تواریخ کی پہلی کتاب 11‏:1‏-‏47

  • سارا اِسرائیل داؤد کو بادشاہ کے طور پر مسح کرتا ہے ‏(‏1-‏3‏)‏

  • صِیّون پر داؤد کا قبضہ ‏(‏4-‏9‏)‏

  • داؤد کے طاقت‌ور جنگجو ‏(‏10-‏47‏)‏

11  کچھ وقت بعد سارے اِسرائیلی حِبرون میں داؤد کے پاس جمع ہوئے اور اُن سے کہا:‏ ”‏دیکھیں، ہمارا آپ کے ساتھ خونی رشتہ ہے۔‏*  پہلے جب ساؤل بادشاہ تھے تو آپ ہی جنگ کے دوران اِسرائیل کی پیشوائی کرتے تھے۔‏*‏ اور آپ کے خدا یہوواہ نے آپ سے کہا:‏ ”‏تُم میری قوم اِسرائیل کی گلّہ‌بانی کرو گے اور تُم میری قوم اِسرائیل کے رہنما بنو گے۔“‏“‏  لہٰذا اِسرائیل کے سارے بزرگ حِبرون میں بادشاہ داؤد کے پاس آئے اور بادشاہ نے حِبرون میں یہوواہ کے سامنے اُن سے عہد باندھا۔ اِس کے بعد اُنہوں نے داؤد کو اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر مسح*‏ کِیا جیسے یہوواہ نے سموئیل کے ذریعے فرمایا تھا۔‏  بعد میں داؤد اور سارا اِسرائیل یروشلم یعنی یبوس کے لیے روانہ ہوا جہاں یبوسی آباد تھے۔  یبوس کے باشندوں نے داؤد کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا:‏ ”‏تُم یہاں کبھی قدم نہیں رکھ پاؤ گے۔“‏ لیکن داؤد نے صِیّون کے قلعے پر قبضہ کر لیا جو اب داؤد کا شہر کہلاتا ہے۔  داؤد نے کہا:‏ ”‏جو کوئی سب سے پہلے یبوسیوں پر حملہ کرے گا، وہ فوج کا سربراہ اور حاکم بنے گا۔“‏ ضِرُویاہ کے بیٹے یوآب سب سے پہلے گئے اور فوج کے سربراہ بن گئے۔  پھر داؤد اُس قلعے میں رہنے لگے۔ اِسی لیے اُسے داؤد کا شہر کہا جانے لگا۔  داؤد شہر کو ہر طرف سے بنانے لگے یعنی ٹیلے*‏ سے لے کر اِس کے گِرد کے علاقوں میں تعمیر کا کام کرنے لگے۔ اور یوآب نے شہر کے باقی حصوں کو دوبارہ بنایا۔  اِس طرح داؤد اَور طاقت‌ور ہوتے گئے اور فوجوں کا خدا یہوواہ اُن کے ساتھ تھا۔‏ 10  یہ داؤد کے طاقت‌ور جنگجوؤں کے سربراہ تھے جنہوں نے سارے اِسرائیل کے ساتھ مل کر داؤد کی حکمرانی میں اُن کا بھرپور ساتھ دیا اور اُنہیں بادشاہ بنایا جیسے یہوواہ نے اِسرائیل سے وعدہ کِیا تھا۔ 11  داؤد کے طاقت‌ور جنگجوؤں کے نام یہ ہیں:‏ یسوبعام جو ایک حکمونی کے بیٹے تھے اور تین جنگجوؤں میں سربراہ تھے۔ ایک بار اُنہوں نے اپنے نیزے سے 300 لوگوں کو مار گِرایا تھا۔ 12  اُن کے بعد اِلیعزر تھے جو دودو اخوحی کے بیٹے تھے۔ وہ اُن تین طاقت‌ور جنگجوؤں میں سے ایک تھے۔ 13  وہ فس‌دمّیم میں داؤد کے ساتھ تھے جہاں فِلسطینی جنگ کے لیے اِکٹھے ہوئے تھے۔ وہاں جَو کی فصل سے بھرا ایک کھیت تھا۔ لوگ فِلسطینیوں کی وجہ سے وہاں سے بھاگ گئے تھے۔ 14  لیکن اِلیعزر کھیت کی حفاظت کے لیے اِس کے بیچ میں کھڑے ہو گئے اور فِلسطینیوں کو مار گِراتے رہے۔ اِس طرح یہوواہ نے اِسرائیلیوں کو زبردست جیت*‏ دِلائی۔‏ 15  30 میں سے 3 سربراہ چٹان پر عدُلّام کے غار میں داؤد کے پاس گئے۔ اُس وقت فِلسطینیوں کی ایک فوج نے وادیِ‌رِفائیم میں پڑاؤ ڈالا ہوا تھا۔ 16  داؤد اُس وقت ایک محفوظ جگہ میں تھے اور فِلسطینیوں کی ایک چوکی بیت‌لحم میں تھی۔ 17  تب داؤد نے یہ خواہش ظاہر کی:‏ ”‏کاش مَیں اُس حوض کا پانی پی سکتا جو بیت‌لحم کے دروازے کے پاس ہے!‏“‏ 18  اِس پر وہ تینوں فِلسطینیوں کی خیمہ‌گاہ کو چیرتے ہوئے بیت‌لحم کے دروازے کے پاس موجود حوض تک پہنچے اور اُس میں سے پانی نکال کر داؤد کے پاس لائے۔ لیکن داؤد نے وہ پانی پینے سے اِنکار کر دیا اور اُسے یہوواہ کے حضور اُنڈیل دیا۔ 19  داؤد نے کہا:‏ ”‏مَیں ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا کیونکہ یہ میرے خدا کی نظر میں بالکل غلط ہوگا!‏ کیا مَیں اِن آدمیوں کا خون پیوں جنہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈالی کیونکہ یہ آدمی اپنی جان خطرے میں ڈال کر پانی لائے ہیں۔“‏ اِس لیے اُنہوں نے وہ پانی پینے سے اِنکار کر دیا۔ یہ وہ کام ہیں جو اُن کے تین طاقت‌ور جنگجوؤں نے کیے تھے۔‏ 20  یوآب کے بھائی ابیشے بھی تین جنگجوؤں میں سربراہ بنے۔ اُنہوں نے اپنے نیزے سے 300 آدمیوں کو قتل کِیا تھا اور پہلے تین جنگجوؤں کی طرح اُن کا بھی بڑا نام تھا۔ 21  وہ اِن تینوں میں باقی دو سے زیادہ مُعزز تھے اور اُن کے سربراہ تھے لیکن اُنہیں پہلے تینوں جتنا رُتبہ حاصل نہیں ہوا۔‏ 22  یہویدع کے بیٹے بِنایاہ ایک دلیر آدمی*‏ تھے جنہوں نے قبضی‌ایل میں بڑے بڑے کارنامے انجام دیے۔ اُنہوں نے موآب سے تعلق رکھنے والے اَری‌ایل کے دو بیٹوں کو مار گِرایا تھا اور ایک دن جب برف پڑ رہی تھی تو اُنہوں نے پانی کے گڑھے میں اُتر کر ایک شیر کو مار ڈالا تھا۔ 23  اُنہوں نے ایک لمبے چوڑے مصری آدمی کو بھی مار گِرایا تھا جس کا قد پانچ ہاتھ*‏ تھا۔ اُس مصری کے ہاتھ میں نیزہ تھا جو جُلا‌ہے کی کھڈی کے شہتیر جیسا تھا جبکہ بِنایاہ کے ہاتھ میں ایک لاٹھی تھی۔ اُنہوں نے مصری کے ہاتھ سے نیزہ چھین لیا اور اُسے اُسی کے نیزے سے مار ڈالا۔ 24  یہ وہ کام ہیں جو یہویدع کے بیٹے بِنایاہ نے کیے اور اُن کا اُتنا ہی نام تھا جتنا پہلے تین طاقت‌ور جنگجوؤں کا تھا۔ 25  حالانکہ وہ 30 جنگجوؤں میں سب سے مُعزز تھے لیکن اُنہیں پہلے تینوں جتنا رُتبہ حاصل نہیں ہوا۔ مگر داؤد نے اُنہیں اپنے ذاتی محافظوں کا سربراہ مقرر کِیا۔‏ 26  فوج میں شامل طاقت‌ور جنگجو یہ تھے:‏ یوآب کے بھائی عساہیل، بیت‌لحم سے تعلق رکھنے والے دودو کے بیٹے اِلحنان، 27  سمّوت حروری، خِلِص فلونی، 28  عِقّیس تقوعی کے بیٹے عیرا، ابی‌عزر عنتوتی، 29  سِبکی حُوساتی، عیلی اخوحی، 30  مَہری نطوفاتی، بعناہ نطوفاتی کے بیٹے حِلِد، 31  بِنیامینیوں کے شہر جِبعہ سے تعلق رکھنے والے رِیبی کے بیٹے اِتی، بِنایاہ فِرعاتونی، 32  جعس کی وادیوں*‏ سے تعلق رکھنے والے حُورائی، ابی‌ایل عرباتی، 33  عزماوِت بحوریمی، اِلیحبا سعلبونی، 34  ہشیم جِزونی کے بیٹے، شجی ہراری کے بیٹے یونتن، 35  سکار ہراری کے بیٹے اخیام، اُور کے بیٹے اِلفال، 36  حفر مکیراتی، اخیاہ فلونی، 37  حصرو کرمِلی، اِزبی کے بیٹے نعری، 38  ناتن کے بھائی یُوایل، ہاجری کے بیٹے مِبخار، 39  صِلَق عمونی، ضِرُویاہ کے بیٹے یوآب کے ہتھیار اُٹھانے والے نحری بِیروتی، 40  عیرا اِتری، جریب اِتری، 41  اُوریاہ حِتّی، اخلی کے بیٹے زاباد، 42  سیزا رُوبنیِ کے بیٹے عدینہ جو رُوبِنیوں کے ایک سربراہ تھے اور اُن کے ساتھ 30 اَور لوگ، 43  معکہ کے بیٹے حنان، یوسفط مِتنی، 44  عُزّیا عشتاروتی، خوتام عروعیری کے بیٹے سماع اور یعی‌ایل، 45  سِمری کے بیٹے یدیع‌ایل اور اُن کے بھائی یوخا تِیصی، 46  اِلی‌ایل محاوی، اِلناعم کے بیٹے یریبی اور یوساویاہ، اِتمہ موآبی، 47  اِلی‌ایل، عوبید اور یعسی‌ایل مضوبائی۔‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏ہم آپ کی ہڈی اور گوشت ہیں۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اِسرائیل کو باہر لے جاتے اور اندر لاتے تھے۔“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏مسح کرنا“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏مِلّو۔“‏ یہ ایک عبرانی لفظ ہے جس کا معنی ”‏بھرنا“‏ ہے۔‏
یا ”‏نجات“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏ایک بہادر آدمی کے بیٹے“‏
تقریباً 23.‏2 میٹر (‏3.‏7 فٹ)‏۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ میں ”‏وادی“‏ کو دیکھیں۔‏