کُلسّیوں 4‏:1‏-‏18

  • مالکوں کے لیے ہدایات (‏1‏)‏

  • ‏”‏دُعا کرنے میں لگے رہیں“‏ (‏2-‏4‏)‏

  • دانش‌مندی سے کام لیں؛ وقت کا بہترین اِستعمال کریں (‏5، 6‏)‏

  • اِختتامی کلمات (‏7-‏18‏)‏

4  مالکو، اپنے غلاموں سے مناسب اور نیک سلوک کریں اور یاد رکھیں کہ آپ کا بھی ایک مالک ہے جو آسمان پر ہے۔‏ 2  دُعا کرنے میں لگے رہیں۔ اِس سلسلے میں چوکس رہیں اور شکرگزار ہوں۔ 3  ہمارے لیے بھی دُعا کریں کہ خدا کوئی راستہ نکالے تاکہ ہم اُس کے کلام کی مُنادی کر سکیں اور مسیح کے بارے میں مُقدس راز بتا سکیں جس کی وجہ سے مَیں قید میں ہوں۔ 4  یہ دُعا بھی کریں کہ مَیں اِس راز کو واضح طور پر بیان کر سکوں جیسے کہ مجھے کرنا چاہیے۔‏ 5  جب آپ اُن لوگوں کے ساتھ ہوں جو کلیسیا*‏ کے رُکن نہیں ہیں تو دانش‌مندی سے کام لیں اور اپنے وقت کا بہترین اِستعمال کریں۔ 6  آپ کی باتیں ہمیشہ دلکش اور نمک کی طرح ذائقے‌دار ہوں تاکہ آپ کو پتہ ہو کہ لوگوں کو کس طرح جواب دینا ہے۔‏ 7  میرے عزیز بھائی اور ہمارے مالک کے وفادار غلام اور خادم تخِکُس آپ کو میرے بارے میں سب کچھ بتائیں گے۔ 8  مَیں اُنہیں آپ کے پاس بھیج رہا ہوں تاکہ وہ آپ کو ہمارا حال چال بتائیں اور آپ کے دلوں کو تسلی دیں۔ 9  وہ میرے وفادار اور عزیز بھائی اُنیسمس کے ساتھ آئیں گے جو آپ کے ہاں ہوا کرتے تھے۔ وہ دونوں آپ کو یہاں کے حالات سے باخبر کریں گے۔‏ 10  ارِسترخس جو میرے ساتھ قید ہیں، آپ کو سلام کہہ رہے ہیں اور مرقس بھی جو برنباس کے رشتے کے بھائی ہیں (‏یہ وہی مرقس ہیں جن کے بارے میں آپ کو ہدایت دی گئی تھی کہ اگر وہ آپ کے پاس آئیں تو اُن کا خیرمقدم کریں۔)‏ 11  اور یسوع بھی جنہیں یُوستُس کہا جاتا ہے۔ یہ بھائی اُن میں سے ہیں جن کا ختنہ ہوا ہے۔ صرف یہی لوگ خدا کی بادشاہت کے سلسلے میں میرے ہم‌خدمت ہیں اور اِن کی وجہ سے مجھے بڑی تسلی ملی ہے۔ 12  اِپَفراس جو مسیح یسوع کے غلام ہیں اور آپ کے پاس سے آئے ہیں، آپ کو سلام دے رہے ہیں۔ وہ آپ کے لیے دل سے دُعا کرتے رہتے ہیں تاکہ آپ آخر تک پُختہ رہیں اور خدا کی مرضی پر پورا ایمان رکھیں۔ 13  مَیں اِس بات کا گواہ ہوں کہ وہ آپ کی اور اُن کی خاطر کتنی محنت کر رہے ہیں جو لودیکیہ اور ہیراپُلِس میں ہیں۔‏ 14  دیماس اور ہمارے عزیز معالج*‏ لُوقا آپ کو سلام کہہ رہے ہیں۔ 15  لودیکیہ کے بہن بھائیوں کو میرا سلام دیں اور بہن نِمفاس اور اُس کلیسیا کو بھی جو اُن کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ 16  جب آپ یہ خط پڑھ لیں تو یہ بندوبست کریں کہ اِسے لودیکیہ کی کلیسیا میں بھی پڑھا جائے اور جو خط لودیکیہ کو بھیجا گیا ہے، اُسے آپ کے ہاں بھی پڑھا جائے۔ 17  اِس کے علاوہ ارخِپُس سے کہیں کہ ”‏اُس خدمت پر دھیان دیں جو آپ نے مالک کے پیروکار کے طور پر قبول کی ہے تاکہ آپ اِسے اچھی طرح پورا کر سکیں۔“‏ 18  مَیں پولُس، اپنے ہاتھ سے آپ کو سلام لکھ رہا ہوں۔ میری قید کو یاد رکھیں۔ خدا کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏جماعت“‏
یا ”‏حکیم“‏