں اِن سب کو تمہارے ہاتھ* میں دے رہا ہوں۔
3 تُم ہر چلتے پھرتے جانور کو جو زندہ ہو، کھا سکتے ہو۔ جیسے مَیں نے تمہیں پودے خوراک کے طور پر دیے ہیں ویسے ہی مَیں تمہیں ہر چلتا پھرتا جانور بھی دیتا ہوں۔
4 تُم صرف اُس کا گوشت کھانا، خون ہرگز نہ کھانا کیونکہ خون اُس کی جان* ہے۔
5 اگر کوئی تمہارا خون بہائے جو کہ تمہاری جان ہے تو مَیں اُس سے اِس کا حساب لوں گا۔ اگر کوئی جانور تمہاری جان لے تو مَیں اُس سے حساب لوں گا اور اگر کوئی اِنسان ایسا کرے تو مَیں اُس سے اِس کا حساب لوں گا کیونکہ اُس نے اپنے بھائی کی جان لی۔
6 اگر کوئی کسی اِنسان کا خون بہائے گا تو اُس کا خون بھی اِنسان کے ذریعے بہایا جائے گا کیونکہ مَیں نے اِنسان کو اپنی شبیہ پر بنایا ہے۔“
7 خدا نے یہ بھی کہا: ”پھلو پھولو، تعداد میں خوب بڑھ جاؤ اور ساری زمین پر پھیل جاؤ۔“
8 پھر خدا نے نوح اور اُن کے بیٹوں سے کہا:
9 ”مَیں تُم سے اور تمہاری آنے والی نسلوں سے عہد باندھ رہا ہوں
10 اور ہر اُس جاندار* سے بھی جو تمہارے ساتھ ہے یعنی پرندوں، جانوروں اور زمین کے سب جانداروں سے، ہاں، زمین کے اُن سب جانداروں سے جو تمہارے ساتھ کشتی سے باہر نکلے ہیں۔
11 مَیں تُم سے یہ عہد باندھ رہا ہوں کہ مَیں دوبارہ کبھی سب جانداروں کو پانی کے طوفان سے ہلاک نہیں کروں گا اور نہ ہی زمین کو پانی کے طوفان سے تباہ کروں گا۔“
12 خدا نے یہ بھی کہا: ”مَیں تُم سے اور تمہارے ساتھ موجود ہر جاندار* سے جو عہد باندھ رہا ہوں، وہ تمہاری آنے والی سب پُشتوں کے لیے ہے اور اُس کی نشانی یہ ہے:
13 مَیں بادلوں میں اپنی دھنک رکھ رہا ہوں اور یہ اُس عہد کی نشانی ہوگی جو میرے اور زمین کے درمیان ہے۔
14 جب بھی مَیں زمین کے اُوپر بادل لاؤں گا تو اُن میں یہ دھنک ضرور نظر آئے گی۔
15 اور مَیں اُس عہد کو ضرور یاد کروں گا جو مَیں نے تُم سے اور ہر قسم کے جاندار* سے باندھا ہے اور مَیں پھر کبھی سب جانداروں کو پانی کے طوفان سے ہلاک نہیں کروں گا۔
16 دھنک بادلوں میں نظر آئے گی اور جب مَیں اِسے دیکھوں گا تو مَیں اپنے اُس ابدی عہد کو ضرور یاد کروں گا جو مَیں نے زمین پر موجود ہر قسم کے جاندار* سے باندھا ہے۔“
17 خدا نے ایک بار پھر نوح سے کہا: ”یہ اُس عہد کی نشانی ہے جو مَیں نے زمین پر موجود سب جانداروں سے باندھا ہے۔“
18 نوح کے بیٹے جو کشتی سے باہر آئے، اُن کے نام سِم، حام اور یافت تھے۔ بعد میں حام سے کنعان پیدا ہوئے۔
19 وہ تینوں نوح کے بیٹے تھے اور زمین پر موجود سب اِنسان اُنہی سے آئے اور ساری زمین پر پھیل گئے۔
20 پھر نوح کھیتیباڑی کرنے لگے اور اُنہوں نے انگور کا باغ لگایا۔
21 ایک دن اُنہوں نے مے پی اور اُنہیں نشہ ہو گیا اور اُنہوں نے اپنے خیمے میں اپنے کپڑے اُتار دیے۔
22 حام نے جو کنعان کے والد تھے، اپنے باپ کو ننگا دیکھا اور باہر جا کر اپنے دونوں بھائیوں کو بتایا۔
23 اِس پر سِم اور یافت نے ایک کپڑا لیا اور اِسے اپنے اپنے کندھوں پر رکھا اور اُلٹے قدم چل کر اندر گئے۔ اُنہوں نے اپنے باپ پر کپڑا ڈالا لیکن اُن کے مُنہ دوسری طرف تھے اور اُنہوں نے اپنے باپ کو ننگا نہیں دیکھا۔
24 جب نوح کا نشہ اُتر گیا اور اُنہیں پتہ چلا کہ اُن کے سب سے چھوٹے بیٹے نے اُن کے ساتھ کیا کِیا ہے
25 تو اُنہوں نے کہا:
”کنعان پر لعنت ہو۔
وہ اپنے بھائیوں کا سب سے ادنیٰ غلام* ہو۔“
26 اُنہوں نے یہ بھی کہا:
”سِم کے خدا یہوواہ کی بڑائی ہواور کنعان اُس کا غلام بنے۔
27 خدا یافت کو ایک وسیع علاقہ دےاور وہ سِم کے خیموں میں بسے۔
اور کنعان یافت کا بھی غلام ہو۔“
28 طوفان کے بعد نوح 350 سال اَور زندہ رہے۔
29 جب نوح فوت ہوئے تو اُن کی عمر 950 سال تھی۔
فٹ نوٹس
^ یا ”اِختیار“
^ یا ”زندگی“
^ لفظی ترجمہ: ”جان“
^ لفظی ترجمہ: ”جان“
^ لفظی ترجمہ: ”جان“
^ لفظی ترجمہ: ”جان“
^ لفظی ترجمہ: ”کے غلاموں کا غلام“