یُوایل 1‏:1‏-‏20

  • ٹڈیوں کا شدید حملہ ‏(‏1-‏14‏)‏

  • ‏”‏یہوواہ کا دن قریب ہے!‏“‏ ‏(‏15-‏20‏)‏

    • نبی یہوواہ کو پکارتا ہے ‏(‏19، 20‏)‏

1  یہوواہ کا یہ کلام فتوایل کے بیٹے یُوایل*‏ پر نازل ہوا:‏  2  ‏”‏بزرگو!‏ سنو؛‏ملک*‏ کے سب باشندو!‏ دھیان سے سنو۔‏ کیا تمہارے زمانے میں یا تمہارے باپ‌دادا کے زمانے میںایسا کچھ ہوا ہے؟‏  3  اِس بارے میں اپنے بیٹوں کو بتاؤ؛‏تمہارے بیٹے اپنے بیٹوں کو بتائیںاور اُن کے بیٹے اگلی پُشت کو بتائیں۔‏  4  جو کچھ ہڑپنے والی ٹڈیوں سے بچا، اُسے ٹڈی‌دَل نے کھا لیا؛‏جو کچھ ٹڈی‌دَل سے بچا، اُسے بغیر پَروں والی ٹڈیوں نے کھا لیااور جو کچھ بغیر پَروں والی ٹڈیوں سے بچا، اُسے بھوکی ٹڈیوں نے کھا لیا۔‏  5  شرابیو!‏ ہوش میں آؤ اور روؤ؛‏ مے پینے والو!‏ تُم سب دھاڑیں مار مار کر روؤکیونکہ تمہارے مُنہ سے میٹھی مے چھین لی گئی ہے۔‏  6  میرے ملک پر ایک قوم نے حملہ کر دیا ہے جس کے لوگ طاقت‌ور اور بے‌شمار ہیں؛‏ اُس کے دانت شیر کے دانتوں جیسے اور اُس کے جبڑے شیر کے جبڑوں جیسے ہیں۔‏  7  اُس نے میری انگور کی بیل تہس‌نہس کر دی ہےاور میرے اِنجیر کے درخت کا صرف مُڈھ*‏ چھوڑا ہے؛‏اُس نے اُن کی پوری چھال اُتار کر اُنہیں اِدھر اُدھر پھینک دیا ہے اور اُن کی ٹہنیوں کا صرف سفید حصہ چھوڑا ہے۔‏  8  تُم اُس کنواری*‏ کی طرح دھاڑیں مار مار کر روؤجو اپنے دُلہے*‏ کی موت پر ٹاٹ پہن کر ماتم کرتی ہے۔‏  9  یہوواہ کے گھر میں اناج کا نذرانہ اور مے کا نذرانہ آنا بند ہو گیا ہے؛‏یہوواہ کی خدمت کرنے والے کاہن ماتم کر رہے ہیں۔‏ 10  کھیت اُجاڑ دیا گیا ہے؛ زمین سوگ منا رہی ہے؛‏اناج برباد کر دیا گیا ہے؛ نئی مے سُوکھ گئی ہے؛ تیل ختم ہو گیا ہے۔‏ 11  کسان مایوس ہیں اور انگور کے باغوں کے مالی دھاڑیں مار مار کر رو رہے ہیںکیونکہ گندم اور جَو تباہ ہو گئی ہے؛‏کھیت کی فصل تہس‌نہس ہو گئی ہے؛‏ 12  انگور کی بیل مُرجھا گئی ہے؛‏اِنجیر کا درخت سُوکھ گیا ہے؛‏ انار، کھجور، سیب بلکہ میدان کے سارے درخت سُوکھ گئے ہیں؛‏لوگوں کی خوشی شرمندگی میں بدل گئی ہے۔‏ 13  کاہنو!‏ ٹاٹ اوڑھ کر*‏ ماتم کرو؛‏*قربان‌گاہ پر خدمت کرنے والو!‏ دھاڑیں مار مار کر روؤ؛‏ میرے خدا کی خدمت کرنے والو!‏ آؤ اور ٹاٹ اوڑھ کر رات گزاروکیونکہ تمہارے خدا کے گھر میں اناج کا نذرانہ اور مے کا نذرانہ آنا بند ہو گیا ہے۔‏ 14  روزے کا اِعلان کرو؛ ایک خاص اِجتماع بلا‌ؤ؛‏ اپنے خدا یہوواہ کے گھر میں بزرگوں اور ملک کے سب باشندوں کو اِکٹھا کرواور مدد کے لیے یہوواہ کو پکارو۔‏ 15  افسوس کہ وہ دن آ رہا ہے!‏ یہوواہ کا دن قریب ہے!‏وہ دن لامحدود قدرت کے مالک کی طرف سے تباہی لائے گا!‏ 16  ہماری آنکھوں کے سامنے سے کھانا اُٹھا لیا گیا ہے؛‏ہمارے خدا کے گھر سے خوشیاں اور جشن ختم کر دیا گیا ہے۔‏ 17  بیلچے کے نیچے پڑے بیج*‏ سُوکھ گئے ہیں؛‏ ذخیرہ‌خانے اُجڑ گئے ہیں؛‏ گودام ڈھا دیے گئے ہیں کیونکہ اناج سُوکھ گیا ہے۔‏ 18  مویشی بھی کراہ رہے ہیں؛‏ گائے بیلوں کے ریوڑ مارے مارے پھر رہے ہیں کیونکہ کوئی چراگاہ نہیں ہے؛‏ بھیڑوں کے گلّے سزا بھگت رہے ہیں۔‏ 19  اَے یہوواہ!‏ مَیں تجھے پکاروں گاکیونکہ آگ نے ویرانے کی چراگاہیں بھسم کر دی ہیںاور شعلوں نے میدان کے سارے درخت ہڑپ لیے ہیں۔‏ 20  جنگلی جانور بھی تجھ پر آس لگائے ہوئے ہیںکیونکہ ندیاں سُوکھ گئی ہیںاور آگ نے ویرانے کی چراگاہیں بھسم کر دی ہیں۔“‏

فٹ‌ نوٹس

معنی:‏ ”‏یہوواہ خدا ہے۔“‏
یا ”‏زمین“‏
تنے کا نچلا حصہ
یا ”‏جوان عورت“‏
یا ”‏شوہر“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کمر کَس کر“‏
یا ”‏چھاتی پِیٹو؛“‏
یا شاید ”‏خشک اِنجیر“‏