تواریخ کی دوسری کتاب 11:1-23
11 جب رحبُعام یروشلم پہنچا تو اُس نے فوراً یہوداہ اور بِنیامین کے گھرانے سے 1 لاکھ 80 ہزار ماہر* جنگجوؤں کو اِکٹھا کِیا تاکہ وہ اُس کی بادشاہت کو بحال کرنے کے لیے اِسرائیل سے لڑیں۔
2 پھر سچے خدا کے بندے سِمعیاہ پر یہوواہ کا یہ کلام نازل ہوا:
3 ”یہوداہ کے بادشاہ سلیمان کے بیٹے رحبُعام اور یہوداہ اور بِنیامین کے سب اِسرائیلیوں سے کہو:
4 ”یہوواہ نے فرمایا ہے: ”تُم اپنے بھائیوں سے جنگ کرنے نہ جاؤ۔ تُم میں سے ہر ایک اپنے اپنے گھر لوٹ جائے کیونکہ یہ سب میری طرف سے ہوا ہے۔“““ وہ یہوواہ کی بات مان کر واپس چلے گئے اور یرُبعام کے خلاف نہیں گئے۔
5 رحبُعام یروشلم میں رہتا تھا اور اُس نے یہوداہ میں فصیلدار شہر بنائے۔
6 اُس نے یہ شہر بنائے:* بیتلحم، عیطام، تقوع،
7 بیتصُور، شوکو، عدُلّام،
8 جات، مریسہ، زِیف،
9 ادوریم، لکیس، عزیقہ،
10 صُرعہ، ایالون اور حِبرون۔ یہ یہوداہ اور بِنیامین کے فصیلدار شہر تھے۔
11 اِس کے علاوہ اُس نے فصیلدار جگہوں کو مضبوط کِیا اور اُن میں سپہسالار تعینات کیے اور اُنہیں کھانا، تیل اور مے مہیا کی۔
12 اُس نے سب شہروں کو بڑی ڈھالیں اور نیزے فراہم کیے۔ اُس نے اُنہیں بہت زیادہ مضبوط کِیا اور یہوداہ اور بِنیامین پر اُس کی حکمرانی رہی۔
13 سارے اِسرائیل سے کاہن اور لاوی رحبُعام کا ساتھ دینے کے لیے اپنے اپنے علاقوں سے آ گئے۔
14 لاوی اپنی چراگاہیں اور اپنی جائیداد چھوڑ کر یہوداہ اور یروشلم میں آ گئے کیونکہ یرُبعام اور اُس کے بیٹوں نے اُنہیں کاہنوں کے طور پر یہوواہ کی خدمت کرنے کی ذمےداری سے ہٹا دیا تھا۔
15 پھر یرُبعام نے اُونچی جگہوں، بکرانما دیوتاؤں* اور اُن بچھڑوں کے لیے اپنے کاہن مقرر کیے جو اُس نے بنائے تھے۔
16 اِسرائیل کے سب قبیلوں کے جن لوگوں نے اپنے دل میں اِسرائیل کے خدا یہوواہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا عزم کِیا ہوا تھا، وہ کاہنوں اور لاویوں کے پیچھے یروشلم گئے تاکہ اپنے باپدادا کے خدا یہوواہ کے حضور قربانی پیش کریں۔
17 تین سال تک اُنہوں نے یہوداہ کی سلطنت کو مضبوط کِیا اور سلیمان کے بیٹے رحبُعام کا ساتھ دیا۔ وہ تین سال تک اُسی راہ پر چلتے رہے جس پر داؤد اور سلیمان چلے تھے۔
18 پھر رحبُعام نے داؤد کے بیٹے یریموت کی بیٹی محالات سے شادی کر لی۔ محالات کی والدہ کا نام ابیخیل تھا جو یسی کے بیٹے اِلیاب کی بیٹی تھیں۔
19 کچھ وقت بعد اُن سے رحبُعام کے یہ بیٹے پیدا ہوئے: یعوس، سِمریاہ اور زہم۔
20 محالات کے بعد رحبُعام نے ابیسلوم کی نواسی معکہ سے شادی کر لی۔ کچھ وقت بعد معکہ سے رحبُعام کے یہ بچے پیدا ہوئے: ابییاہ، عتّی، زِیزا اور سِلومیت۔
21 رحبُعام ابیسلوم کی نواسی معکہ سے اپنی باقی سب بیویوں اور حرموں سے زیادہ پیار کرتا تھا۔ اُس کی 18 بیویاں اور 60 حرمیں تھیں اور اُس کے 28 بیٹے اور 60 بیٹیاں پیدا ہوئیں۔
22 رحبُعام نے معکہ کے بیٹے ابییاہ کو اُس کے بھائیوں کا سربراہ اور رہنما مقرر کِیا کیونکہ وہ اُسے بادشاہ بنانا چاہتا تھا۔
23 لیکن رحبُعام نے سمجھداری سے کام لیتے ہوئے اپنے کچھ بیٹوں کو یہوداہ اور بِنیامین کے سب علاقوں کے فصیلدار شہروں میں بھیج دیا* اور اُنہیں بڑی مقدار میں خوراک دی اور بہت سی عورتوں سے اُن کی شادیاں کرائیں۔
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”چُنے ہوئے“
^ یا ”مضبوط کیے:“
^ لفظی ترجمہ: ”بکروں“
^ یا ”بکھیر دیا“