تواریخ کی پہلی کتاب 7‏:1‏-‏40

  • اِشّکار کی اولاد ‏(‏1-‏5‏)‏،‏ بِنیامین کی اولاد ‏(‏6-‏12‏)‏،‏ نفتالی کی اولاد ‏(‏13‏)‏،‏ منسّی کی اولاد ‏(‏14-‏19‏)‏،‏ اِفرائیم کی اولاد ‏(‏20-‏29‏)‏اور آشر کی اولاد ‏(‏30-‏40‏)‏

7  اِشّکار کے بیٹے یہ تھے:‏ تولع، فُوعہ، یسوب اور سِمرون یعنی چار بیٹے۔ 2  تولع کے بیٹے یہ تھے:‏ عُزّی، رِفایاہ، یری‌ایل، یحمی، اِبسام اور سِموایل اور یہ سب اپنے اپنے آبائی خاندانوں کے سربراہ تھے۔ تولع کی نسل میں سے طاقت‌ور جنگجو آئے جن کی تعداد داؤد کے زمانے میں 22 ہزار 600 تھی۔ 3  عُزّی کی اولاد*‏ یہ تھی:‏ اِزراخیاہ اور اِزراخیاہ کے بیٹے میکائیل، عبدیاہ، یُوایل اور یسیاہ۔ یہ پانچوں سربراہ تھے۔ 4  اُن کی اولاد اور اُن کے آبائی خاندانوں کے حساب سے اُن کے ساتھ اُن کی فوج میں جنگ کے لیے 36 ہزار سپاہی تھے کیونکہ اُن کی بہت سی بیویاں اور بہت سے بیٹے تھے۔ 5  اِشّکار کے سب گھرانوں میں اُن کے بھائی طاقت‌ور جنگجو تھے اور نسب‌نامے کے حساب سے اُن کی تعداد 87 ہزار تھی۔‏ 6  بِنیامین کے بیٹے یہ تھے:‏ بالع، بکر اور یدیع‌ایل یعنی تین بیٹے۔ 7  بالع کے بیٹے یہ تھے:‏ اِصبون، عُزّی، عُزّی‌ایل، یریموت اور عیری یعنی پانچ بیٹے۔ یہ اپنے اپنے آبائی خاندانوں کے سربراہ اور طاقت‌ور جنگجو تھے اور اُن کے نسب‌نامے کے حساب سے اُن کی تعداد 22 ہزار 34 تھی۔ 8  بکر کے بیٹے یہ تھے:‏ زِمیرہ، یوآس، اِلیعزر، اِلیوعینی، عمری، یراموت، ابی‌یاہ، عنتوت اور عَلِمت۔ یہ سب بکر کے بیٹے تھے۔ 9  اُن کے آبائی خاندانوں کے سربراہوں اور اُن کی اولاد کے نسب‌نامے کے حساب سے اُن کے طاقت‌ور جنگجوؤں کی تعداد 20 ہزار 200 تھی۔ 10  یدیع‌ایل کے بیٹے یہ تھے:‏ بِلہان اور بِلہان کے بیٹے یعوس، بِنیامین، اِہود، کنعانہ، زِیتان، ترسیس اور اخی‌سحر۔ 11  یہ سب یدیع‌ایل کے بیٹے تھے اور اُن کے آبائی خاندانوں کے نسب‌نامے کے حساب سے اُن کے طاقت‌ور جنگجوؤں کی تعداد 17 ہزار 200 تھی جو جنگ میں جانے کے لیے تیار رہتے تھے۔‏ 12  سُفّیم اور خُفّیم عیر کی اولاد*‏ تھے اور حُشیم احیر کی اولاد*‏ تھے۔‏ 13  نفتالی کے بیٹے یہ تھے:‏ یحصی‌ایل، جُونی، یصر اور سلّوم جو بِلہاہ کی اولاد*‏ تھے۔‏ 14  منسّی کے بیٹے یہ تھے:‏ اَسری‌ایل جو اُن کی سُوریانی حرم سے پیدا ہوئے۔ (‏اُس حرم سے جِلعاد کے والد مکیر پیدا ہوئے۔ 15  مکیر نے خُفّیم اور سُفّیم کی شادی کر دی اور اُن کی بہن کا نام معکہ تھا۔)‏ اُن کے دوسرے بیٹے صِلافحاد تھے لیکن صِلافحاد کی صرف بیٹیاں تھیں۔ 16  مکیر کی بیوی معکہ سے اُن کا ایک بیٹا پیدا ہوا جس کا نام اُنہوں نے فِرِس رکھا۔ فِرِس کے بھائی کانام شِرِس تھا اور شِرِس کے بیٹے یہ تھے:‏ اُولام اور رِقم۔ 17  اُولام کے بیٹے*‏ کا نام بِدان تھا۔ یہ جِلعاد کے بیٹے تھے جو مکیر کے بیٹے تھے جو منسّی کے بیٹے تھے۔ 18  اُن کی بہن کا نام ہمولِکِت تھا جس سے اِشہود، ابی‌عزر اور محلاہ پیدا ہوئے۔ 19  سمیدِع کے بیٹے یہ تھے:‏ اخیان، سِکم، لِقحی اور اَنیعام۔‏ 20  اِفرائیم کے بیٹے یہ تھے:‏ سُوتلح، سُوتلح کے بیٹے بِرد، بِرد کے بیٹے تاحت، تاحت کے بیٹے اِلیعدہ، اِلیعدہ کے بیٹے تاحت، 21  تاحت کے بیٹے زاباد، زاباد کے بیٹے سُوتلح اور عزر اور اِلیعد۔ جات کے آدمیوں نے جو اُس ملک میں پیدا ہوئے تھے، اُن آدمیوں کو مار ڈالا کیونکہ وہ اُن کے مویشی چوری کرنے گئے تھے۔ 22  اُن کے والد اِفرائیم نے بہت دنوں تک ماتم کِیا اور اُن کے بھائی اُنہیں تسلی دینے کے لیے آتے رہے۔ 23  بعد میں اُنہوں نے اپنی بیوی سے جنسی تعلق قائم کِیا اور وہ حاملہ ہوئی اور ایک بیٹے کو جنم دیا۔ لیکن اُنہوں نے اُس کا نام بِریعاہ*‏ رکھا کیونکہ اُن کی بیوی نے اُسے اُس وقت جنم دیا جب اُن کے گھرانے پر آفت ٹوٹ پڑی تھی۔ 24  اُن کی بیٹی کا نام سِراہ تھا جس نے نیچے اور اُوپر والا بیت‌حورون اور عُزّن‌سِراہ بنایا تھا۔ 25  اُن کے بیٹے یہ تھے:‏ رِفح، رِسَف، رِسَف کے بیٹے تِلاح، تِلاح کے بیٹے تحن، 26  تحن کے بیٹے لعدان، لعدان کے بیٹے عمی‌ہُود، عمی‌ہُود کے بیٹے اِلی‌سمع، 27  اِلی‌سمع کے بیٹے نُون اور نُون کے بیٹے یشوع۔‏* 28  اُن کی ملکیت اور بستیاں یہ تھیں:‏ بیت‌ایل اور اُس کے آس‌پاس کے*‏ قصبے، مشرق کی طرف نعران، مغرب کی طرف جِزر اور اُس کے آس‌پاس کے قصبے، سِکم اور اُس کے آس‌پاس کے قصبے اور عیّاہ*‏ اور اُس کے آس‌پاس کے قصبوں تک کا علاقہ، 29  منسّی کی اولاد کے قریب بیت‌شان اور اُس کے آس‌پاس کے قصبے، تعنک اور اُس کے آس‌پاس کے قصبے، مجِدّو اور اُس کے آس‌پاس کے قصبے اور دور اور اُس کے آس‌پاس کے قصبے۔ اِن میں اِسرائیل کے بیٹے یوسف کی اولاد رہتی تھی۔‏ 30  آشر کے بیٹے یہ تھے:‏ یِمنہ، اِسواہ، اِسوی اور بِریعاہ اور اُن کی بہن کا نام سِرح تھا۔ 31  بِریعاہ کے بیٹے یہ تھے:‏ حِبر اور مَلکی‌ایل جو بِرزایت کے والد تھے۔ 32  حِبر سے یفلیط، شومیر، خوتام اور اُن کی بہن سُوع پیدا ہوئی۔ 33  یفلیط کے بیٹے یہ تھے:‏ فاساک، بِمہال اور عسوات۔ یہ یفلیط کے بیٹے تھے۔ 34  سمر*‏ کے بیٹے یہ تھے:‏ اخی، روہجہ، یحُبہ اور اَرام۔ 35  اُن کے بھائی حیلم*‏ کے بیٹے یہ تھے:‏ صوفح، اِمنع، سِلِس اور عمل۔ 36  صوفح کے بیٹے یہ تھے:‏ سُوح، حرنفر، سُوعال، بِری، اِمراہ، 37  بصر، ہود، سمّا، سِلسہ، اِتران اور بِیرا۔ 38  یتر کے بیٹے یہ تھے:‏ یفُنّہ، فِسفاہ اور ارا۔ 39  عُلّہ کے بیٹے یہ تھے:‏ اَرخ، حنی‌ایل اور رِضیاہ۔ 40  یہ سب آشر کے بیٹے تھے اور اپنے اپنے آبائی خاندانوں کے سربراہ تھے۔ وہ چُنے ہوئے آدمی، طاقت‌ور جنگجو اور فوج کے سرداروں کے سربراہ تھے۔ نسب‌نامے کے حساب سے فوج میں اُن کے 26 ہزار آدمی تھے جو جنگ کے لیے تیار رہتے تھے۔‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹوں“‏
معنی:‏ ”‏آفت کے ساتھ“‏
یا ”‏یہوشوع۔“‏ معنی:‏ ”‏یہوواہ نجات ہے۔“‏
یا ”‏اُس کے ماتحت“‏
یا شاید ”‏غزہ۔“‏ یہ وہ غزہ نہیں ہے جو فِلسطیہ میں تھا۔‏
اِنہیں 32 آیت میں شومیر کہا گیا ہے۔‏
غالباً ”‏خوتام“‏ جن کا 32 آیت میں ذکر ہے