1-پطرس 1:1-25
1 یسوع مسیح کے رسول پطرس کی طرف سے اُن مسافروں کے نام خط جو پُنطُس، گلتیہ، کپدُکیہ، آسیہ اور بِتونیہ میں رہتے ہیں
2 اور جن کو خدا یعنی باپ نے اپنے اِرادے کے مطابق پہلے سے چُنا ہے اور پاک روح سے مخصوص* کِیا ہے تاکہ وہ فرمانبردار رہیں اور یسوع مسیح کا خون اُن پر چھڑکا جائے۔
خدا آپ کو اَور زیادہ رحمت اور سلامتی عطا کرے۔
3 ہمارے مالک یسوع مسیح کے خدا اور باپ کی بڑائی ہو کیونکہ اُس نے ہم پر بڑا رحم کِیا اور ہمیں نئے سرے سے پیدا کِیا تاکہ ہمیں یسوع مسیح کے جی اُٹھنے کی بِنا پر زندہ اُمید ملے
4 اور ایک پائیدار اور پاک اور لازوال وراثت حاصل ہو۔ یہ وراثت آپ کے لیے آسمان میں رکھی گئی ہے،
5 ہاں، آپ کے لیے جو ایمان رکھتے ہیں اور جنہیں خدا اپنی طاقت کے ذریعے محفوظ رکھتا ہے تاکہ آپ کو وہ نجات دے جو آخری زمانے میں ظاہر ہوگی۔
6 اِنہی باتوں کی وجہ سے تو آپ بہت خوش ہیں حالانکہ تھوڑی دیر کے لیے آپ کو طرح طرح کی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
7 یوں آپ کا ایمان پرکھا گیا اور اُس سونے سے کہیں زیادہ قیمتی نکلا جسے آگ میں ڈال کر پرکھا* تو گیا ہے لیکن پھر بھی تباہ ہو جاتا ہے۔ ایسا ایمان اُس وقت آپ کے لیے تعریف اور عظمت اور عزت کا باعث بنے گا جب یسوع مسیح ظاہر ہوں گے۔
8 حالانکہ آپ نے اُن کو کبھی نہیں دیکھا لیکن پھر بھی آپ اُن سے محبت کرتے ہیں۔ آپ اُن کو ابھی بھی نہیں دیکھ رہے لیکن پھر بھی آپ اُن پر ایمان ظاہر کر رہے ہیں اور بےاِنتہا اور ناقابلِبیان خوشی محسوس کر رہے ہیں
9 کیونکہ آپ کو یقین ہے کہ آپ اپنے ایمان کی منزل پائیں گے یعنی اپنی نجات۔*
10 اِس نجات کے متعلق اُن نبیوں نے بڑی تحقیق اور تفتیش کی جنہوں نے اُس عظیم رحمت کے بارے میں نبوّت کی جو آپ کو ملنی تھی۔
11 وہ تحقیق کرتے رہے کہ وہ باتیں کب اور کس زمانے میں ہوں گی جو پاک روح نے مسیح کے بارے میں ظاہر کی تھیں کیونکہ پاک روح نے پہلے سے بتا دیا تھا کہ مسیح کو کون سی تکلیفیں اُٹھانی پڑیں گی اور اِس کے بعد کون سی شاندار باتیں ہوں گی۔
12 اُن نبیوں پر ظاہر کِیا گیا کہ وہ اپنے لیے خدمت نہیں کر رہے بلکہ آپ کے لیے کیونکہ جن لوگوں نے آپ کو پاک روح کی مدد سے خوشخبری سنائی ہے، وہ اِنہی باتوں کے بارے میں بتا رہے ہیں۔ اور فرشتے بھی اِن باتوں کو سمجھنے کی بڑی خواہش رکھتے ہیں۔
13 لہٰذا سخت محنت کے لیے تیار ہو جائیں،* ہوشوحواس قائم رکھیں اور اُس عظیم رحمت کے منتظر رہیں جو تب آپ پر نازل ہوگی جب یسوع مسیح ظاہر ہوں گے۔
14 فرمانبردار بچوں کی طرح اُن خواہشوں پر عمل کرنا بند کر دیں جو آپ اپنی جہالت کے زمانے میں رکھتے تھے۔
15 اِس کی بجائے اُس پاک خدا کی طرح بنیں جس نے آپ کو بلایا ہے اور اپنے سارے چالچلن کو پاک کریں
16 کیونکہ لکھا ہے کہ ”پاک ہو کیونکہ مَیں بھی پاک ہوں۔“
17 اور اگر آپ اُس باپ سے دُعا کرتے ہیں جو تعصب نہیں کرتا بلکہ ہر ایک کی عدالت اُس کے کاموں کے مطابق کرتا ہے تو دُنیا میں اپنی مسافرت کے دوران اُس کے خوف سے زندگی گزاریں۔
18 کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ آپ اپنے باپدادا کے فضول طورطریقوں سے سونے اور چاندی کے ذریعے آزاد نہیں ہوئے* جو خراب ہو جاتے ہیں
19 بلکہ آپ مسیح کے قیمتی خون کے ذریعے آزاد ہوئے جو ایک بےداغ اور بےعیب میمنے* کے خون کی طرح ہے۔
20 یہ سچ ہے کہ اِس سے پہلے کہ دُنیا کی بنیاد ڈالی گئی، مسیح کو چُنا گیا لیکن اِس آخری زمانے میں اُسے آپ کی خاطر ظاہر کِیا گیا۔
21 اُسی کے ذریعے آپ خدا پر ایمان لائے جس نے اُس کو مُردوں میں سے زندہ کِیا اور عظمت دی۔ اِس لیے خدا پر ایمان رکھیں اور اُس سے اُمید لگائیں۔
22 آپ نے سچائی کا فرمانبردار ہو کر اپنے آپ* کو پاک کِیا ہے اور اِس کے نتیجے میں آپ ایک دوسرے کے لیے بےریا شفقت رکھتے ہیں۔ اِس لیے ایک دوسرے سے دل کی گہرائی سے محبت کریں۔
23 آپ کو زندہ اور ابدی خدا کے کلام کے ذریعے نئے سرے سے پیدا کِیا گیا ہے اور یہ ایسے بیج* سے نہیں ہوا جو خراب ہو سکتا ہے بلکہ ایسے بیج سے جو خراب نہیں ہو سکتا۔
24 جیسا کہ لکھا ہے کہ ”تمام اِنسان گھاس کی طرح ہیں اور اُن کی شان میدان کے پھولوں کی طرح ہے۔ گھاس سُوکھ جاتی ہے اور پھول مُرجھا جاتے ہیں
25 لیکن یہوواہ* کا کلام ہمیشہ تک رہتا ہے۔“ اور یہ ”کلام“ وہ خوشخبری ہے جو آپ کو سنائی گئی۔
فٹ نوٹس
^ یا ”پاک“
^ یا ”خالص کِیا“
^ یونانی میں: ”اپنی جانوں کی نجات۔“
^ یونانی میں: ”اپنے ذہن کو کمربستہ کریں“
^ یونانی میں: ”سونے اور چاندی کے فدیے کے ذریعے چھڑائے نہیں گئے“
^ یا ”برّے“
^ یونانی میں: ”اپنی جانوں“
^ یعنی ایسا بیج جو پھل لائے یا جس کے ذریعے نسل آگے بڑھے۔
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔