سلاطین کی پہلی کتاب 4:1-34
4 بادشاہ سلیمان سارے اِسرائیل پر حکمرانی کرتے تھے۔
2 اُن کے اعلیٰ عہدےداروں* کے نام یہ تھے: صدوق کے بیٹے عزریاہ کاہن تھے؛
3 شِیشا کے بیٹے اِلیحورِف اور اخیاہ مُنشی تھے؛ اخیلُود کے بیٹے یہوسفط شاہی تاریخنویس تھے؛
4 یہویدع کے بیٹے بِنایاہ فوج کے سربراہ تھے؛ صدوق اور ابیآتر کاہن تھے؛
5 ناتن کے بیٹے عزریاہ نگرانوں کے سربراہ تھے؛ ناتن کے بیٹے زبُود کاہن تھے اور بادشاہ کے دوست تھے؛
6 اخیسر شاہی گھرانے کے نگران تھے اور عبدا کے بیٹے ادونرام اُن کے سربراہ تھے جنہیں بادشاہ کی خدمت کرنے کا حکم دیا جاتا تھا۔
7 سلیمان نے سارے اِسرائیل میں 12 نگران مقرر کیے جو بادشاہ اور اُس کے گھرانے کے لیے کھانے کا اِنتظام کرتے تھے۔ اُن میں سے ہر ایک کی ذمےداری تھی کہ وہ سال میں ایک ایک مہینہ کھانے کا اِنتظام کرے۔
8 اُن کے نام یہ تھے: حُور کا بیٹا جس کے تحت اِفرائیم کا پہاڑی علاقہ تھا؛
9 دِقر کا بیٹا جس کے تحت مقص، سعلبیم، بیتشمس اور اِیلونبیتحنان کا علاقہ تھا؛
10 حصد کا بیٹا جس کے تحت ارُبوّت کا علاقہ تھا (اُس کے تحت شوکہ اور حفر کا سارا علاقہ تھا)؛
11 ابینداب کا بیٹا جس کے تحت دور کی ساری ڈھلانیں تھیں (سلیمان کی بیٹی طافت کی شادی اُس سے ہوئی)؛
12 اخیلُود کے بیٹے بعنہ جن کے تحت تعنک، مجِدّو اور بیتشان کا سارا علاقہ تھا جو ضرتان کے پاس اور یزرعیل سے نیچے ہے اور بیتشان سے ابیلمحولہ تک اور وہاں سے یُقمعام تک کا علاقہ تھا؛
13 جبر کا بیٹا جس کے تحت راماتجِلعاد کا علاقہ تھا (اُس کے تحت منسّی کے بیٹے یائیر کی خیمہ بستیاں تھیں جو جِلعاد میں ہیں؛ اُس کے تحت ارجوب کا علاقہ بھی تھا جو بسن میں ہے یعنی 60 بڑے فصیلدار شہر جن کے دروازوں پر تانبے کے کُنڈے لگے ہوئے تھے)؛
14 اِدّو کے بیٹے اخینداب جن کے تحت محنایم کا علاقہ تھا؛
15 اخیمعض جن کے تحت نفتالی کا علاقہ تھا (اُن کی شادی سلیمان کی بیٹی بشامتھ سے ہوئی)؛
16 حُوسی کے بیٹے بعنہ جن کے تحت آشر اور بعلوت کا علاقہ تھا؛
17 فروح کے بیٹے یہوسفط جن کے تحت اِشّکار کا علاقہ تھا؛
18 اِیلہ کے بیٹے سِمعی جن کے تحت بِنیامین کا علاقہ تھا؛
19 اُوری کے بیٹے جبر جن کے تحت جِلعاد کا علاقہ تھا جس پر پہلے اموریوں کے بادشاہ سیحون اور بسن کے بادشاہ عوج کی حکومت تھی۔ ملک کے اِن سب نگرانوں کے اُوپر بھی ایک نگران تھا۔
20 یہوداہ اور اِسرائیل کے لوگوں کی تعداد ساحل کی ریت کے ذرّوں کی طرح بےشمار تھی۔ اُنہیں کھانے پینے کی چیزوں کی کوئی کمی نہیں تھی اور وہ ایک خوشباش زندگی گزار رہے تھے۔
21 سلیمان کی حکمرانی بڑے دریا* سے لے کر فِلسطینیوں کے علاقے اور مصر کی سرحد تک کی ساری سلطنتوں پر تھی۔ وہ لوگ سلیمان کی پوری زندگی اُنہیں خراج دیتے رہے اور اُن کے خدمتگزار رہے۔
22 سلیمان کے محل میں ہر روز کھانے کے لیے یہ چیزیں اِستعمال ہوتی تھیں: 30 کور* میدہ، 60 کور* آٹا،
23 10 موٹے تازے گائے بیل، چراگاہوں میں چرنے والے 20 گائے بیل، 100 بھیڑیں اور کچھ ہِرن، غزال،* چھوٹے ہِرن اور موٹےتازے کوئل۔
24 سلیمان کے اِختیار میں بڑے دریا کے اِس پار* کے سارے علاقے تھے یعنی تِفسح سے غزہ تک۔ بڑے دریا کے اِس پار کے سب بادشاہ اُن کے ماتحت تھے اور اُن کے آسپاس کے سب علاقوں میں امن تھا۔
25 سلیمان کی ساری حکمرانی کے دوران دان سے بِیرسبع تک یہوداہ اور اِسرائیل کے سبھی لوگ اپنی اپنی انگور کی بیل اور اپنے اپنے اِنجیر کے درخت کے نیچے سلامتی سے رہ رہے تھے۔
26 سلیمان کے پاس اپنے رتھوں کے گھوڑوں کے لیے 4000* اِصطبل تھے اور 12 ہزار گھوڑے* تھے۔
27 یہ نگران بادشاہ سلیمان اور اُن کی میز پر کھانے والے ہر شخص کے لیے کھانے کا اِنتظام کرتے تھے۔ ہر مہینے جس نگران کی ذمےداری ہوتی تھی، وہ اِس بات کا خیال رکھتا تھا کہ کسی چیز کی کمی نہ ہو۔
28 وہ اپنی اپنی ذمےداری کے مطابق جہاں کہیں بھی ضرورت ہوتی تھی، گھوڑوں اور رتھ کھینچنے والے گھوڑوں کے لیے جَو اور بھوسے کا بھی اِنتظام کرتے تھے۔
29 خدا نے سلیمان کو بےاِنتہا دانشمندی اور سُوجھبُوجھ عطا کی اور اُنہیں اِتنا وسیع* دل دیا جو ساحل کی ریت کی طرح تھا۔
30 سلیمان کی دانشمندی مشرق کے سب لوگوں اور مصر کے سب لوگوں کی دانشمندی سے کہیں زیادہ تھی۔
31 وہ سب اِنسانوں سے زیادہ دانشمند تھے۔ وہ اِیتان اِزراخی اور محول کے بیٹوں ہیمان، کلکول اور دردع سے زیادہ دانشمند تھے۔ اُن کی شہرت آسپاس کی سب قوموں میں پھیل گئی۔
32 اُنہوں نے 3000 اَمثال* کہیں اور اُن کے گیتوں کی تعداد 1005 تھی۔
33 وہ درختوں کے بارے میں بات کرتے تھے یعنی لبنان کے دیوداروں سے لے کر زوفا کے بارے میں جو دیواروں پر اُگتا ہے۔ وہ جانوروں، پرندوں،* رینگنے والے جانوروں، کیڑے مکوڑوں اور مچھلیوں کے بارے میں بھی بات کرتے تھے۔
34 سب لوگ سلیمان کی دانشبھری باتیں سننے آتے تھے۔ اِن میں ساری زمین کے وہ بادشاہ بھی شامل ہوتے تھے جنہوں نے اُن کی دانشمندی کے بارے میں سنا ہوتا تھا۔
فٹ نوٹس
^ یا ”حاکموں“
^ یعنی دریائےفرات
^ 3300 کلوگرام؛ 6600 لیٹر۔ ”اِضافی مواد“ میں حصہ 14.2 کو دیکھیں۔
^ 6600 کلوگرام؛ 13 ہزار 200 لیٹر۔ ”اِضافی مواد“ میں حصہ 14.2 کو دیکھیں۔
^ ہِرن کی ایک قسم
^ یعنی دریائےفرات کے مغرب
^ یہ تعداد عبرانی صحیفوں کے کچھ نسخوں اور 2تو 9:25 میں دی گئی ہے۔ دوسرے نسخوں میں یہاں 40 ہزار لکھا ہے۔
^ یا ”گُھڑسوار“
^ یا ”سمجھ سے بھرا“
^ یا ”کہاوتیں“
^ یا ”اُڑنے والے جانداروں،“