تواریخ کی پہلی کتاب 14‏:1‏-‏17

  • داؤد کا تخت مضبوطی سے قائم ‏(‏1، 2‏)‏

  • داؤد کا گھرانہ ‏(‏3-‏7‏)‏

  • فِلسطینیوں کی شکست ‏(‏8-‏17‏)‏

14  صُور کے بادشاہ حِیرام نے داؤد کے پاس قاصد بھیجے۔ اِس کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے دیودار کی لکڑی، مستری اور بڑھئی بھی بھیجے تاکہ وہ سب داؤد کے لیے ایک محل بنائیں۔ 2  داؤد جانتے تھے کہ یہوواہ نے اِسرائیل پر اُن کے تخت کو مضبوطی سے قائم کِیا ہے کیونکہ اُس نے اپنی قوم اِسرائیل کی خاطر اُن کی بادشاہت کو نہایت سرفراز کِیا تھا۔‏ 3  داؤد نے یروشلم میں اَور عورتوں سے شادیاں کیں اور اُن کے اَور بیٹے بیٹیاں پیدا ہوئے۔ 4  یروشلم میں اُن کے جو بچے پیدا ہوئے، اُن کے نام یہ ہیں:‏ سمّوع، سوباب، ناتن، سلیمان، 5  اِبحار، اِلی‌سُوع، اِلفالط، 6  نوجہ، نِفِج، یافیع، 7  اِلی‌سمع، بعلیدع اور اِلیفالط۔‏ 8  جب فِلسطینیوں نے سنا کہ داؤد کو سارے اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر مسح کِیا گیا ہے تو سارے فِلسطینی اُن کی تلاش میں نکل پڑے۔ جب داؤد نے اِس بارے میں سنا تو وہ اُن سے جنگ کرنے نکلے۔ 9  پھر فِلسطینی آئے اور وادیِ‌رِفائیم میں دھاوا بولتے رہے۔ 10  داؤد نے خدا سے پوچھا:‏ ”‏کیا مَیں اُوپر جا کر فِلسطینیوں پر حملہ کروں؟ کیا تُو اُنہیں میرے حوالے کر دے گا؟“‏ اِس پر یہوواہ نے داؤد سے کہا:‏ ”‏جاؤ، مَیں اُنہیں ضرور تمہارے حوالے کر دوں گا۔“‏ 11  اِس لیے داؤد اُوپر بعل‌پِراضیم گئے اور وہاں اُنہوں نے فِلسطینیوں کو مار گِرایا۔ پھر اُنہوں نے کہا:‏ ”‏سچا خدا میرے ذریعے میرے دُشمنوں کی صفوں کو توڑ کر ایسے نکل آیا ہے جیسے پانی اپنے زور سے دیوار کو توڑ کر نکل آتا ہے۔“‏ اِس لیے اُس جگہ کا نام بعل‌پِراضیم*‏ رکھا گیا۔ 12  فِلسطینیوں نے اپنے بُت*‏ وہیں چھوڑ دیے اور داؤد کے حکم پر اُنہیں جلا دیا گیا۔‏ 13  بعد میں فِلسطینیوں نے پھر سے وادی میں دھاوا بول دیا۔ 14  داؤد نے دوبارہ خدا سے رہنمائی مانگی لیکن سچے خدا نے اُن سے کہا:‏ ”‏اُن پر سامنے سے حملہ نہ کرنا بلکہ پیچھے کی طرف سے جانا اور بکا جھاڑیوں کے سامنے سے حملہ کرنا۔ 15  جب تُم بکا جھاڑیوں کے اُوپر فوجوں کے چلنے کی آواز سنو تو حملہ کر دینا کیونکہ سچا خدا فِلسطینیوں کی فوج کو مار گِرانے کے لیے تمہارے آگے آگے جا چُکا ہوگا۔“‏ 16  داؤد نے ویسا ہی کِیا جیسا سچے خدا نے اُن کو حکم دیا تھا اور اُن لوگوں نے جِبعون سے لے کر جِزر تک فِلسطینی فوج کو مار گِرایا۔ 17  داؤد کی شہرت سب ملکوں میں پھیل گئی اور یہوواہ نے سب قوموں پر اُن کا خوف طاری کر دیا۔‏

فٹ‌ نوٹس

معنی:‏ ”‏توڑنے کا مالک“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏خدا“‏