سموئیل کی پہلی کتاب 5‏:1‏-‏12

  • عہد کا صندوق فِلسطین کے علاقے میں ‏(‏1-‏12‏)‏

    • دجون کی بے‌عزتی ‏(‏1-‏5‏)‏

    • فِلسطینیوں پر وبا ‏(‏6-‏12‏)‏

5  جب فِلسطینیوں نے سچے خدا کے صندوق پر قبضہ کر لیا تو وہ اِسے ابن‌عزر سے اشدود لے گئے۔ 2  فِلسطینی سچے خدا کے صندوق کو اپنے دیوتا دجون کے مندر*‏ میں لے گئے اور اِسے دجون کے بُت کے پاس رکھ دیا۔ 3  اگلے دن جب اشدودی صبح سویرے اُٹھے تو اُنہوں نے دیکھا کہ دجون کا بُت یہوواہ کے صندوق کے سامنے مُنہ کے بل زمین پر گِرا ہوا ہے۔ اُنہوں نے دجون کے بُت کو اُٹھایا اور اُسے واپس اُس کی جگہ پر رکھ دیا۔ 4  اُس سے اگلے دن جب وہ صبح سویرے اُٹھے تو اُنہوں نے دیکھا کہ دجون کا بُت پھر سے یہوواہ کے صندوق کے سامنے مُنہ کے بل زمین پر گِرا ہوا ہے۔ بُت کا سر اور دونوں ہاتھ کٹ کر دہلیز پر پڑے ہوئے تھے، صرف اُس کا دھڑ جو مچھلی جیسا دِکھتا تھا،‏*‏ باقی رہ گیا تھا۔ 5  اِسی لیے آج تک اشدود میں دجون کے پجاری اور دجون کے مندر میں جانے والے باقی لوگ مندر کی دہلیز پر پاؤں نہیں رکھتے۔‏ 6  یہوواہ نے اشدودیوں کے خلاف کارروائی کی۔‏*‏ اُس نے اشدود اور اُس کے آس‌پاس کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بواسیر میں مبتلا کر کے اُن کا بُرا حال کر دیا۔ 7  یہ سب دیکھ کر اشدود کے آدمیوں نے کہا:‏ ”‏اِسرائیل کے خدا کا صندوق یہاں سے لے جاؤ کیونکہ وہ*‏ ہمارے ساتھ اور ہمارے دیوتا دجون کے ساتھ بڑی سختی سے پیش آیا ہے۔“‏ 8  اِس پر اُنہوں نے فِلسطینیوں کے سب حاکموں کو بُلوایا اور اُنہیں اِکٹھا کر کے پوچھا:‏ ”‏ہم اِسرائیل کے خدا کے صندوق کا کیا کریں؟“‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اِسرائیل کے خدا کے صندوق کو جات لے جاؤ۔“‏ اِس لیے وہ اِسرائیل کے خدا کے صندوق کو جات لے گئے۔‏ 9  جب وہ اِسے وہاں لے گئے تو یہوواہ*‏ نے اُن کے خلاف بھی کارروائی کی اور پورے شہر میں دہشت پھیل گئی۔ اُس نے شہر کے چھوٹے سے لے کر بڑے تک سب آدمیوں کو سزا دی اور اُنہیں بواسیر میں مبتلا کر دیا۔ 10  اِس لیے اُنہوں نے سچے خدا کے صندوق کو عِقرون بھیج دیا۔ جیسے ہی سچے خدا کا صندوق عِقرون پہنچا، عِقرونی چلّانے لگے:‏ ”‏وہ اِسرائیل کے خدا کے صندوق کو اِس لیے یہاں لائے ہیں تاکہ ہم اور ہمارے لوگ مارے جائیں!‏“‏ 11  اِس پر اُنہوں نے فِلسطینیوں کے سب حاکموں کو بُلوایا اور اُنہیں اِکٹھا کر کے اُن سے کہا:‏ ”‏اِسرائیل کے خدا کے صندوق کو دُور بھیج دیں۔ اِسے اِس کی جگہ پر واپس بھیج دیں تاکہ ہم اور ہمارے لوگ مارے نہ جائیں۔“‏ اُنہوں نے ایسا اِس لیے کِیا کیونکہ سارے شہر پر موت کا خوف چھایا ہوا تھا اور سچے خدا نے اُنہیں سخت سزا دی تھی۔‏* 12  جو آدمی مرے نہیں، وہ بواسیر میں مبتلا ہو گئے۔ اور مدد کے لیے شہر کے لوگوں کی پکار آسمان تک پہنچی۔‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏گھر“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏صرف دجون“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏یہوواہ کا ہاتھ اشدودیوں پر بھاری تھا۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُس کا ہاتھ“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏یہوواہ کے ہاتھ“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏خدا کا ہاتھ اُن پر بھاری تھا۔“‏