تواریخ کی پہلی کتاب 22‏:1‏-‏19

  • ہیکل کی تعمیر کے لیے داؤد کی تیاریاں ‏(‏1-‏5‏)‏

  • سلیمان کے لیے داؤد کی ہدایتیں ‏(‏6-‏16‏)‏

  • حاکموں کو سلیمان کی مدد کرنے کا حکم ‏(‏17-‏19‏)‏

22  اِس کے بعد داؤد نے کہا:‏ ”‏یہ سچے خدا یہوواہ کا گھر ہے اور یہ اِسرائیل کے لیے بھسم ہونے والی قربانی کی قربان‌گاہ ہے۔“‏  پھر داؤد نے حکم دیا کہ اِسرائیل کے علاقے میں رہنے والے پردیسیوں کو اِکٹھا کِیا جائے۔ اُنہوں نے اُن لوگوں کو سچے خدا کا گھر بنانے کے لیے پتھر کاٹنے اور پتھر تراشنے کا کام دیا۔  داؤد نے دروازوں کی کیلوں اور قبضوں کے لیے بڑی مقدار میں لوہا تیار کروایا۔ اُنہوں نے تانبا بھی اِتنی زیادہ مقدار میں تیار کروایا کہ اُسے تولا نہیں جا سکتا تھا۔  اُنہوں نے دیودار کی بے‌حساب لکڑی بھی جمع کی کیونکہ صیدانی اور صُوری داؤد کے پاس بڑی مقدار میں دیودار کی لکڑی لائے تھے۔  داؤد نے کہا:‏ ”‏میرا بیٹا سلیمان کم‌عمر اور ناتجربہ‌کار*‏ ہے اور یہوواہ کے لیے جو گھر بنایا جانا ہے، اُسے اِنتہائی عالی‌شان ہونا چاہیے تاکہ سب ملکوں میں اُس کی شہرت اور اُس کی خوب‌صورتی کے چرچے ہوں۔ اِس لیے مَیں اپنے بیٹے کی خاطر تیاری کروں گا۔“‏ لہٰذا داؤد نے اپنی وفات سے پہلے بڑی تعداد میں سامان تیار کِیا۔‏  اِس کے علاوہ داؤد نے اپنے بیٹے سلیمان کو بُلا کر اُنہیں ہدایت کی کہ وہ اِسرائیل کے خدا یہوواہ کے لیے گھر بنائیں۔  داؤد نے سلیمان سے کہا:‏ ”‏میری دلی خواہش تھی کہ مَیں اپنے خدا یہوواہ کے نام کی بڑائی کے لیے گھر بناؤں۔  لیکن مجھے یہوواہ کی طرف سے یہ پیغام ملا:‏ ”‏تُم نے بہت زیادہ خون بہایا ہے اور بڑی جنگیں لڑی ہیں۔ تُم میرے نام کی بڑائی کے لیے گھر نہیں بناؤ گے کیونکہ تُم نے زمین پر میرے سامنے بہت زیادہ خون بہایا ہے۔  دیکھو، تمہارا ایک بیٹا ہوگا جو امن‌پسند ہوگا۔ مَیں اُسے اُس کے اِردگِرد کے سب دُشمنوں سے راحت بخشوں گا کیونکہ اُس کا نام سلیمان*‏ ہوگا اور مَیں اُس کے دَور میں اِسرائیل کو امن اور سکون بخشوں گا۔ 10  وہ میرے نام کی بڑائی کے لیے گھر بنائے گا۔ وہ میرا بیٹا ہوگا اور مَیں اُس کا باپ ہوں گا۔ مَیں اِسرائیل پر اُس کی حکمرانی کا تخت ہمیشہ کے لیے مضبوطی سے قائم کروں گا۔“‏ 11  میرے بیٹے!‏ یہوواہ آپ کے ساتھ ہو۔ میری دُعا ہے کہ آپ کامیاب ہو اور یہوواہ اپنے خدا کا گھر بناؤ جیسا اُس نے آپ کے سلسلے میں فرمایا ہے۔ 12  جب یہوواہ آپ کو اِسرائیل پر اِختیار بخشے تو وہ آپ کو عقل‌مندی اور سمجھ دے تاکہ آپ اپنے خدا یہوواہ کی شریعت پر عمل کرو۔ 13  اگر آپ اُن معیاروں اور فیصلوں کو مانو گے جنہیں اِسرائیل کو دینے کا حکم یہوواہ نے موسیٰ کو دیا تھا تو آپ کامیاب ہو گے۔ دلیر اور مضبوط بنو۔ ڈرو نہیں، خوف‌زدہ نہیں ہو۔ 14  مَیں نے بڑی محنت سے یہوواہ کے گھر کے لیے 1 لاکھ قِنطار*‏ سونا، 10 لاکھ قِنطار چاندی اور اِتنی بڑی مقدار میں تانبا اور لوہا جمع کِیا ہے کہ اِسے تولا نہیں جا سکتا۔ مَیں نے لکڑی اور پتھر بھی جمع کیے ہیں لیکن آپ اِن کی مقدار اَور بڑھاؤ گے۔ 15  آپ کے ساتھ کام کرنے والے آدمیوں کی ایک بڑی تعداد ہے جن میں پتھر کاٹنے والے، مستری، بڑھئی اور ہر طرح کے ماہر کاریگر شامل ہیں۔ 16  اور سونا، چاندی، تانبا اور لوہا بے‌حساب ہے۔ اُٹھو اور کام شروع کرو۔ یہوواہ آپ کے ساتھ ہو۔“‏ 17  اِس کے بعد داؤد نے اِسرائیل کے سب حاکموں کو اپنے بیٹے سلیمان کی مدد کرنے کا حکم دیا اور کہا:‏ 18  ‏”‏آپ کا خدا یہوواہ آپ کے ساتھ ہے اور اُس نے آپ کو ہر طرف سے امن اور سکون بخشا ہے۔ اُس نے اِس ملک کے لوگوں کو میرے حوالے کر دیا ہے اور اِس ملک پر یہوواہ اور اُس کے بندوں کا اِختیار قائم ہو گیا ہے۔ 19  اب پورے دل اور جان*‏ سے یہ عزم کریں کہ آپ اپنے خدا یہوواہ کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ سچے خدا یہوواہ کے لیے مُقدس مقام بنانا شروع کریں تاکہ یہوواہ کے عہد کا صندوق اور سچے خدا کی پاک چیزیں اُس گھر میں لائی جائیں جو یہوواہ کے نام کی بڑائی کے لیے بنایا جائے گا۔“‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏نازک“‏
یہ نام ایک عبرانی لفظ سے آیا ہے جس کا معنی ہے:‏ ”‏صلح؛ امن۔“‏
ایک قِنطار 2.‏34 کلوگرام (‏1101 اونس)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏