1-پطرس 5:1-14
5 چونکہ مَیں بھی ایک بزرگ ہوں اور مسیح کی اذیت کا گواہ ہوں اور اُس شان میں شریک ہوں جو ظاہر ہوگی اِس لیے مَیں بزرگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ
2 خدا کے اُس گلّے کی گلّہبانی کریں جو آپ کے سپرد کِیا گیا ہے۔ خدا کے حضور نگہبانوں کے طور پر خدمت کریں* لیکن مجبوری سے نہیں بلکہ خوشی سے؛ فائدہ حاصل کرنے کے لالچ سے نہیں بلکہ شوق سے؛
3 خدا کی ملکیت پر حکم چلانے سے نہیں بلکہ گلّے کے لیے مثال قائم کرنے سے۔
4 اور جب عظیم چرواہا ظاہر ہوگا تو آپ کو ایک شاندار تاج ملے گا جو کبھی خراب نہیں ہوگا۔
5 اِسی طرح جوان آدمی بھی بزرگوں کے تابع رہیں۔ آپ سب ایک دوسرے کے ساتھ خاکساری سے پیش آئیں* کیونکہ خدا مغروروں کی مخالفت کرتا ہے لیکن خاکساروں کو عظیم رحمت عطا کرتا ہے۔
6 اِس لیے خاکسار بنیں اور خدا کے زورآور ہاتھ کے نیچے رہیں تاکہ وقت آنے پر وہ آپ کو عزت دے۔
7 اپنی ساری پریشانیاں اُس پر ڈال دیں کیونکہ اُس کو آپ کی فکر ہے۔
8 ہوشوحواس قائم رکھیں! چوکس رہیں! آپ کا دُشمن، اِبلیس ایک دھاڑتے ہوئے ببر شیر کی طرح گھوم رہا ہے اور کسی کو پھاڑ کھانے کا موقع ڈھونڈ رہا ہے۔
9 لیکن ڈٹ کر اُس کا مقابلہ کریں اور مضبوط ایمان رکھیں۔ یاد رکھیں کہ پوری دُنیا میں آپ کے ہمایمان* اِسی طرح کی مصیبتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
10 مگر جب آپ تھوڑی دیر کے لیے تکلیف اُٹھا لیں گے تو خدا جو عظیم رحمت کا مالک ہے اور جس نے آپ کو مسیح کے ذریعے اپنی ابدی عظمت میں بلایا ہے، وہ آپ کی اچھی طرح تربیت کر لے گا۔ وہ آپ کو مضبوط بنائے گا۔ وہ آپ کو طاقت بخشے گا۔ وہ آپ کو قائم کرے گا۔
11 اُس کی قدرت ہمیشہ تک رہے۔ آمین۔
12 مَیں نے سِلوانُس* کے ذریعے جو میرے نزدیک ایک وفادار بھائی ہیں، آپ کو یہ مختصر سا خط لکھا ہے تاکہ آپ کی حوصلہافزائی کروں اور خلوص سے گواہی دوں کہ یہی خدا کی عظیم رحمت ہے۔ اِس کے سائے میں رہیں۔
13 وہ جو بابل میں ہے اور آپ کی طرح چُنی ہوئی ہے، آپ کو سلام کہہ رہی ہے۔ میرا بیٹا مرقس بھی آپ کو سلام بھیج رہا ہے۔
14 گلے مل کر* ایک دوسرے کا خیرمقدم کریں اور یوں محبت ظاہر کریں۔
دُعا ہے کہ آپ سب جو مسیح میں متحد ہیں، سلامت رہیں۔
فٹ نوٹس
^ یا ”بڑے دھیان سے گلّے کی دیکھبھال کریں“
^ یونانی میں: ”خاکساری کی پیٹی باندھیں“
^ یونانی میں: ”آپ کی برادری“
^ یعنی سیلاس
^ یونانی میں: ”بوسہ دے کر“