1-یوحنا 5:1-21
5 جس شخص کو یقین ہے کہ یسوع، مسیح ہیں، وہ خدا سے پیدا ہوا ہے۔ جو شخص پیدا کرنے والے سے محبت کرتا ہے، وہ اُس سے بھی محبت کرتا ہے جو اُس سے پیدا ہوا ہے۔
2 ہم جانتے ہیں کہ ہم خدا کے بچوں سے محبت کرتے ہیں کیونکہ ہم خدا سے محبت کرتے ہیں اور اُس کے حکموں پر عمل کرتے ہیں۔
3 خدا سے محبت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُس کے حکموں پر عمل کریں اور اُس کے حکم ہمارے لیے بوجھ نہیں ہیں۔
4 کیونکہ جو شخص* خدا سے پیدا ہوا ہے، وہ دُنیا پر غالب آتا ہے۔ اور جس چیز کے ذریعے ہم دُنیا پر غالب آئے ہیں، وہ ہمارا ایمان ہے۔
5 کون سا شخص دُنیا پر غالب آ سکتا ہے؟ کیا وہی نہیں جو ایمان رکھتا ہے کہ یسوع، خدا کے بیٹے ہیں؟
6 یسوع مسیح وہی ہیں جو پانی اور خون کے ذریعے آئے۔ وہ نہ صرف پانی کے ساتھ آئے بلکہ پانی اور خون دونوں کے ساتھ۔ اور روح اِس بات کی گواہی دیتی ہے کیونکہ روح سچی ہے۔
7 کیونکہ تین چیزیں ہیں جو گواہی دیتی ہیں:
8 روح، پانی اور خون۔ اور تینوں ایک ہی بات کی گواہی دیتی ہیں۔
9 اگر ہم اِنسانوں کی گواہی قبول کرتے ہیں تو خدا کی گواہی تو اِس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ کیونکہ خدا خود اپنے بیٹے کے بارے میں گواہی دیتا ہے۔
10 جو شخص خدا کے بیٹے پر ایمان لاتا ہے، وہ اُس کی گواہی کو قبول کرتا ہے۔ جو شخص خدا پر یقین نہیں کرتا، وہ اُسے جھوٹا بناتا ہے کیونکہ وہ اُس گواہی پر ایمان نہیں لایا جو خدا نے اپنے بیٹے کے بارے میں دی ہے۔
11 اور خدا کی گواہی یہ ہے کہ اُس نے ہمیں ہمیشہ کی زندگی دی ہے اور یہ زندگی اُس کے بیٹے کے ذریعے سے ہے۔
12 جو شخص بیٹے کو قبول کرتا ہے، اُس کے پاس یہ زندگی ہے۔ جو شخص خدا کے بیٹے کو قبول نہیں کرتا، اُس کے پاس یہ زندگی نہیں ہے۔
13 مَیں آپ لوگوں کو جو خدا کے بیٹے کے نام پر ایمان رکھتے ہیں، یہ باتیں اِس لیے لکھ رہا ہوں کہ آپ جان لیں کہ آپ کے پاس ہمیشہ کی زندگی ہے۔
14 اور ہمیں اُس پر یہ اِعتماد ہے کہ* ہم اُس کی مرضی کے مطابق جو کچھ مانگیں گے، وہ ہماری سنے گا۔
15 اور چونکہ ہم جانتے ہیں کہ چاہے ہم کچھ بھی مانگیں، وہ ہماری سنتا ہے اِس لیے ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہمیں وہ چیزیں ملیں گی جو ہم نے مانگی ہیں کیونکہ ہم نے یہ چیزیں اُس سے مانگی ہیں۔
16 اگر ایک شخص دیکھتا ہے کہ اُس کا بھائی ایک ایسا گُناہ کر رہا ہے جس کا انجام موت نہیں ہے تو وہ اُس کی خاطر دُعا کرے اور خدا اُسے زندگی دے گا۔ ہاں، وہ اُن کو زندگی دے گا جو ایسے گُناہ کرتے ہیں جن کا انجام موت نہیں ہے۔ لیکن ایک ایسا گُناہ ہے جس کا انجام موت ہے۔ مَیں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ اُن لوگوں کے لیے دُعا کریں جو اِس طرح کا گُناہ کرتے ہیں۔
17 ہر طرح کی بُرائی گُناہ ہے۔ لیکن ایک ایسا گُناہ ہے جس کا انجام موت نہیں ہے۔
18 ہم جانتے ہیں کہ جو شخص خدا سے پیدا ہوا ہے، وہ عادتاً گُناہ نہیں کرتا۔ لیکن وہ جو خدا سے پیدا ہوا ہے،* اُس کی حفاظت کرتا ہے اور اِس لیے شیطان* اُسے اپنے قابو میں نہیں کر سکتا۔
19 ہم جانتے ہیں کہ ہم خدا سے ہیں لیکن پوری دُنیا شیطان* کے قبضے میں ہے۔
20 ہم جانتے ہیں کہ خدا کا بیٹا آیا اور اُس نے ہمیں سمجھ* عطا کی تاکہ ہم اُس کے بارے میں علم حاصل کر سکیں جو سچا ہے۔ اور ہم اُس سچے کے ساتھ اُس کے بیٹے یسوع مسیح کے ذریعے متحد ہیں۔ وہی سچا خدا اور ہمیشہ کی زندگی ہے۔
21 پیارے بچو، بُتوں سے کنارہ کریں۔
فٹ نوٹس
^ یونانی میں: ”جو کچھ“
^ یا ”اور ہم اُس سے دلیری سے بات کر سکتے ہیں کیونکہ“
^ یعنی خدا کا بیٹا یسوع مسیح
^ یونانی میں: ”بُری ہستی“
^ یونانی میں: ”بُری ہستی“
^ یونانی میں: ”سوچنے سمجھنے کی صلاحیت“