تواریخ کی پہلی کتاب 15‏:1‏-‏29

  • لاوی خدا کا صندوق اُٹھا کر یروشلم لاتے ہیں ‏(‏1-‏29‏)‏

    • میکل داؤد کو حقیر سمجھتی ہیں ‏(‏29‏)‏

15  داؤد اپنے لیے داؤد کے شہر میں عمارتیں بنواتے رہے اور اُنہوں نے سچے خدا کے صندوق کے لیے ایک جگہ تیار کروائی اور اِس کے لیے ایک خیمہ لگوایا۔ 2  اُس وقت داؤد نے کہا:‏ ”‏لاویوں کے علاوہ کوئی سچے خدا کا صندوق نہیں اُٹھائے گا کیونکہ یہوواہ نے اُنہیں چُنا ہے کہ وہ یہوواہ کا صندوق اُٹھائیں اور ہمیشہ اُس کی خدمت کریں۔“‏ 3  پھر داؤد نے سارے اِسرائیل کو یروشلم میں جمع کِیا تاکہ یہوواہ کے صندوق کو اُس جگہ لائیں جو اُنہوں نے اِس کے لیے تیار کروائی تھی۔‏ 4  داؤد نے ہارون کی اولاد اور لاویوں کو جمع کِیا 5  یعنی قہاتیوں میں سے اُوری‌ایل کو جو سربراہ تھے اور اُن کے 120 بھائیوں کو؛ 6  مِراریوں میں سے عسایاہ کو جو سربراہ تھے اور اُن کے 220 بھائیوں کو؛ 7  جیرسومیوں میں سے یُوایل کو جو سربراہ تھے اور اُن کے 130 بھائیوں کو؛ 8  اِلی‌صفن کی اولاد میں سے سِمعیاہ کو جو سربراہ تھے اور اُن کے 200 بھائیوں کو؛ 9  حِبرونیوں میں سے اِلی‌ایل کو جو سربراہ تھے اور اُن کے 80 بھائیوں کو 10  اور عُزّی‌ایل کی اولاد میں سے عمی‌نداب کو جو سربراہ تھے اور اُن کے 112 بھائیوں کو۔ 11  اِس کے علاوہ داؤد نے کاہن صدوق اور کاہن ابی‌آتر اور لاویوں کو یعنی اُوری‌ایل، عسایاہ، یُوایل، سِمعیاہ، اِلی‌ایل اور عمی‌نداب کو بُلایا 12  اور اُن سے کہا:‏ ”‏آپ لاویوں کے آبائی خاندانوں کے سربراہ ہیں۔ خود کو اور اپنے بھائیوں کو پاک کریں اور اِسرائیل کے خدا یہوواہ کے صندوق کو اُس جگہ لائیں جو مَیں نے اِس کے لیے تیار کی ہے۔ 13  پہلے آپ نے اِسے نہیں اُٹھایا تھا اور ہم نے اِسے لانے کا صحیح طریقہ جاننے کی کوشش نہیں کی تھی۔ اِس وجہ سے ہمارے خدا یہوواہ کا قہر ہم پر ٹوٹ پڑا۔“‏ 14  اِس لیے کاہنوں اور لاویوں نے خود کو پاک کِیا تاکہ اِسرائیل کے خدا یہوواہ کا صندوق لائیں۔‏ 15  پھر لاویوں نے سچے خدا کا صندوق ڈنڈوں کے سہارے اپنے کندھوں پر اُٹھایا، بالکل ویسے ہی جیسے موسیٰ نے یہوواہ کے کلام کے مطابق حکم دیا تھا۔ 16  اِس کے بعد داؤد نے لاویوں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ اپنے گلوکار بھائیوں کو مقرر کریں کہ وہ سازوں یعنی تاردار سازوں، بربطوں*‏ اور جھانجھوں کے ساتھ اُونچی آواز میں خوشی سے گائیں۔‏ 17  اِس لیے لاویوں نے یُوایل کے بیٹے ہیمان کو اور اُن کے بھائیوں میں سے بِرکیاہ کے بیٹے آسَف کو اور اُن کے بھائیوں یعنی مِراریوں میں سے قُوسیاہ کے بیٹے اِیتان کو مقرر کِیا۔ 18  اُن کے ساتھ اُن کے بھائیوں کا دوسرا گروہ تھا جس میں یہ لوگ تھے:‏ زکریاہ، بِن، یعزی‌ایل، شِمیراموت، یحی‌ایل، عُنّی، اِلیاب، بِنایاہ، معسیاہ، متِتیاہ، اِلی‌فلیہو، مِقنیاہ اور عوبیدادوم اور یعی‌ایل جو دونوں دربان تھے۔ 19  گلوکار ہیمان، آسَف اور اِیتان نے تانبے کی جھانجھیں بجانی تھیں؛ 20  زکریاہ، عزی‌ایل، شِمیراموت، یحی‌ایل، عُنّی، اِلیاب، معسیاہ اور بِنایاہ نے علاموت*‏ کے مطابق تاردار ساز بجائے 21  اور متِتیاہ، اِلی‌فلیہو، مِقنیاہ، عوبیدادوم، یعی‌ایل اور عززیاہ نے موسیقاروں کے طور پر شِمِنیت*‏ کے مطابق بربط بجائے۔ 22  لاویوں کے سربراہ کنانیاہ نے صندوق کو لے جانے کے کام کی نگرانی کی کیونکہ وہ اِس حوالے سے ماہر تھے۔ 23  بِرکیاہ اور اِلقانہ دربانوں کے طور پر صندوق کی حفاظت کرتے تھے۔ 24  سِبیناہ، یوسفط، نِتنی‌ایل، عماسی، زکریاہ، بِنایاہ اور اِلیعزر نے جو سب کاہن تھے، سچے خدا کے صندوق کے سامنے اُونچی آواز میں نرسنگے بجائے۔ اور عوبیدادوم اور یحیاہ بھی دربانوں کے طور پر صندوق کی حفاظت کرتے تھے۔‏ 25  پھر داؤد ، اِسرائیل کے بزرگ اور ہزار ہزار کے دستوں کے سربراہ یہوواہ کے عہد کے صندوق کو عوبیدادوم کے گھر سے لانے کے لیے خوشی مناتے ہوئے گئے۔ 26  سچے خدا نے یہوواہ کے عہد کے صندوق کو اُٹھانے والے لاویوں کی مدد کی اور اُنہوں نے سات جوان بیل اور سات مینڈھے قربان کیے۔ 27  داؤد نے نفیس کپڑے کا بغیر بازوؤں والا چوغہ پہنا ہوا تھا جیسے صندوق اُٹھانے والے سب لاویوں، گلوکاروں اور کنانیاہ نے پہنا ہوا تھا جو صندوق کو لے جانے کی اور گلوکاروں کی نگرانی کرتے تھے۔ اِس کے علاوہ داؤد نے لینن کا افود بھی پہنا ہوا تھا۔ 28  سارے اِسرائیلی خوشی سے للکارتے ہوئے اور سینگ، نرسنگے، جھانجھیں اور اُونچی آواز میں تاردار ساز اور بربط بجاتے ہوئے یہوواہ کے عہد کا صندوق لا رہے تھے۔‏ 29  لیکن جب یہوواہ کے عہد کا صندوق داؤد کے شہر میں پہنچا تو ساؤل کی بیٹی میکل نے کھڑکی سے نیچے دیکھا کہ بادشاہ داؤد ناچ کُود رہے ہیں اور جشن منا رہے ہیں۔ اِس پر وہ دل میں داؤد کو حقیر سمجھنے لگیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

بربط ایک قسم کا تاردار ساز تھا۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ کو دیکھیں۔‏