سموئیل کی پہلی کتاب 10‏:1‏-‏27

  • ساؤل کو بادشاہ کے طور پر مسح کِیا جاتا ہے ‏(‏1-‏16‏)‏

  • ساؤل کا بادشاہ کے طور پر تعارف کرایا جاتا ہے ‏(‏17-‏27‏)‏

10  پھر سموئیل نے تیل کی کُپّی لی اور ساؤل کے سر پر تیل ڈالا۔ اُنہوں نے ساؤل کو چُوما اور کہا:‏ ”‏یہوواہ نے آپ کو اپنی قوم*‏ کے رہنما کے طور پر مسح*‏ کِیا ہے۔ 2  آج جب آپ میرے پاس سے نکلو گے تو آپ کو بِنیامین کے علاقے میں ضِلضح کے مقام پر راخل کی قبر کے پاس دو آدمی ملیں گے۔ وہ آپ سے کہیں گے کہ ”‏جن گدھیوں کو آپ ڈھونڈنے گئے تھے، وہ مل گئی ہیں۔ اب آپ کے والد گدھیوں کے لیے نہیں بلکہ آپ کے لیے فکرمند ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں:‏ ”‏مَیں اپنے بیٹے کو ڈھونڈنے کے لیے کیا کروں؟“‏“‏ 3  وہاں سے آپ آگے چلتے جانا جب تک آپ تبور کے بڑے درخت کے پاس نہ پہنچ جاؤ۔ آپ کو تین آدمی ملیں گے جو سچے خدا کی عبادت کرنے بیت‌ایل جا رہے ہوں گے۔ اُن میں سے ایک کے پاس بکری کے تین بچے ہوں گے، ایک کے پاس تین روٹیاں ہوں گی اور ایک کے پاس مے کا بڑا مٹکا ہوگا۔ 4  وہ آپ کا حال چال پوچھیں گے اور آپ کو دو روٹیاں دیں گے۔ آپ وہ روٹیاں لے لینا۔ 5  اِس کے بعد آپ سچے خدا کی پہاڑی پر پہنچو گے جہاں فِلسطینیوں کی چوکی ہے۔ جب آپ شہر میں پہنچو گے تو آپ کو نبیوں کا ایک گروہ ملے گا جو اُونچی جگہ سے نیچے آ رہا ہوگا۔ وہ نبی نبوّت کر رہے ہوں گے اور اُن کے آگے آگے ایک تاردار ساز، دف، بانسری اور بربط*‏ بجایا جا رہا ہوگا۔ 6  یہوواہ کی روح*‏ آپ کو طاقت بخشے گی۔ آپ اُن کے ساتھ نبوّت کرنے لگو گے اور ایک فرق شخص لگنے لگو گے۔ 7  جب یہ نشانیاں پوری ہو جائیں تو جو آپ کے بس میں ہو، وہ کرنا کیونکہ سچا خدا آپ کے ساتھ ہے۔ 8  پھر آپ مجھ سے پہلے نیچے جِلجال جانا۔ مَیں بھی وہاں آپ کے پاس آؤں گا تاکہ بھسم ہونے والی قربانیاں اور صلح*‏ والی قربانیاں پیش کروں۔ آپ سات دن تک میرے آنے کا اِنتظار کرنا۔ پھر مَیں آپ کو بتاؤں گا کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔“‏ 9  جیسے ہی ساؤل سموئیل کے پاس سے جانے کے لیے مُڑے، خدا نے اُن کا دل بدلنا شروع کر دیا اور وہ ایک فرق شخص بن گئے۔ اُس دن وہ سب نشانیاں پوری ہوئیں جو سموئیل نے بتائی تھیں۔ 10  ساؤل وہاں سے پہاڑی پر گئے اور اُنہیں نبیوں کا ایک گروہ ملا۔ اُسی لمحے خدا کی روح نے اُنہیں طاقت بخشی اور وہ اُن کے ساتھ مل کر نبوّت کرنے لگے۔ 11  جب اُن سب لوگوں نے ساؤل کو نبیوں کے ساتھ نبوّت کرتے دیکھا جو اُنہیں پہلے سے جانتے تھے تو وہ ایک دوسرے سے کہنے لگے:‏ ”‏قِیس کے بیٹے کو کیا ہو گیا ہے؟ کیا ساؤل بھی نبی بن گیا ہے؟“‏ 12  پھر وہاں کے ایک آدمی نے کہا:‏ ”‏لیکن یہ باقی نبی کس کے بیٹے ہیں؟“‏ اِس لیے یہ کہاوت بن گئی:‏ ”‏کیا ساؤل بھی نبی بن گیا ہے؟“‏ 13  جب ساؤل نے نبوّت کر لی تو وہ اُونچی جگہ پر آئے۔ 14  بعد میں ساؤل کے والد کے بھائی نے ساؤل اور اُن کے خادم سے پوچھا:‏ ”‏آپ لوگ کہاں گئے تھے؟“‏ اِس پر ساؤل نے کہا:‏ ”‏ہم گدھیوں کو ڈھونڈنے گئے تھے لیکن جب وہ ہمیں نہیں ملیں تو ہم سموئیل کے پاس چلے گئے۔“‏ 15  ساؤل کے والد کے بھائی نے اُن سے کہا:‏ ”‏مہربانی سے مجھے بتاؤ کہ سموئیل نے آپ سے کیا کہا؟“‏ 16  ساؤل نے جواب دیا:‏ ”‏اُنہوں نے ہمیں بتایا کہ گدھیاں مل چُکی ہیں۔“‏ لیکن ساؤل نے اُسے یہ نہیں بتایا کہ سموئیل نے اُن سے بادشاہ بننے کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔‏ 17  پھر سموئیل نے مِصفاہ میں لوگوں کو یہوواہ کے حضور بُلایا۔ 18  اُنہوں نے اِسرائیلیوں سے کہا:‏ ”‏اِسرائیل کے خدا یہوواہ نے فرمایا ہے:‏ ”‏مَیں ہی اِسرائیل کو مصر سے نکال کر لایا۔ مَیں نے ہی تمہیں مصریوں کے ہاتھ سے اور اُن سب سلطنتوں کے ہاتھ سے چھڑایا جو تُم پر ظلم ڈھا رہی تھیں۔ 19  لیکن آج تُم نے اپنے خدا کو رد کر دیا جس نے تمہیں تمہاری سب آفتوں اور مصیبتوں سے نجات دِلائی۔ تُم نے کہا:‏ ”‏نہیں، ہمارا ایک بادشاہ مقرر کریں۔“‏ اب تُم اپنے اپنے قبیلے اور اپنے اپنے خاندان*‏ کے حساب سے یہوواہ کے حضور کھڑے ہو جاؤ۔“‏“‏ 20  پھر سموئیل نے اِسرائیل کے سب قبیلوں کو قریب آنے کے لیے کہا اور بِنیامین کا قبیلہ چُنا گیا۔ 21  اِس کے بعد اُنہوں نے‌بِنیامین کے قبیلے کو اپنے اپنے خاندانوں کے حساب سے آگے آنے کو کہا اور مطری کا خاندان چُنا گیا۔ آخرکار قِیس کے بیٹے ساؤل کو چُنا گیا۔ لیکن جب لوگ ساؤل کو ڈھونڈنے لگے تو وہ اُنہیں کہیں نہیں ملے۔ 22  اِس لیے اُنہوں نے یہوواہ سے پوچھا:‏ ”‏کیا وہ آدمی یہاں آیا ہے؟“‏ یہوواہ نے جواب دیا:‏ ”‏وہ وہاں سامان کے بیچ چھپا ہوا ہے۔“‏ 23  وہ بھاگ کر گئے اور ساؤل کو وہاں سے لائے۔ جب ساؤل لوگوں میں کھڑے ہوئے تو وہ اِتنے لمبے تھے کہ باقی سب لوگ اُن کے کندھوں تک آ رہے تھے۔ 24  سموئیل نے سب لوگوں سے کہا:‏ ”‏اِس آدمی کو دیکھیں جسے یہوواہ نے چُنا ہے۔ کیا سب لوگوں میں اِس جیسا کوئی اَور ہے؟“‏ تب سارے لوگ اُونچی آواز میں کہنے لگے:‏ ”‏بادشاہ زندہ‌باد!‏“‏ 25  اِس کے بعد سموئیل نے لوگوں کو بتایا کہ بادشاہ کو کن کن چیزوں کا مطالبہ کرنے کا حق ہے اور اِنہیں ایک کتاب میں لکھ کر یہوواہ کے حضور رکھ دیا۔ پھر سموئیل نے سب لوگوں کو اپنے اپنے گھر بھیج دیا۔ 26  ساؤل بھی جِبعہ میں اپنے گھر چلے گئے۔ اُن کے ساتھ وہ جنگجو بھی تھے جن کے دل کو یہوواہ نے ترغیب دی تھی۔‏* 27  لیکن کچھ فضول لوگ کہنے لگے:‏ ”‏یہ ہمیں کیسے بچائے گا؟“‏ اِس طرح اُنہوں نے ساؤل کی حقارت کی۔ وہ اُن کے لیے کوئی تحفہ نہیں لائے۔ لیکن ساؤل نے اِس بارے میں کچھ نہیں کہا۔‏*

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏وراثت“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏مسح کرنا“‏ کو دیکھیں۔‏
ایک قسم کا تاردار ساز
یا ”‏قوت“‏
یا ”‏شراکت“‏
یا ”‏اور ہزار ہزار“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏چُھوا تھا۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏لیکن وہ ایک گونگے شخص جیسے بن گئے۔“‏